پیر، 23 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

شادی: خانہ آبادی یا بربادی؟ تحریر: عَائِشَہ گُل

نقطہ نظر
ayeshagul

نکاح محض دو انسانوں کے درمیان ایک رسمی معاہدہ نہیں، بلکہ دو دلوں کی ہم آہنگی، روح کے سکون اور نسلوں کے تسلسل کا ایک پاکیزہ بندھن ہے۔ اس رشتے کی عظمت اور تقدیس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب اس دنیا کی رنگینیاں ابھی وجود میں بھی نہیں آئی تھیں، تب جنت کی پاکیزہ فضا میں حضرت آدم علیہ السلام اور اماں حوا کے نکاح کے ساتھ اس کی بنیاد رکھی گئی۔ اللہ تعالیٰ نے اس تعلق کی اساس سکون، محبت اور رحمت پر رکھی ہے۔

جب گھر میں باہمی عزت، صبر اور ایثار کی فضا قائم ہو تو وہ گھر جنت کا نمونہ بن جاتا ہے اور پورا معاشرہ سنور جاتا ہے۔ مگر افسوس کا مقام یہ ہے کہ آج ہمارے معاشرے میں یہی مقدس رشتہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار دکھائی دیتا ہے۔ گھروں میں اطمینان کم اور بے چینی زیادہ ہو گئی ہے۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا نکاح کے رشتے نے ہمیں برباد کیا ہے، یا ہم نے خود اپنی غلطیوں اور بے اعتدالیوں سے اسے خانہ آبادی کے بجائے بربادی بنا دیا ہے؟

اس زوال کی پہلی بڑی وجہ سادگی سے دوری اور ظاہری نمائش کا بڑھتا ہوا رجحان ہے۔ جس رشتے کی بنیاد قناعت اور شریعت کی پاسداری پر ہونی چاہیے، وہاں آج تکلف، دکھاوے اور اسٹیٹس سمبل نے ڈیرے جما لیے ہیں۔ شادی اب دلوں کو جوڑنے کا ذریعہ کم اور معاشرتی برتری ثابت کرنے کا اکھاڑا زیادہ بن گئی ہے۔

مہنگے ہال، شاندار تقاریب، بھاری جوڑے، جہیز کی بے جا توقعات اور قرض لے کر کی جانے والی رسموں نے شروع میں ہی اس رشتے پر بوجھ ڈال دیا ہے۔ جب گھر کی بنیاد ہی مصنوعی شان و شوکت اور مالی دباؤ پر رکھی جائے، تو معمولی سی مشکل آتے ہی وہ عمارت لرزنے لگتی ہے۔ سادگی میں جو برکت اور سکون چھپا ہوتا ہے، وہ دکھاوے کی چکاچوند میں کہیں کھو گیا ہے۔

دوسری بڑی وجہ موبائل اور سوشل میڈیا کا بے جا اثر ہے۔

آج کا انسان کتاب پڑھنے اور بزرگوں کی دانش مندانہ باتیں سننے کے بجائے سارا دن فون کی اسکرین پر نظریں جمائے رکھتا ہے۔ سوشل میڈیا نے لوگوں کو دوسروں کی ظاہری زندگی سے اپنی حقیقی زندگی کا موازنہ کرنے کی بری عادت ڈال دی ہے۔ کوئی کسی کے سفر کی تصویر دیکھ کر کڑھتا ہے، کوئی کسی کے مہنگے تحفے دیکھ کر اپنے گھر کی آسائشوں سے ناخوش ہو جاتا ہے۔ لوگ انٹرنیٹ کی جھوٹی چمک دمک سے متاثر ہو کر اپنے جیون ساتھی سے ایسی توقعات وابستہ کر لیتے ہیں جو حقیقت کی دنیا میں ممکن نہیں ہوتیں۔ ایک ہی چھت تلے رہتے ہوئے بھی میاں بیوی اپنی اپنی اسکرینوں میں قید رہتے ہیں، جس سے باہمی مکالمہ دم توڑ دیتا ہے اور غلط فہمیاں جنم لینے لگتی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی والدین کی رضا کو پامال کر کے اور گھر سے بھاگ کر کی جانے والی شادیوں نے بھی خاندانوں کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں۔

اسلام نے اپنی پسند اور مشاورت کا حق ضرور دیا ہے، مگر اس کا باوقار اور خوبصورت راستہ والدین کی سرپرستی اور ان کی خوشی سے ہو کر گزرتا ہے۔ جب کوئی لڑکی اپنے ماں باپ کی بیس بائیس سالہ محبت، قربانیوں اور خاندان کی عزت کو ایک لمحے میں بھلا کر دہلیز پار کر جاتی ہے، اور لڑکا بھی جذبات کی رو میں بہہ کر یہ سوچے بغیر اسے اپنا لیتا ہے کہ جو وجود بیس بائیس برس اپنے شفیق والدین کا وفادار نہ رہ سکا وہ کل کٹھن حالات میں میرا کتنا ساتھ نبھائے گئی، تو ایسے رشتے کی جڑ شروع سے ہی کمزور رہ جاتی ہے۔ چند دنوں کی چاہت اترتے ہی شکوک، طعنے اور پچھتاوے سر اٹھانے لگتے ہیں، اور اس ایک غلط قدم کا خمیازہ کئی نسلوں کو بھگتنا پڑتا ہے۔ اس کے برعکس، اگر من پسند کی شادی بھی والدین کو اعتماد میں لے کر، ادب اور رضامندی کے ساتھ کی جائے تو خاندان کا وقار بھی سلامت رہتا ہے اور بڑوں کی دعاؤں سے گھر میں برکت اور استحکام بھی آتا ہے۔

