پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا چوتھا دور آج ہوگا

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کے حوالے سے مذاکرات کا اہم اور چوتھا دور آج شام 6 بجے وفاقی سیکرٹریٹ (پی-بلاک) میں منعقد ہوگا۔
جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت نائب امیر لیاقت بلوچ کر رہے ہیں، جبکہ وفد میں سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا، عنایت اللہ خان، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور نوید علی بیگ شامل ہیں،دوسری جانب حکومتی مذاکراتی ٹیم کی سربراہی وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کر رہے ہیں، جن کے ساتھ رانا ثناءاللہ خان، علی پرویز ملک اور بلال اظہر کیانی مذاکرات کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اگر حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی ختم نہیں کرتی تو حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کردیئے جائیں گے حافظ نعیم الرحمن کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا ایک اور دور آج شام 6 بجے ہوگا، جبکہ آج کراچی اور کل لاہور میں بڑے جلسے بھی منعقد کیے جائیں گے جماعت اسلامی کا بنیادی مطالبہ پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کا خاتمہ ہے اور حکومت کو اس معاملے پر فیصلہ کرنا ہوگا اگر حکومت پیٹرولیم لیوی ختم کرنے پر آمادہ نہیں ہوتی تو مذاکرات کو مزید آگے بڑھانے کا کوئی جواز نہیں رہے گا جماعت اسلامی اپنے مطالبے پر قائم ہے اور مذاکرات کے آئندہ مرحلے میں بھی اسی معاملے کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے 20 لیٹر پیٹرول پر وزیراعظم کے 100 روپے فی لیٹر ریلیف کے حالیہ اعلان کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور پیٹرولیم لیوی کے مکمل خاتمے کا مطالبہ دہرایا ہے، پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں جماعت اسلامی کے دھرنے اور احتجاجی مظاہرے روزمرہ کی بنیاد پر جاری ہیں۔جماعت اسلامی نے واضح کر رکھا ہے کہ اگر لیوی کو ختم نہ کیا گیا تو 20 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب ملک گیر مارچ کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں





