جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اٹلی کے ڈاک خانے میں لفافے سے 7 زندہ سانپ نکل آئے


اٹلی کے شہر نیپلز میں ڈاک کی معمول کی چیکنگ کے دوران ایک مشکوک لفافے سے 7 زندہ سانپ برآمد ہوئے، جنہیں عام سامان ظاہر کرکے بغیر کسی حفاظتی انتظام کے منتقل کیا جا رہا تھا۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق اطالوی حکام نے نیپلز کے ایک ڈاک خانے میں ایک گدے دار لفافے کی تلاشی لی تو اس میں سے کارن اسنیک نسل کے 7 زندہ سانپ برآمد ہوئے،لفافے میں مو جود سانپوں کو درجہ حرارت برقرار رکھنے کے لیے کسی قسم کی تھرمل پروٹیکشن فراہم نہیں کی گئی تھی۔


اطالوی پولیس کے مطابق کارابینیری فورس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں اہلکار وں کو لفافہ کھول کر سانپوں کو باہر نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔


یہ سانپ زہریلے نہیں اور انسانوں کے لیے خطرہ بھی نہیں تھے، تاہم نامناسب حالات میں بند کرکے منتقل کیے جانے کے باعث ان کے جسم کا درجہ حرارت خطرناک حد تک کم ہوگیا تھا اور وہ ہائپوتھرمیا کا شکار تھے،حکام نے تمام سانپوں کو تحویل میں لےکروائلڈ لائف بحا لی مرکز منتقل کر دیا ہے، جہاں ان کی دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔


دوسری جانب پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر سا نپوں کی ترسیل میں ملوث افراد کی شناخت کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