گھریلو کشمکش میں "انا" اور "ضد" بھی وہ زہر ہیں جو آہستہ آہستہ محبت کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیتے ہیں۔ رشتوں کو نبھانے کے لیے جھک جانا کمزوری نہیں بلکہ بڑے ظرف کی علامت ہے، مگر آج ہر فریق اپنی انا کے بت کو پوجنے میں مصروف ہے۔ "میں کیوں جھکوں؟"، "پہل ہمیشہ میں ہی کیوں کروں؟" اور "میری عزت کیا رہ جائے گی؟" جیسے رویے معمولی اختلاف کو شدید تصادم میں بدل دیتے ہیں۔ جب گھروں میں معاف کرنے اور درگزر کرنے کا حوصلہ ختم ہو جائے، تو چھوٹی سی بات انا کا مسئلہ بن کر برسوں پرانے رشتے کو لمحوں میں توڑ دیتی ہے۔ محبت تب تک زندہ رہتی ہے جب تک دلوں میں نرمی ہو، اور جیسے ہی ضد غالب آ جائے، دلوں کے دروازے بند ہونے لگتے ہیں۔

گھر کے اندر حدود کا نہ ہونا اور دوسروں کی باتوں میں آ جانا بھی رشتوں کو کمزور کرتا ہے۔ گھر تبھی پرسکون رہتا ہے جب ہر فرد کو اپنی ذمہ داری اور دائرۂ کار کا شعور ہو۔ اگر شوہر والدین اور بہن بھائیوں کا ادب کرے مگر ساتھ ہی اپنی بیوی کو بھی محبت، تحفظ اور عزت دے، اور بیوی بھی سسرال کو اپنا خاندان سمجھ کر اخلاق و احترام کا دامن تھامے رکھے، تو گھر جنت کا نمونہ بن جاتا ہے۔ اس کے برعکس، جب گھریلو معاملات میں باہر والوں یا رشتہ داروں کی بے جا مداخلت بڑھ جائے، یا میاں بیوی ایک دوسرے کی بات سننے کے بجائے دوسروں کے کہنے پر لڑنے لگیں، تو گھر دو حصوں میں بٹ جاتا ہے اور باہمی اعتماد ختم ہو جاتا ہے۔

بڑوں کے تجربے اور مشاورت کی قدر اس لیے بھی ضروری ہے کہ والدین زندگی کے سرد و گرم دیکھ چکے ہوتے ہیں اور ان کے فیصلوں میں دور اندیشی شامل ہوتی ہے۔ جب فیصلے محض ضد اور جذبات کی بنیاد پر کیے جائیں اور والدین کی دعاؤں کو نظر انداز کر دیا جائے، تو زندگی کے کٹھن موڑ پر انسان خود کو تنہا پاتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ جن نسلوں نے معاشرے کو سنوارا اور عظیم کردار پیدا کیے، ان کی تربیت باوقار، حیا دار اور بڑوں کی دعاؤں سے مزین گھروں میں ہوئی تھی۔

جب محبت دم توڑ جاتی ہے اور ضد حد سے بڑھ جاتی ہے، تو اس کا سب سے تلخ انجام طلاق کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ عدالتوں کے چکر، الزام تراشیاں اور ٹوٹے ہوئے وعدے انسان کو اندر سے توڑ دیتے ہیں۔ مگر اس پورے المیے میں سب سے بے قصور اور معصوم نشانہ وہ بچہ بنتا ہے جو ماں باپ کی چار دن کی محبت کے نتیجے میں دنیا میں تو آ جاتا ہے، مگر پھر ساری زندگی ذلیل و خوار ہوتا ہے۔ جب من پسند کی شادی طلاق میں بدلتی ہے، تو وہ معصوم وجود پوری زندگی ایک ایسی نفسیاتی اور سماجی جنگ لڑتا ہے جس کی بنیاد اس کے اپنے ماں باپ نے جذبات اور ضد پر رکھی تھی۔ کبھی وہ ماں کی ممتا کے لیے ترستا ہے اور کبھی باپ کے مضبوط سائے کو ڈھونڈتا ہے؛ یوں والدین کی جلد بازی کی سزا ایک بے گناہ بچہ عمر بھر بھگتتا ہے۔

آخرکار، یہ رشتہ ٹوٹنے یا بکھرنے کے لیے نہیں، بلکہ سنبھلنے اور سنوارنے کے لیے بنا ہے۔ نکاح کی اصل خوبصورتی اس میں ہے کہ ہم اپنی انا کو درگزر کی چادر اوڑھا دیں، دکھاوے کو سادگی کے سامنے جھکا دیں، سوشل میڈیا کی چکاچوند سے نکل کر حقیقت کی زمین پر قدم جمائیں اور اپنے فیصلوں میں والدین کی رضا و دعا کو شامل کر لیں۔ جب رشتوں میں حیا، احترام اور خلوص لوٹ آئے گا، تو یہی گھر پھر سے سکون کا گہوارہ بنیں گے اور آنے والی نسلیں ٹوٹے ہوئے خوابوں کے بجائے مضبوط، باوقار اور مطمئن زندگی کا سایہ پائیں گی۔ آئیے، ہم سب مل کر عہد کریں کہ اپنے ہاتھوں سے کسی گھر کو اجڑنے نہیں دیں گے، بلکہ اس مقدس رشتے کو واقعی "خانہ آبادی" بنا کر دکھائیں گے، تاکہ ہماری آئندہ نسلیں ذہنی اذیت کا شکار نہ ہوں اور وہ پُرسکون ذہن کے ساتھ مستقبل میں اپنا نام روشن کر سکیں۔