کچھ خواب راستہ نہیں بھولتے، تحریر: مبراء عبدالقیوم
نقطہ نظر
زندگی میں کچھ خواب ایسے ہوتے ہیں، جو وقت گزرنے کے ساتھ دھندلے تو پڑ جاتے ہیں مگر دل کے کسی کونے میں اپنی جگہ برقرار رکھتے ہیں۔ حالات کتنے ہی بدل جائیں، ذمہ داریاں کتنی ہی بڑھ جائیں، بعض خواہشیں انسان کے اندر سانس لیتی رہتی ہیں۔ شاید اس لیے کہ وہ محض خواہشیں نہیں ہوتیں بلکہ انسان کی شخصیت کا حصہ بن چکی ہوتی ہیں۔ میرا تعلق لفظوں کی دنیا سے بہت پرانا ہے۔ پانچویں جماعت میں ڈائری لکھنے کا آغاز کیا تو شاید خود بھی نہیں جانتی تھی کہ یہ شوق ایک دن میری پہچان بن جائے گا۔ کبھی کاغذ کے صفحات پر اپنے احساسات اتارتی، کبھی رسائل اور اخبارات کے لیے لکھتی، کبھی ادبی سرگرمیوں میں حصہ لیتی تھی۔ لفظوں سے یہ دوستی وقت کے ساتھ گہری ہوتی چلی گئی۔ پھر زندگی نے ایک نیا رخ اختیار کیا۔ شادی کے بعد گھریلو ذمہ داریاں بڑھیں اور لکھنے لکھانے کا سلسلہ تقریباً رک گیا۔ وہ ڈائریاں، وہ قلم، وہ ادھورے خیالات سب کہیں پیچھے رہ گئے۔ بظاہر زندگی معمول کے مطابق چل رہی تھی مگر اندر کہیں ایک لکھنے والی اب بھی موجود تھی۔ اسے اپنے لفظوں کی طرف لوٹنا تھا، اپنے خوابوں کو دوبارہ آواز دینی تھی۔
کئی برس گزرنے کے بعد جب دوبارہ قلم اٹھایا تو احساس ہوا کہ کچھ رشتے وقت کی دوری سے ختم نہیں ہوتے ہیں۔ لکھنے کا شوق بھی ایسا ہی رشتہ تھا۔ ابتدا میں قدم چھوٹے تھے، راستہ بھی واضح نہیں تھا، لیکن آہستہ آہستہ ادبی گروپس، رسائل اور اخبارات سے وابستگی بڑھتی گئی۔ تحریریں شائع ہونے لگیں، مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا اور کبھی حوصلہ افزائی ملی تو کبھی اپنی خامیوں کو سمجھنے کا موقع بھی ملا۔
میں یہ نہیں کہتی کہ ہر تحریر بہترین تھی یا ہر کوشش کامیاب رہی ہے۔ کچھ تحریروں پر داد ملی، کچھ پر خاموشی رہی، کہیں اپنی توقع کے مطابق مقام نہ ملا مگر ہر تجربے نے کچھ نہ کچھ سکھایا ضرور تھا۔ میں نے سمجھا کہ لکھنے والا صرف دوسروں کے تبصروں سے نہیں بلکہ اپنی اصلاح، مطالعے اور مسلسل محنت سے آگے بڑھتا ہے۔ اب زندگی ایک ایسا لمحہ سامنے لے آئی ہے جس کی خوشی لفظوں میں سمیٹنا آسان نہیں لگتی ہے۔ 28 نومبر 2026 کو باغی رائٹرز ایوارڈ وصول کرنے کے لیے ایک سفر پر روانگی ہے۔ یہ سفر میرے لیے محض ایک تقریب میں شرکت یا ایوارڈ حاصل کرنے کا نام نہیں، بلکہ اپنے قلمی سفر کے ایک خوبصورت پڑاؤ تک پہنچنے کی خوشی ہے۔ اس لمحے مجھے اپنی وہ پرانی ڈائری بھی یاد آ رہی ہے جس کے صفحات پر کبھی بے ترتیب لفظ لکھا کرتی تھی۔ وہ وقت بھی یاد آ رہا ہے جب لکھنے کی خواہش موجود تھی مگر حالات اجازت نہیں دیتے تھے۔ آج جب اسی قلم کے حوالے سے ایک اعزاز ملنے جا رہا ہے تو دل اللہ تعالیٰ کے حضور شکر سے جھک جاتا ہے۔ یقیناً عزت اور کامیابی اسی کی عطا کردہ ہے۔ انسان کوشش کرتا ہے، راستے تلاش کرتا ہے مگر مواقع پیدا کرنے والی ذات اللہ ہی کی ہے۔
اس خوشی میں ان تمام لوگوں کا حصہ ہے جنہوں نے میرے لفظوں کو پڑھا، میری حوصلہ افزائی کی، میری اصلاح کی اور مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا ہے۔ ان لوگوں کی دعائیں بھی میرے لیے قیمتی سرمایہ ہیں جو خاموشی سے میرے لیے خیر چاہتے ہیں۔ میں اس ایوارڈ کو اپنی منزل نہیں سمجھتی، بلکہ ایک خوبصورت یادگار اور مزید بہتر لکھنے کی ذمہ داری بھی سمجھتی ہوں۔ ابھی بہت کچھ سیکھنا ہے، بہت کچھ پڑھنا ہے اور اپنے قلم کو مزید نکھارنا ہے۔ میری خواہش ہے کہ میرے لفظ محض صفحات کی زینت نہ بنیں بلکہ کسی کے لیے سوچ کا دروازہ بھی کھولیں، کسی کے دل کو امید دیں اور معاشرے کی کسی اصلاح میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔
آج پیچھے مڑ کر دیکھتی ہوں تو محسوس ہوتا ہے کہ زندگی نے چاہے کتنے ہی وقفے دیے ہوں، میرے خوابوں نے میرا ساتھ نہیں چھوڑا ہے۔ کیونکہ کچھ خواب راستہ بھولتے نہیں، بس اپنے پورا ہونے کے لیے مناسب وقت کا انتظار کرتے ہیں۔ شاید 28 نومبر میرے ایسے ہی ایک خواب کے سفر کی خوبصورت یاد بننے جا رہا ہے۔
الحمدللہ علیٰ کل حال۔




