تاریخِ انسانی کے اوراق جب بھی عظمت، صداقت، وفا اور ایثار کے تذکروں سے مزین ہوتے ہیں تو انبیاء و رسل علیہم السلام کے مقدس قافلے کے فوراً بعد جو سب سے روشن، تابناک اور بلند وبالا نام ابھر کر سامنے آتا ہے، وہ جانشینِ مصطفیٰ، یارِ غار و مزار، رمز شناسِ نبوت، فدائے ذاتِ نبی، پروانہ رخِ زیبائے مصطفیٰ، پاکیزہ و منزہ، معطر و منور صدیقِ اکبر، خلیفۃ المومنین سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا ہے۔ آپ کائنات کی سب سے مقدس ترین ہستی کے سب سے قریب ترین دوست، پہلے خلیفہ راشد اور امتِ محمدیہ کے سب سے افضل و اعلیٰ فرد ہیں۔ مردوں میں سب سے پہلے دعوتِ حق پر لبیک کہنے والے، حضورِ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیاتِ طیبہ ہی میں آپ کے مصلے پر کھڑے ہو کر امامت کا شرف حاصل کرنے والے اور ایمان والوں کے امیرِ اول سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا یومِ وصال اسی مبارک مہینے میں آتا ہے جو ہمیں آپ کی حیاتِ طیبہ اور کارناموں پر غور و فکر کرنے کی دعوت دیتا ہے۔
سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی فضیلت اور مقامِ رفیع کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ خود سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کے بارے میں ارشاد فرمایا: اگر میں اپنے رب کے سوا کسی کو اپنا خلیل (گہرا دوست) بناتا تو یقیناً ابوبکر کو بناتا، لیکن وہ میرے بھائی اور میرے ساتھی ہیں۔
یہ وہ اعزاز ہے جو کسی اور کے حصے میں نہ آ سکا۔ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال نے اس والہانہ عشق اور تعلق کو کیا خوبصورت انداز میں بیان کیا ہے:
پروانے کو چراغ ہے بلبل کو پھول بس
صدیق کے لیے ہے خدا کا رسول بس
آپ کی صداقت اور تصدیقِ نبوت کا عالم یہ تھا کہ جب مکہ کی سنگلاخ وادیوں میں دعوتِ اسلام کا آغاز ہوا اور ہر طرف سے مخالفت کے طوفان اٹھنے لگے، تو آپ نے بغیر کسی تردد یا تامل کے اسلام قبول کیا۔ حضورِ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود اس حقیقت کا اعتراف ان الفاظ میں فرمایا کہ جب اللہ نے مجھے تمہاری طرف مبعوث فرمایا تو لوگوں نے تامل کیا، صرف ابوبکر نے کہا کہ آپ سچے ہیں۔ یہی نہیں، ابوبکر نے اپنی جان اور مال سے میری بھرپور مدد کی، تو کیا تم میری خاطر میرے اس ساتھی کو چھوڑ دو گے؟ تاریخ گواہ ہے کہ جب مکہ میں حق کا اظہار کرنا جان جوکھوں میں ڈالنے کے مترادف تھا، تب سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہی تھے جنہوں نے بیت اللہ کے صحن میں کھڑے ہو کر سرِعام اعلانِ حق کیا اور کفارِ مکہ کے ظلم و ستم کو خندہ پیشانی سے برداشت کیا۔
عشقِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم آپ کی رگ و پے میں اس قدر سرایت کر چکا تھا کہ آپ کی زندگی کا ہر لمحہ سنتِ نبوی کے سانچے میں ڈھلا ہوا نظر آتا تھا۔ یہاں تک کہ قدرت نے بھی اس محبت کی لاج رکھی اور آپ کو دنیا میں اتنی ہی عمر عطا فرمائی جتنی آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پائی، یعنی تریسٹھ (63) برس۔ آپ کے وصال کے وقت خلیفہ چہارم مولا علی کرم اللہ وجہہ الکریم نے نہایت رقت آمیز اور تاریخی الفاظ میں آپ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے فرمایا: اے ابوبکر! اللہ آپ پر رحمت فرمائے۔ آپ تمام لوگوں میں سب سے پہلے اسلام لانے والے، ایمان میں سب سے زیادہ پختہ، یقین میں سب سے زیادہ کامل، مال کے اعتبار سے سب سے زیادہ سخی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سب سے زیادہ حفاظت کرنے والے تھے۔ آپ رسولِ خدا کے بہترین دوست تھے اور عادت و اطوار، راست بازی، وقار اور فضل و بزرگی میں رسولِ خدا سے سب سے زیادہ مشابہت رکھتے تھے۔
ہجرتِ مدینہ کا پرخطر سفر ہو یا غارِ ثور کی تاریک راتیں، سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی وفا ہر قدم پر تاریخ رقم کرتی نظر آتی ہے۔ جب مشرکینِ مکہ کے مظالم حد سے بڑھ گئے اور حکمِ الٰہی سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مکہ سے ہجرت کرنا پڑی، تو اس کٹھن گھڑی میں بھی ہمسفر صدیقِ اکبر ہی تھے۔ قرآنِ مجید نے اس رفاقت کو ہمیشہ کے لیے امر کر دیا جب سورۃ التوبہ میں ثَانِيَ اثْنَيْنِ إِذْ هُمَا فِي الْغَارِ (دو میں سے دوسرا جب وہ دونوں غار میں تھے) کی آیت نازل ہوئی۔ غارِ ثور کے دہانے پر جب دشمنوں کے قدموں کی آہٹ سنائی دی تو آپ کو اپنی جان کی نہیں بلکہ محبوبِ خدا کی سلامتی کی فکر لاحق تھی۔ اس پر رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: لا تحزن ان اللہ معنا (غم نہ کر، بے شک اللہ ہمارے ساتھ ہے)۔ یہی وہ مبارک سفر تھا جب راستے کی دشواریوں اور پتھریلے راستوں کی وجہ سے حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاؤں مبارک زخمی ہو گئے، تو خدا کے محبوب نے جن کے شانوں کو سواری کے لیے شرفِ قبولیت بخشا، وہ بھی صدیقِ اکبر ہی تھے۔ اس لازوال رفاقت کا صلہ دیتے ہوئے حضورِ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے بشارت دی: اے ابوبکر! تم حوضِ کوثر پر بھی میرے رفیق ہو اور تم غار میں بھی میرے رفیق تھے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد جب امت ایک شدید بحران اور اضطراب کی کیفیت سے دوچار تھی، تو یہ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی ہی بصیرت، استقامت اور تدبر تھا جس نے بکھرتی ہوئی امت کو سنبھالا۔ آپ نے تاریخ ساز خطبہ دیتے ہوئے فرمایا کہ جو شخص محمد (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی عبادت کرتا تھا وہ جان لے کہ آپ کا وصال ہو چکا ہے، اور جو اللہ کی عبادت کرتا ہے تو اللہ ہمیشہ زندہ رہنے والا ہے جسے کبھی موت نہیں آئے گی۔ آپ نے اپنے مختصر مگر سنہری دورِ خلافت میں فتنہ ارتداد کا قلع قمع کیا، منکرینِ زکوٰۃ کے خلاف جہاد کر کے اسلامی معاشی نظام کی بنیادوں کو تحفظ فراہم کیا، جھوٹے مدعیانِ نبوت کا سر کچلا اور قرآنِ مجید کو یکجا کر کے امت پر ایک ایسا احسانِ عظیم کیا جو قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔
اب ذرا ہم اپنے گریبان میں جھانکیں اور اپنے اردگرد کے حالات کا جائزہ لیں۔ ہم نے اس خطہ ارضی کو اسلام کے نام پر حاصل کیا اور اس کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھا۔ ہم نے بڑے فخر سے پاکستان کو مدینہ ثانی کا لقب دیا۔ یہ ریاست لا الہ الا اللہ کے مقدس نعرے اور نظریے کی بنیاد پر قائم کی گئی تھی، لیکن آج پون صدی گزر جانے کے بعد ہم خود سے یہ سوال پوچھنے پر مجبور ہیں کہ کیا ہم نے اسلامی ریاست کے ان چمکتے دمکتے ستاروں کی سیرت سے کچھ سیکھا؟ کیا ہمارے موجودہ نظامِ حکومت، عدالتی ڈھانچے اور معاشرتی رویوں میں ذرا برابر بھی خلافتِ راشدہ اور صدیقِ اکبر کے دور کی شبیہ نظر آتی ہے؟
