جمعرات، 26 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ون ڈش کی پابندی، جہیز اور فضول رسومات پر کیا ایکشن ؟تحریر: غنی محمود قصوری

نقطہ نظر
ghani mahmood kasuri

شادیوں کا سیزن چل رہا ہے اس موقع پر میں حکومت اور متعلقہ اداروں کی توجہ ایک اہم معاملے کی طرف مبذول کروانا چاہتا ہوں حکومت کی جانب سے شادی بیاہ کی تقریبات میں ون ڈش کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے

اصولی طور پر فضول خرچی کی حوصلہ شکنی اچھی بات ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا شادی بیاہ میں فضول خرچی صرف کھانے کی ایک سے زیادہ ڈشیں رکھنے سے ہی ہوتی ہے؟


اسلام میں مہمان کی عزت اس کی خاطر تواضع اور اسے اچھا کھانا کھلانے کی ترغیب دی گئی ہے لیکن دوسری طرف فضول خرچی سے بھی منع کیا گیا ہے

لہٰذا اعتدال ضروری ہے میری رائے میں حکومت کو صرف ون ڈش پر توجہ دینے کے بجائے شادی بیاہ کے ان تمام معاملات کو بھی دیکھنا چاہیے جو ایک عام اور متوسط طبقے کے والدین کے لیے مالی بوجھ بن چکے ہیں


مہمان نوازی کے متعلق نبی کریم ﷺ کی حدیث


حضرت ابو شریح کعبی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا


مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ فَلْيُكْرِمْ ضَيْفَهُ، جَائِزَتُهُ يَوْمٌ وَلَيْلَةٌ، وَالضِّيَافَةُ ثَلَاثَةُ أَيَّامٍ

ترجمہ ۔جو شخص اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے، اسے چاہیے کہ اپنے مہمان کی عزت و تکریم کرے مہمان کی خصوصی ضیافت ایک دن اور ایک رات ہے جبکہ مہمان نوازی 3 دن تک ہے جبکہ آجکل میرج ہال شادیوں میں تو مہمان ہوتا ہی دو سے چار گھنٹوں کیلئے ہے چاہے وہ بیچارہ 6 گھنٹے کا سفر ہی کیوں نا کرکے آیا ہو


اب ذرا فضول خرچی کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات بھی ملاحظہ کریں


حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا


إِنَّ اللَّهَ يَرْضَى لَكُمْ ثَلَاثًا وَيَكْرَهُ لَكُمْ ثَلَاثًا ... وَيَكْرَهُ لَكُمْ ... إِضَاعَةَ الْمَالِ


ترجمہ۔۔ بے شک اللہ تعالیٰ تمہارے لیے 3 باتیں پسند فرماتا ہے اور 3 باتیں ناپسند فرماتا ہے، جن میں مال ضائع کرنا بھی شامل ہے


ایک دوسری روایت میں بھی رسول اللہ نے مال ضائع کرنے کو ناپسندیدہ قرار دیا ہے


یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ شادی بیاہ کے نام پر لاکھوں روپیہ کی غیر ضروری تقریبات، نمود و نمائش، مہنگے لباس، بے جا سجاوٹ اور کھانے کے ضیاع پر کیا یہ تعلیمات لاگو نہیں ہوتیں؟ اگر مال ضائع کرنا ناپسندیدہ ہے تو پھر اس کا اطلاق صرف کھانے کی ڈشوں تک محدود کیوں رکھا گیا؟


حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا


مَنْ تَشَبَّهَ بِقَوْمٍ فَهُوَ مِنْهُمْ


ترجمہ۔..جس نے کسی قوم کی مشابہت اختیار کی

وہ انہی میں سے ہے


احادیث بیان کرکے سب سے پہلے جہیز کی بات کر لیتے ہیں

اسلام نے بیٹی کے والدین پر جہیز فراہم کرنا لازم نہیں کیا

نکاح میں مہر شوہر کی ذمہ داری ہے نہ کہ دلہن کے والدین کی مگر اس کے باوجود ہمارے معاشرے میں جہیز ایک ایسی رسم بن چکا ہے جس نے بیٹیوں کے والدین کو پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے

کہیں فرنیچر، کہیں زیورات، کہیں گھریلو سامان اور کہیں گاڑی تک کی ڈیمانڈ کی جاتی ہے

بعض خاندان اپنی حیثیت سے بڑھ کر قرض لے کر یہ سب کچھ فراہم کرتے ہیں صرف اس لئے کہ معاشرے کی بنائی ہوئی نام نہاد عزت برقرار رہے اور بیٹی کا گھر بستا رہے


حکومت اگر واقعی شادیوں کے اخراجات کم کرنا چاہتی ہے تو جہیز کے مطالبات اور اس کے نام پر ہونے والی نمائش کے خلاف بھی مؤثر اقدامات کرے

ایک ایسی حد مقرر کی جائے جس سے کسی خاندان پر غیر ضروری مالی دباؤ نہ پڑے اور بیٹی کی شادی والدین کے لیے آزمائش نہ بنے


دوسری طرف شادی بیاہ کی رسومات کا سلسلہ ہے

شادی سے 7، 8، 10 بلکہ 15 دن پہلے تقریبات شروع ہو جاتی ہیں اور شادی کے بعد بھی ختم ہونے کا نام نہیں لیتیں

