ہمارا دوہرا معیار ، تحریر:انجینیئر علی رضوان چوہدری
نقطہ نظر
ہمارا معاشرہ عجیب تضادات کا مجموعہ بن چکا ہے۔ ہم دوسروں کے لیے الگ اصول رکھتے ہیں اور اپنے لیے الگ پیمانے۔ دوسروں کی چھوٹی سی غلطی ہمیں پہاڑ دکھائی دیتی ہے، لیکن اپنی بڑی سے بڑی غلطی بھی ہمیں معمولی محسوس ہوتی ہے۔ دوسروں کے کردار پر انگلی اٹھاتے ہوئے ہم لمحہ بھر نہیں سوچتے، مگر جب بات اپنے گریبان تک پہنچتی ہے تو ہمارے پاس وضاحتوں، مجبوریوں اور تاویلوں کی ایک طویل فہرست موجود ہوتی ہے۔ یہی ہمارا دہرا معیار ہے جو آہستہ آہستہ ہماری اجتماعی سوچ، اخلاقیات اور معاشرتی رویوں کو کھوکھلا کر رہا ہے۔ ہم دوسروں سے سچائی کی توقع رکھتے ہیں مگر خود جھوٹ بولنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ہمارے ساتھ مخلص رہیں، لیکن خود مفاد کے لیے تعلقات استعمال کرتے ہیں۔ ہمیں دوسروں کی بے ایمانی سے نفرت ہوتی ہے مگر جب اپنے فائدے کی بات آتی ہے تو اصولوں کو پس پشت ڈال دیتے ہیں۔ ہم دوسروں کو قانون کی پابندی کا درس دیتے ہیں لیکن خود قانون توڑنے کے لیے سفارش، تعلقات اور اثرورسوخ کا سہارا لیتے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ آخر ہم کس منہ سے دوسروں کو اچھائی کا درس دیتے ہیں جب ہمارا اپنا کردار ہی ہمارے دعووں کی نفی کر رہا ہوتا ہے؟ ہمارے معاشرے میں ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ ہم کسی شخص کی کامیابی کو اس کی محنت کے بجائے شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اگر کوئی آگے بڑھ جائے تو ہم اس کی محنت، قابلیت اور جدوجہد کو تسلیم کرنے کے بجائے اس کے پیچھے سازشیں تلاش کرنے لگتے ہیں۔ لیکن جب خود کامیابی حاصل کریں تو چاہتے ہیں کہ پوری دنیا ہماری تعریف کرے، ہمیں مبارک باد دے اور ہماری جدوجہد کو تسلیم کرے۔ دوسروں کی خوشی میں شریک ہونا ہمیں مشکل لگتا ہے، مگر اپنی خوشی کے موقع پر ہم سب کی موجودگی چاہتے ہیں۔ ہم اخلاقیات کے بڑے بڑے لیکچر دیتے ہیں، لیکن عملی زندگی میں ہمارے رویے ان لیکچرز سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔ محفل میں کسی کی عزت کرتے ہیں اور پیٹھ پیچھے اسی کی کردار کشی شروع کر دیتے ہیں۔ سامنے مسکرا کر ملتے ہیں اور پیچھے اس کے خلاف باتیں بناتے ہیں۔ ہم دوستی کے دعوے تو بہت کرتے ہیں مگر مشکل وقت میں اکثر تعلقات کی حقیقت سامنے آ جاتی ہے۔ خوشحالی میں ساتھ کھڑے ہونے والے بہت مل جاتے ہیں، لیکن آزمائش کے وقت مخلص لوگوں کی پہچان ہوتی ہے۔ ہمارا دہرا معیار گھروں سے لے کر تعلیمی اداروں، کاروبار، سیاست، صحافت اور سماجی حلقوں تک دکھائی دیتا ہے۔ ہم اپنے بچوں کو سچ بولنے کی نصیحت کرتے ہیں مگر ان کے سامنے خود جھوٹ بولتے ہیں۔ ہم انہیں دوسروں کا احترام سکھاتے ہیں مگر گھر میں ملازمین، کمزوروں اور بزرگوں کے ساتھ ہمارا اپنا رویہ احترام سے خالی ہوتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے باکردار بنیں، لیکن کردار سازی صرف نصیحت سے نہیں بلکہ عملی مثال سے ہوتی ہے۔ بچہ وہی سیکھتا ہے جو اپنے بڑوں کو کرتے ہوئے دیکھتا ہے۔ کاروباری دنیا میں بھی یہی تضاد نظر آتا ہے۔ ہم دوسروں سے دیانت داری چاہتے ہیں، لیکن خود ناپ تول میں کمی، ملاوٹ، غیر معیاری چیزوں اور ناجائز منافع خوری کو کاروباری مہارت سمجھنے لگتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ گاہک ہم پر اعتماد کرے، مگر بعض اوقات ہم اسی اعتماد کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ حالانکہ کاروبار صرف پیسہ کمانے کا نام نہیں بلکہ اعتماد، ذمہ داری اور امانت کا رشتہ بھی ہے۔ سماجی زندگی میں بھی ہمارا رویہ قابلِ غور ہے۔ جب کسی دوسرے کے گھر کوئی خوشی یا غم ہو تو ہم اپنی مصروفیات کا بہانہ بنا لیتے ہیں، لیکن اپنے گھر کی تقریب میں ہر شخص کی شرکت کو ضروری سمجھتے ہیں۔ کسی دوسرے کو ضرورت پڑے تو ہم حالات اور وسائل کا ذکر کرنے لگتے ہیں، مگر جب خود ضرورت مند ہوں تو چاہتے ہیں کہ سب لوگ ہماری مدد کے لیے آگے آئیں۔ ہم دوسروں سے ہمدردی کی توقع رکھتے ہیں لیکن خود کسی کے دکھ کو سمجھنے کے لیے چند لمحے بھی نہیں نکالتے۔ سوشل میڈیا نے ہمارے دوہرے معیار کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ ہم اخلاق، محبت، برداشت، انسانیت اور احترام کے پیغامات شیئر کرتے ہیں، لیکن معمولی اختلاف پر ایک دوسرے کی تضحیک شروع کر دیتے ہیں۔ کسی کی تصویر، رائے یا کامیابی پر تنقید کرتے ہوئے الفاظ کی تمام حدود پار کر جاتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری رائے کا احترام ہو، لیکن دوسروں کی رائے برداشت کرنے کا حوصلہ نہیں رکھتے۔ اختلافِ رائے کو دشمنی سمجھ لینا ہماری اجتماعی کمزوری بنتا جا رہا ہے۔ ہماری ایک بڑی منافقت یہ بھی ہے کہ ہم انصاف کی بات صرف اس وقت کرتے ہیں جب ناانصافی ہمارے ساتھ ہو۔ اگر کسی کمزور کے ساتھ زیادتی ہو تو ہم خاموش رہتے ہیں، لیکن جب وہی معاملہ ہمارے اپنے مفاد کو متاثر کرے تو انصاف کے نعرے بلند کرنے لگتے ہیں۔ ہم سفارش کے خلاف بات کرتے ہیں مگر اپنے کام کے لیے سفارش تلاش کرتے ہیں۔ ہم اقربا پروری کو غلط کہتے ہیں مگر موقع ملنے پر اپنے عزیزوں کو دوسروں پر ترجیح دینے میں دیر نہیں لگاتے۔ اصول اگر صرف دوسروں پر لاگو ہوں تو وہ اصول نہیں، محض اپنی سہولت کا نام ہیں۔ معاشرے کی اصلاح صرف حکومت، اداروں یا دوسروں کو بدلنے سے ممکن نہیں۔ تبدیلی کا آغاز ہر فرد کو اپنی ذات سے کرنا ہوگا۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ عزت مانگنے سے پہلے عزت دینا ضروری ہے، سچائی کی توقع رکھنے سے پہلے خود سچا ہونا ضروری ہے اور انصاف کا مطالبہ کرنے سے پہلے اپنے رویوں میں انصاف پیدا کرنا ضروری ہے۔ ہمیں دوسروں کی غلطیوں پر فیصلہ سنانے سے پہلے اپنے کردار کا احتساب کرنا چاہیے۔ زندگی بہت مختصر ہے۔ ہم سب نے ایک دن اس دنیا سے رخصت ہو جانا ہے۔ ہمارے عہدے، دولت، شہرت اور اثرورسوخ یہیں رہ جائیں گے، لیکن ہمارا کردار لوگوں کی یادوں میں باقی رہے گا۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم دکھاوے کی نیکی کے بجائے حقیقی انسانیت کو اپنائیں۔ لوگوں کے سامنے اچھا بننے کے بجائے حقیقت میں اچھا انسان بننے کی کوشش کریں۔ اپنی زبان اور عمل میں یکسانیت پیدا کریں۔ یاد رکھیے، معاشرے کا سب سے بڑا مسئلہ صرف برے لوگ نہیں بلکہ وہ اچھے لوگ بھی ہیں جو اچھائی کی بات تو کرتے ہیں مگر خود اس پر عمل نہیں کرتے۔ جب تک ہم دوسروں کے لیے اور اپنے لیے ایک جیسے اصول نہیں اپنائیں گے، ہمارا معاشرہ اصلاح کے بجائے تضادات کا شکار رہے گا۔ ہمیں دوسروں کے گریبان میں جھانکنے سے پہلے اپنے گریبان میں دیکھنا ہوگا، کیونکہ تبدیلی کا پہلا قدم یہی ہے کہ انسان دوسروں کو بدلنے کے بجائے خود کو بدلنے کا حوصلہ پیدا کرے۔
مزید پڑھیں



