بدھ، 25 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

عوام کو ان کی دہلیز پر علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنا میرا ہیلتھ مشن ہے,مریم نواز


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ 12 کروڑ عوام کو ان کی دہلیز پر علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنا میرا ہیلتھ مشن ہے-


وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے 8ویں کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کی آمد پر طالبات نے تالیاں بجا کر پرجوش خیرمقدم کیا جبکہ انہیں اکیڈمک پروسیشن کی صورت میں پنڈال میں لایا گیا۔


تقریب سے وائس چانسلر ڈاکٹر طیبہ خانم اور صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بھی خطاب کیا، جبکہ پرنسپل پروفیسر عبدالحمید نے فارغ التحصیل ڈاکٹرز سے پیشہ ورانہ خدمات کا حلف لیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ پنجاب میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی 700 نشستیں بڑھا دی گئی ہیں۔


کانووکیشن کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے نیپال سے تعلق رکھنے والی طالبہ ڈاکٹر جانو چیتری کو 20 آنرز حاصل کرنے پر خصوصی سیش اور گولڈ میڈل سے نوازا، جبکہ ڈاکٹر مریم بی بی، ماہ نور سلمان، فضہ خالد اور مریم بتول کو بھی نمایاں کارکردگی پر اعزازات دیے۔ مریم نواز شریف نے یونیورسٹی میں نیا آڈیٹوریم تعمیر کرنے اور ڈاکٹرز کے لیے مراعات و سہولیات کی فراہمی کے فوری اقدامات کا اعلان بھی کیا۔


آپ کا حلف لیتے دیکھ کر مجھے اپنا حلف یاد آ گیا جو میں نے ایک ہزار دن پہلے لیا تھا۔ میں نے کم عمری میں شادی کے بعد اپنی تعلیم مکمل کی، انگریزی ادب میں ماسٹرز کیا، حالانکہ میرے سامنے کوئی پیشہ ورانہ راستہ نہیں تھا۔ مجھے ذاتی کامیابی اور اپنی صلاحیتوں کو آگے بڑھانے کا احساس عزیز تھا۔ آپ نے ڈاکٹر کی حیثیت سے مریضوں کی جان بچانے کا حلف لیا ہے، میں نے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے ہر مریض کی جان بچانے اور ان کی بہتری کے لیے کام کرنے کا عہد کیا ہے۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پہلی ویمن میڈیکل یونیورسٹی میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ اور پہلی خاتون وائس چانسلر کا ہونا ایک بڑا اعزاز ہے یہاں نہ صرف ہمارے اپنے بچے بلکہ بیرونی ممالک کے طلبہ بھی میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موقع ملے تو پاکستان کی بیٹیاں دنیا فتح کر نے کی صلاحیت رکھتی ہیں، اگر ملک کی 51 فیصد آبادی اپنا کردار ادا نہیں کرے گی تو ترقی ممکن نہیں۔


انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ ڈاکٹر بننے کے بعد گھر بیٹھنے کے بجائے اسپیشلائزیشن اور سپر سپیشلائزیشن کریں کیونکہ پنجاب میں کارڈیک سرجن، نیورالوجسٹ اور دیگر سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسز کے لیے بھی سینٹر آف ایکسی لینس بنا رہے ہیں تاکہ وہ ملک و بیرون ملک بہترین روزگار حاصل کر سکیں۔


صحت کے شعبے میں اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا مریض کو گھر کے قریب علاج نہ ملنا نظام کی ناکامی ہے، اسی لیے پنجاب کے ہر ضلع میں نجی ہسپتالوں سے بہتر کیتھ لیب اور سٹروک سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ لیہ اور بھکر کے شہریوں کو علاج کے لیے لاہور نہ آنا پڑے۔


پنجاب میں 25 کے قریب نئی کیتھ لیبز اور کارڈیک یونٹس بن رہے ہیں۔ ملتان کا کینسر ہسپتال فعال ہو چکا ہے اور آئندہ 18 ماہ میں پنجاب کے ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں کینسر ہسپتال موجود ہوگا۔ مقصد یہ ہے کہ جنوبی یا شمالی پنجاب کے مریضوں کو علاج کے لیے لاہور نہ آنا پڑے۔ میں چاہتی ہوں کہ آپ ڈاکٹر بننے کے بعد گھر نہ بیٹھیں بلکہ آنکولوجی، کارڈیا لوجی، نیورولوجی اور دیگر ضرورت مند شعبوں میں تخصص حاصل کریں۔


انہوں نے کہا کہ سرگودھا میں سب سے بڑا کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ اور دو سال میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنایا گیا، جبکہ لاہور میں دنیا کا سب سےبڑا کینسر ہسپتال بن رہا ہےاور آئندہ 18 ماہ میں ہرڈسٹرکٹ میں کینسر ہسپتال موجو د ہوگا۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ڈین امریکا اور برطانیہ سے واپس آ کر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت نے تمام بھرتیاں سو فیصد میرٹ پر کی ہیں اور ڈاکٹرز کو کام کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔


وہاڑی، جہلم، شیخوپورہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، جھنگ اور خوشاب سمیت کئی شہروں میں کیتھ لیبز قائم ہو چکی ہیں سرگودھاڈویژن میں جہاں پہلےامراضِ قلب کےعلاج کی سہولت موجود نہیں تھی وہاں دوسال میں جدید انسٹیٹیو ٹ آف کارڈیالوجی فعال ہو چکا ہےاور لاکھوں مریضوں کا علاج کر چکا ہے۔ لاہور میں دنیا کا سب سے بڑا، ایک ہزار بسترو ں پر مشتمل جدید کینسر ہسپتال بھی تعمیر ہو رہا ہے۔


میں جانتی ہوں کہ ہر خاندان کے لیے بچوں کی تعلیم آسان نہیں ہوتی۔ والدین مالی مشکلات کے ساتھ معاشرتی پابند یوں کا بھی سامنا کرتے ہیں۔ آج بھی بیٹیوں کو پڑھانے کے بجائے ان کی شادی اور گھر سنبھالنے کی بات کی جاتی ہے۔ گھر سنبھالنا بھی ایک قابلِ احترام ذمہ داری ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ خواتین کچھ اور نہیں کر سکتیں۔ آپ اپنا پہلا سنگِ میل عبور کر چکی ہیں کسی کو اپنی صلاحیتوں کا تعین نہ کرنے دیں۔


خواتین کے تحفظ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب اب محفوظ ہے اور بچیوں کو اعتماد کے ساتھ سکو ٹی چلاتے دیکھ کرخوشی ہوتی ہےانہوں نے طالبات کو تلقین کی کہ کسی بھی قسم کی ہراسانی یابلیک میلنگ کی صور ت میں بلاخوف رپورٹ کریں، شکایت کنندہ کی شناخت صیغہ راز میں رکھنےکا نظام بنا دیا گیا ہےمزید برآں تعلیمی ادا روں، پبلک ٹرانسپورٹ اور عوامی مقامات پر‘پینک بٹن’ لگائے جا رہے ہیں، جبکہ موبائل فون ہلانے سےبھی پولیس اہلکار فو ری مدد کو پہنچ جائیں گے۔


خطاب کے اختتام پر مریم نواز شریف نے والدین، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب مل کر ملک کو لوٹائیں۔