تاریخ گواہ ہے کہ جب سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ خلیفہ منتخب ہوئے تو آپ حسبِ معمول کپڑے کی گٹھڑی سر پر رکھ کر بازار کی طرف چل پڑے تاکہ اپنے اہل و عیال کا پیٹ پال سکیں۔ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے جب آپ کو روکا اور بیت المال سے وظیفہ مقرر کرنے کی تجویز دی، تو آپ نے مدینہ کے ایک عام مزدور کی اجرت کے برابر وظیفہ قبول کیا۔ آج ہم اپنے حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ کیا انہوں نے صدیقِ اکبر کی اس سنت پر عمل کرتے ہوئے اپنا وظیفہ ایک عام مزدور کے برابر مقرر کیا ہے؟ کیا ہمارے حکمران صدیقِ اکبر کی طرح اقتدار کی مسند پر بیٹھنے کے بعد اپنے ذاتی کاروبار اور تجارتی مفادات کو ترک کرنے کے لیے تیار ہیں؟ کیا ہمارے حکمرانوں میں اتنی اخلاقی جرات ہے کہ وہ مسندِ اقتدار پر کھڑے ہو کر عوام سے کہیں کہ اگر میں سیدھے راستے پر چلوں تو میری مدد کرو اور اگر ٹیڑھا ہو جاؤں تو مجھے سیدھا کر دو؟ کیا وہ خود کو قانون اور احتساب کے کٹہرے میں پیش کرنے کے لیے تیار ہیں؟
المیہ یہ ہے کہ ہم نے اسلام کے معاشی اور سماجی اصولوں کو بھی پسِ پشت ڈال دیا ہے۔ سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے زکوٰۃ کے نظام کو بچانے کے لیے تلوار اٹھائی تھی، جبکہ ہم نے سود کی لعنت کو گلے لگا کر زکوٰۃ اور عدلِ اجتماعی کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ ہم صدیقِ اکبر کو مانتے ضرور ہیں، لیکن ان کی "نہیں مانتے۔ آج ہمارے معاشرے کا یہ دوہرا معیار بن چکا ہے کہ ایوانِ اقتدار میں بیٹھے حکمران سے لے کر گلی کوچوں میں محنت مزدوری کرنے والے ریڑھی بان تک ہر شخص ان کی شان میں قصیدے پڑھتا ہے، ان کی عظمت کا اعتراف کرتا ہے اور ان کی بے پناہ تعظیم کرتا ہے، لیکن جب عملی زندگی میں ان کے نقشِ قدم پر چلنے اور ان کی تقلید کرنے کی باری آتی ہے تو ہر کوئی دامن بچاتا نظر آتا ہے۔ ہم نے دین کو محض زبانی جمع خرچ اور نعروں تک محدود کر دیا ہے، جبکہ سیرتِ صحابہ کا اصل پیغام عمل، ایثار، دیانت اور تقویٰ ہے۔
اگر ہمیں اس دنیائے فانی میں اپنا کھویا ہوا وقار اور مقام واپس چاہیے، اگر ہم چاہتے ہیں کہ غیروں کے آگے کشکول پھیلانے اور قرضوں کی بیڑیوں میں جکڑے رہنے کے بجائے ہم اپنے پاؤں پر خود کھڑے ہوں، اور اگر ہمیں واقعی اپنی ایٹمی طاقت اور نظریاتی سرحدوں کا بھرم رکھنا ہے، تو اس کا واحد راستہ زبانی دعوؤں سے نکل کر عملی میدان میں آنا ہے۔ ہمیں سیدنا صدیقِ اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے لے کر رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آخری سچے جانثار تک کی سیرت کی حقیقی تقلید کرنی ہوگی۔ حکمرانوں کو سادگی، امانت اور جوابدہی کا پیکر بننا ہوگا اور عوام کو صداقت، دیانت اور محنت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ اسی سچی پیروی اور عملی انقلاب میں ہماری دنیاوی عزت، ملکی استحکام اور اخروی فوز و فلاح کا راز مضمر ہے۔
مزید پڑھیں





