آگاہی اطفال، اپنی حفاظت کیسے کی جائے؟تحریر: مائرہ حمزہ
نقطہ نظرسوچیے! ایک گیارہ سالہ بچہ کندھے پر بستہ رکھے اور آنکھوں میں خواب سجائے اسکول سے ہنستا ہوا نکلتا ہے اور اگلے ہی لمحے کوئی جاننے والا اسے یہ کہہ کر اپنے ساتھ لے جاتا ہے کہ بیٹا، تمہارے ابو نے بھیجا ہے۔ یہ جملہ جھوٹ بھی ہو سکتا ہے اور اس جھوٹ کی قیمت ایک بچے کی پوری زندگی بھی ہو سکتی ہے۔ یہی وہ لمحہ ہے جہاں آگاہی ایک مضمون کا موضوع نہیں رہتی، ایک زندگی کا محافظ بن جاتی ہے۔
تنظیم ساحل کی رپورٹ کروئل نمبرز دو ہزار پچیس کے مطابق پاکستان میں ایک سال، دو ہزار پچیس میں بچوں سے بدسلوکی کے تین ہزار چھ سو تیس واقعات اخبارات میں رپورٹ ہوئے، یعنی روزانہ نو سے زیادہ بچے۔ یہ اضافہ دو ہزار چوبیس کے مقابلے میں آٹھ فیصد زیادہ ہے۔ ان میں تریپن فیصد بچیاں اور سینتالیس فیصد بچے تھے۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والی عمر گیارہ سے پندرہ سال تھی، وہی عمر جب بچہ اسکول جاتا ہے، ٹیوشن جاتا ہے، اکیلے بازار جاتا ہے اور سب سے تشویشناک بات یہ ہے کہ ان واقعات میں سب سے زیادہ ملوث جاننے والے تھے، اجنبی نہیں۔ اغوا کے ایک ہزار ایک سو سات، گمشدہ بچوں کے تین سو پینسٹھ واقعات بھی اسی رپورٹ کا حصہ ہیں۔ یہ اعداد صرف اخبارات کے ہیں، جو واقعات رپورٹ ہی نہیں ہوتے، وہ اس سے زیادہ ہیں۔
عالمی سطح پر تصویر اس سے بھی زیادہ سنگین ہے۔ عالمی ادارہ صحت اور یونیسف کے مطابق دنیا میں ہر سال تقریباً ایک ارب بچے جسمانی، ذہنی یا جنسی تشدد کا سامنا کرتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق بچپن کا تشدد بڑی عمر میں ڈپریشن کے خطرے کو چھیاسٹھ فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔ اس لیے یہ کہنا کہ ہمارے بچے کے ساتھ ایسا نہیں ہو سکتا، یہ بڑی غفلت ہے۔ آگاہی وہ چراغ ہے جو طوفان سے پہلے جلایا جاتا ہے، طوفان کے بعد نہیں۔
اب سوال یہ ہے کہ بچہ اپنی حفاظت کیسے کرے؟ پہلا اصول، جسم کی زبان سمجھنا ہے۔ بچے کو سکھائیے کہ اس کا جسم اس کی ذاتی حدود ہے۔ وہ لمس جو سکون دے، جو سب کے سامنے ہو، جو محبت سے ہو، وہ محفوظ لمس ہے۔ وہ لمس جو الجھن پیدا کرے، دل دھڑکائے، شرم دلائے، جس کے بارے میں کہا جائے کہ کسی کو مت بتانا، وہ غیر محفوظ لمس ہے۔ بچے کو یہ حق دیجیے کہ وہ نہ کہہ سکے، پیچھے ہٹ سکے۔ ہمارے معاشرے میں بچے کو چپ رہنا سکھایا جاتا ہے جبکہ اسے بولنا سکھانا چاہیے۔
دوسرا اصول، جھوٹے بلاوے کو پہچاننا ہے۔ بچے کو ایک خاندانی خفیہ لفظ، ایک کوڈ ورڈ سکھائیے اگر کوئی کہے کہ تمہارے ابو نے بھیجا ہے، تو بچہ پوچھے کہ کوڈ ورڈ کیا ہے؟ اگر جواب نہ ملے تو وہ ساتھ نہ جائے، دکان میں گھس جائے، کسی محفوظ بڑے کو آواز دے۔ اسکول سے واپسی کا راستہ، دوست اور وقت سب طے شدہ ہوں۔ اجنبی کی گاڑی، تحفہ، ٹافی، موبائل، یہ سب لالچ نہیں، یہ جال ہو سکتے ہیں۔
تیسرا اصول، ڈیجیٹل حفاظت ہے۔ آج خطرہ صرف گلی میں نہیں، اسکرین کے اندر بھی ہے۔ بچہ آن لائن کسی سے بات کرتے ہوئے اپنا اصل نام، اسکول، پتہ، تصویر، پاس ورڈ ہرگز نہ دے۔ کوئی اسے ڈرائے، بلیک میل کرے، عجیب تصویر مانگے، تو وہ فوراً چیٹ بند کر کے والدین کو بتائے۔ یہاں غلطی بچے کی نہیں ہوتی، چال چلنے والے کی ہوتی ہے۔ اس لیے بچے کو ڈانٹ کر اس کا موبائل چھیننا نہیں، اس کا اعتماد جیتنا ہے۔
چوتھا اصول، بولنا ہے۔ بچے کو پانچ محفوظ لوگوں کے نام یاد کرائیں۔ امی، ابو، استاد، دادی، خالہ، جن سے وہ بغیر ڈرے ہر بات کہہ سکے۔
اگر ایک نہ سنے تو دوسرے کو بتائے، دوسرا نہ سنے تو تیسرے کو۔ اور ہم بڑوں کا فرض ہے کہ جب بچہ بولے تو ہم اس کی بات کو مذاق نہ سمجھیں، اسے جھوٹا نہ کہیں۔ پاکستان میں بچوں کے تحفظ کی مفت ہیلپ لائن ایک ہزار ایک سو اکیس ہے، گمشدہ اور اغوا بچوں کے لیے زینب الرٹ ہیلپ لائن ایک ہزار ننانوے ہے اور پولیس ہیلپ لائن پندرہ ہے۔ یہ نمبر بچے کو بھی یاد ہوں اور ماں باپ کو بھی۔
آخر میں ایک بات یاد رکھیں۔ بچے کو ڈرانا مقصد نہیں، بچے کو تیار کرنا مقصد ہے۔ جس بچے کو سننے والا گھر ملتا ہے، اسے ڈرانے والا باہر شکست نہیں دے سکتا۔ آگاہی کا مطلب ہے کہ بچہ جانے کہ وہ اکیلا نہیں، اس کی آواز کی قیمت ہے، اس کا انکار اس کی طاقت ہے۔ آئیے! ہم اپنے بچوں کو صرف کتابوں کا بوجھ نہ دیں، انہیں اپنی حفاظت کا ہنر بھی دیں کیونکہ ایک محفوظ بچہ ہی کل کا پراعتماد استاد، ڈاکٹر اور رہنما بنے گا۔