مایوں، مہندی اور دیگر ناموں سے مختلف تقریبات منعقد کی جاتی ہیں جن میں کھانے، لباس، سجاوٹ اور دیگر انتظامات پر ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں روپیہ خرچ کیے جاتے ہیں


یہ سلسلہ بعض اوقات بیٹی کی شادی کے بعد بھی ختم نہیں ہوتا

جب اللہ تعالیٰ کسی بیٹی کو امید سے کرتا ہے تو اس وقت سے لے کر بچے کی پیدائش تک مختلف رسم و رواج شروع ہو جاتے ہیں جو بیٹی کے والدین پر لازم قرار دیئے جاتے ہیں

ایک اسلامی فرض نکاح کے ہر موقع پر نئی تقریب، نیا خرچہ اور نئی ذمہ داری آخر ایک عام آدمی یہ سب اخراجات کہاں سے پورے کرے؟


حکومت نے ون ڈش کی پابندی لگائی ہے تو ان رسومات پر ہونے والے غیر ضروری اخراجات کو بھی دیکھے جس طرح شادی بیاہ میں ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائی کی گئی اور اس رسم کی حوصلہ شکنی ہوئی جو یقیناً خوش آئند اقدام ہے اسی طرح دیگر غیر ضروری رسومات کے خاتمے کے لئے بھی عملی اقدامات کئے جائیں


ایک اور مسئلہ ان لوگوں کا ہے جو میرج ہال کے بجائے اپنے گھروں میں شادی کی تقریبات منعقد کرتے ہیں

یہ ان کا حق ہے لیکن بعض لوگ پورے محلے کو سر پر اٹھا لیتے ہیں

تیز آواز میں میوزک لگایا جاتا ہے، رات گئے تک شور شرابا جاری رہتا ہے اور محلے کے بزرگوں، مریضوں، بچوں اور دیگر رہائشیوں کی نیند اور سکون برباد ہوتا ہے شادی خوشی کا موقع ضرور ہے لیکن کسی دوسرے شہری کے سکون اور حقوق پامال کرنے کا لائسنس نہیں


دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر حکومت کی ون ڈش پابندی کی وجہ سے کوئی خرچہ کم ہوتا ہے تو بعض لوگ اس کی کسر مایوں اور مہندی کی تقریبات میں نکال لیتے ہیں وہاں بھی اچھے اچھے کھانے پیش کئے جاتے ہیں

مہمانوں کی بڑی تعداد بلائی جاتی ہے اور خوب پیسہ خرچ ہوتا ہے

پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ون ڈش کی پابندی کا مقصد واقعی شادی کے مجموعی اخراجات کم کرنا ہے یا صرف ایک تقریب کے کھانے تک محدود رہنا ہے؟


حکومت کو چاہیے کہ ولیمے کی سنت کو فروغ دینے کے لئے بھی عملی منصوبہ بندی کرے

بارات کے ساتھ آنے والے مہمانوں کی تعداد مناسب حد تک محدود کرنے کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ دلہن اور اس کے اہل خانہ پر بھی غیر ضروری بوجھ نہ پڑے

شادی کو آسان بنایا جائے، نہ کہ اسے خاندانوں کے لئے مالی مقابلہ بنا دیا جائے


مگر یہاں تو الٹی گنگا بہہ رہی ہے جن چیزوں سے معاشرے کو بچانے کی ضرورت ہے ان پر کوئی خاص توجہ نہیں جبکہ جس کام کی اسلام اجازت دیتا ہے یعنی ولیمہ اور مہمانوں کی خاطر تواضع اور کھانا کھلانا اسی پر سخت پابندی لگا دی گئی ہے

دوسری طرف جہیز اور غیر ضروری رسم و رواج ہیں جنہوں نے لوگوں کی زندگی مشکل بنا رکھی ہے وہ بدستور جاری ہیں


میری حکومت سے مؤدبانہ مگر پُرزور اپیل ہے کہ خدارا شادی بیاہ کے معاملات میں یکساں پالیسی اپنائی جائے ون ڈش کی پابندی پر عمل درآمد کروانا ہے تو جہیز کے مطالبات، غیر ضروری رسومات، بے جا تقریبات اور رات گئے تک شور شرابے کے خلاف بھی اقدامات کئے جائیں

ہوائی فائرنگ کے خلاف کارروائی خوش آئند ہے اسی طرح ان معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے بھی سنجیدگی دکھائی جائے


ہم ایک اسلامی ملک میں رہتے ہیں کوئی غیر اسلامی ملک نہیں

اگر حکومت نے اسلامی معاشرت اور سادگی کو سامنے رکھتے ہوئے ون ڈش کی پابندی لگائی ہے تو پھر اسی اسلامی اصول کے تحت جہیز اور غیر ضروری رسم و رواج کے خاتمے پر بھی توجہ دینی ہوگی


شادی کو آسان بنائیں، والدین پر بوجھ نہ بنائیں خوشی کے نام پر خاندانوں کو قرضوں اور معاشرتی دباؤ میں مبتلا کرنا کہاں کی دانش مندی ہے؟