پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

امی، میں کس کے ساتھ جاؤں گا؟تحریر: ام عــبــد الــقـہــار

نقطہ نظر

فیملی کورٹ کی سیڑھیوں پر چھ سالہ حمزہ نے ایک ہاتھ سے ماں کا دوپٹہ اور دوسرے سے باپ کی انگلی پکڑ رکھی تھی۔ اس نے معصومیت سے پوچھا: "امی، جج انکل مجھے کس کے ساتھ بھیجیں گے؟"


سارہ کے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔ فہد نے نظریں پھیر لیں۔ برآمدے میں ان جیسے درجنوں جوڑے کھڑے تھے۔ اخبار میں پڑھا تھا کہ صرف راولپنڈی میں اس سال نو مہینوں میں دس ہزار سے زیادہ عائلی مقدمات دائر ہوئے۔ آج سارہ خود اس گنتی کا حصہ تھی۔


سات سال پہلے یہی دونوں ایک دوسرے کی مسکراہٹ کے منتظر رہتے تھے۔ پھر سب کچھ اتنا آہستہ بدلا کہ پتا ہی نہ چلا۔


پہلے موبائل کھانے کی میز پر آیا، پھر بستر تک پہنچ گیا۔ فہد رات گئے دوسروں کی ویڈیوز دیکھتا، دوسری عورتوں کی تصویروں پر تعریفیں لکھتا، مگر سارہ نے نیا سوٹ پہنا ہو تو نظر اٹھا کر بھی نہ دیکھتا۔ سارہ نے بھی سجنا سنورنا چھوڑ دیا۔ "کس کے لیے سجوں؟"


ساس کی ہر بات سارہ فون پر میکے سناتی، اور وہاں سے مشورے آتے: "دب کے مت رہنا۔" فہد کی امی بیٹے کے کان میں کہتیں: "بیوی کو سر پر مت چڑھاؤ۔" دو گھروں کی باتیں ایک کمرے میں آ کر لڑنے لگیں۔ میاں بیوی نے آپس میں بات کرنا چھوڑ دیا، اور دوسروں سے ایک دوسرے کی بات کرنا شروع کر دی۔


پھر ایک رات ٹھنڈی روٹی پر بحث ہوئی۔ فہد نے کہا: "تمہیں تو کچھ آتا ہی نہیں۔" سارہ نے طنز سے جواب دیا: "تمہاری اماں نے سکھایا ہوتا تو آتا۔" آوازیں اونچی ہوئیں، اور حمزہ دروازے کے پیچھے سہما کھڑا رہا۔ صبح سارہ سامان باندھ کر میکے چلی گئی۔ وہاں ہمدردوں کی کمی نہ تھی: "خلع لے لو، ہم ہیں نا۔"


اور آج وہ عدالت کی سیڑھیوں پر کھڑے تھے۔


اچانک فہد کی نظر اپنے پرانے دوست اسد پر پڑی۔ بکھرے بال، ہاتھ میں فائلیں۔ اسد کی آواز بھرا گئی: "دو مہینے پہلے غصے میں تین طلاقیں دے بیٹھا، اب ایک مفتی سے دوسرے کے پاس دوڑ رہا ہوں کہ کہیں سے گنجائش مل جائے۔ بیوی بھی روتی ہے، میں بھی۔ یار، وہ ایک منٹ کا غصہ تھا، اور ساری زندگی کا پچھتاوا۔"


فہد کے پاؤں جیسے زمین میں گڑ گئے۔


اس دن سماعت ملتوی ہو گئی۔ جج نے دونوں کو دیکھ کر کہا: "ایک بار پھر سوچ لیجیے۔ آپ کا بیٹا آپ دونوں کو دیکھ رہا ہے۔"


شام کو سارہ اپنی نانی، اماں بی، کے پاس جا بیٹھی۔ اماں بی نے پوچھا: "بتاؤ، فہد نے ہاتھ اٹھایا؟ خرچ نہیں دیتا؟ نماز روکتا ہے؟"


"نہیں اماں بی، مگر وہ میری بات نہیں سنتا، میری قدر نہیں کرتا۔"


اماں بی مسکرائیں: "بیٹی، تمہارے نانا کے ساتھ کئی راتیں ہم نے سوکھی روٹی پر گزاریں، مگر میں نے کبھی ان کی شکایت اپنی ماں تک نہیں پہنچائی۔"


