’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘کیلئے اقوام متحدہ کا بڑا اعزاز

پنجاب حکومت کے فلیگ شپ ہاؤسنگ منصوبے ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ کو اقوام متحدہ کے انسانی آبادکاری پروگرام (یو این ہیبی ٹیٹ) کے 2026ء کے ’اسکرول آف آنر‘ ایوارڈ کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
یو این ہیبی ٹیٹ کی جانب سے 14 ستمبر کو جاری کیے گئے باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کے ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ کا انتخاب دنیا بھر سے موصول ہونے والی نامزدگیوں کے سخت مسابقتی جائزے کے بعد کیا گیا۔
اقوام متحدہ کی انڈر سیکریٹری جنرل اور یو این ہیبی ٹیٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اناکلاڈیا مارنہیرو سینٹینو روسباخ نے کہا کہ ادارے کی متفقہ رائے میں پروگرام نے کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے مناسب، محفوظ اور سستے گھروں تک رسائی بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
پھاٹا کے ڈائریکٹر جنرل خواجہ محمد ذیشان سکندر نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ادارے کو پیر کے روز یو این ہیبی ٹیٹ کی جانب سے ای میل کے ذریعے باضابطہ اطلاع موصول ہوئی اعزاز دینے کی تقریب 5 اکتوبر کو مسقط میں عالمی یومِ رہائش کے موقع پر ہوگی، جبکہ 6 سے 8 اکتوبر تک شہرِ مسقط کی جانب سے مختلف ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی، جن میں شرکا کو تجربات، معلومات اور مہارتوں کے تبادلے کا موقع ملے گا۔
پنجاب حکومت نے گزشتہ برس اس اعزاز کے لیے پروگرام کی نامزدگی حاصل کرنے کی کوششیں شروع کی تھیں، جبکہ ’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام‘ کا باقاعدہ آغاز اگست 2024 میں کیا گیا تھا,سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 10 ستمبر 2026ء تک صوبے بھر میں 2 لاکھ 72 افراد کو بلاسود قرضوں کی مد میں مجموعی طور پر 259.68 ارب روپے فراہم کیے جاچکے ہیں, یو این ہیبی ٹیٹ ایوارڈ وصول کرنے والے وفد کے لیے اکانومی کلاس فضائی ٹکٹ، رہائش اور یومیہ اخراجات بھی فراہم کرے گا۔