پھر کہنے لگیں: "حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ نبی ﷺ کے گھروں میں دو دو مہینے چولہا نہ جلتا، گزارا کھجور اور پانی پر ہوتا۔ حضرت اسماءؓ دور کھیت سے کھجور کی گٹھلیاں سر پر اٹھا کر لاتیں، کیونکہ زبیرؓ کے پاس ایک گھوڑے کے سوا کچھ نہ تھا۔ حضرت فاطمہؓ کے ہاتھوں میں چکی پیس پیس کر چھالے پڑ گئے۔ انہوں نے بھوک کاٹی، گھر نہیں توڑے۔ اور ہم ٹھنڈی روٹی پر عدالت پہنچ گئے؟"


سارہ کی آنکھیں بھر آئیں۔


"ہاں،" اماں بی نے بات جاری رکھی، "اگر کوئی شوہر ظلم کرے، مارے پیٹے، عورت کی عزت اور صحت برباد کر دے، تو اسلام نے عورت کو خلع کا حق دیا ہے۔ اللہ نے فرمایا ہے کہ تکلیف دینے کے لیے روکے نہ رکھو۔ پڑوس والی رخسانہ نے برسوں ظلم سہا اور ذہنی مریضہ بن گئی، وہ صبر نہیں تھا۔ مگر تمہارا مسئلہ ظلم نہیں، انا ہے۔ اور انا کا علاج عدالت نہیں، جھکنا ہے۔"


"نبی ﷺ نے فرمایا کہ شیطان اپنا تخت پانی پر بچھاتا ہے، اور اس کا سب سے پیارا چیلا وہ ہوتا ہے جو کہے: میں نے میاں بیوی میں جدائی ڈال دی۔ تو شیطان اسے گلے لگا لیتا ہے۔ سوچو، تم کس کو خوش کرنے جا رہی ہو؟"


"پھر میں کیا کروں اماں بی؟"


"وہی جو قرآن کہتا ہے۔ ایک سمجھدار فرد تمہارے خاندان سے، ایک اس کے خاندان سے بیٹھے، پوری برادری نہیں۔ اللہ کا وعدہ ہے کہ اگر دونوں اصلاح چاہیں گے تو وہ موافقت پیدا کر دے گا۔ کسی عالم سے پوچھو، کسی اچھے ماہر نفسیات کے پاس جاؤ۔ اور یاد رکھو، اگر سب کوشش کے بعد بھی جدائی ہی لکھی ہو، تو شریعت کا طریقہ بھی سیکھ لو۔ ایک طلاق، پاکی کے دنوں میں، اور عدت شوہر کے گھر۔ اللہ فرماتا ہے: تم نہیں جانتے، شاید اس کے بعد اللہ کوئی نئی صورت پیدا کر دے۔ اللہ نے آخری دروازے پر بھی واپسی کی کھڑکی کھلی رکھی ہے۔ ہم ہیں کہ غصے میں سارے دروازے ایک ساتھ بند کر دیتے ہیں۔"


اگلے ہفتے اماں بی اور فہد کے والد ایک ساتھ بیٹھے۔ دونوں نے اپنی اپنی اولاد کی غلطیاں گنوائیں، دوسرے کی نہیں۔ ماہر نفسیات نے سمجھایا: "رشتے اختلاف سے نہیں، حقارت سے ٹوٹتے ہیں۔ طنز چھوڑ دیجیے، آدھا مسئلہ حل ہو جائے گا۔"


تین مہینے بعد کھانے کی میز پر ایک چھوٹی سی ٹوکری رکھی تھی، جس میں دونوں کے موبائل پڑے تھے۔ سارہ نے ہلکا سا سنگھار کیا تھا، اور فہد نے روٹی کی تعریف کی، حالانکہ وہ پھر ٹھنڈی تھی۔


حمزہ نے نوالہ چباتے ہوئے پوچھا: "امی، اب ہم جج انکل کے پاس نہیں جائیں گے نا؟"


سارہ نے فہد کی طرف دیکھا، اور دونوں ہنس پڑے۔ "نہیں بیٹا، کبھی نہیں۔"


قارئین! طلاق اور خلع حرام نہیں، مگر یہ آخری دروازہ ہے، پہلا نہیں۔ عدالت جانے سے پہلے اپنے بزرگ کے پاس جائیے، عالم کے پاس جائیے، ڈاکٹر کے پاس جائیے، اور سب سے پہلے اللہ کے سامنے جائیے۔ غصے میں کیا گیا فیصلہ اکثر وہ زخم دیتا ہے جو پھر کسی دوا سے نہیں بھرتا۔ اور یاد رکھیے، سیڑھیوں پر کوئی حمزہ آپ کی انگلی پکڑے کھڑا ہے۔