ترکیہ میں دریا کا پانی اچانک سرخ ہوگیا

ترکیہ کے ایک علاقے میں دریا کا پانی اچانک سرخ رنگ میں تبدیل ہوگیا، پانی کی رنگت میں غیر معمولی تبدیلی کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کرنے لگیں-
عالمی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ترکیہ کے صوبے رِیزِہ میں پیش آیا، جہاں دریائے د یغیر مندرے کا پانی اچانک گہرے سرخ رنگ کا ہوگیا، یہ دریا شہر کے مرکزی حصے سے گزرتا ہوا بحیرہ اسود (بلیک سی) میں جا گرتا ہے۔
مقامی آبادی نے پانی کی رنگت تبدیل ہونے پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی، جس کے بعد رِیزہ کی میونسپل انتظامیہ اور محکمہ ماحولیات، شہری منصوبہ بندی و موسمیاتی تبدیلی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
ترکیہ کی خبر رساں ایجنسی ڈیمیرورین نیوز ایجنسی (ڈی ایچ اے) کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دریا کے قریب قائم ایک نجی چائے کی فیکٹری کی جانب سے بغیر مناسب کنٹرول کے فضلہ پانی میں خارج کرنے کا انکشاف ہوا۔ حکام نے اس مقام کا معائنہ کیا اور آلودگی کے ممکنہ ذریعے کی نشاندہی کی۔
تحقیقات کے دوران ڈرون کی مدد بھی لی گئی، جبکہ ماحولیاتی ماہرین اور انجینئرز نے علاقے کا جائزہ لیا۔ ریزے کے گورنر آفس کے مطابق 21 نومبر کو شام 4 بجے تک دریا میں غیر مجاز طریقے سے مادے خار ج کرنے والی ایک تنصیب کی نشاندہی کرلی گئی تھی۔
اس انکشاف کے بعد متعلقہ فیکٹری کے خلاف ترکیہ کے ماحولیاتی تحفظ کے قانون کے تحت انتظامی کار روائی کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا گیا۔
حکام نے صرف جرمانے پر اکتفا نہیں کیا بلکہ دریا کے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے، جنہیں مزید جانچ کے لیے مستندماحولیاتی لیبارٹری بھیجا گیا ہے۔ ان نمونوں کے ذریعے یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ پانی میں کون سے مادے شامل ہوئے اور آلودگی کی نوعیت کیا ہے۔
https://x.com/Arab_Storms/status/2124225737167429702?a=DJwjqWIz1rK-9ZncgsE&s=20
ریزہ کے گورنر آفس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لیبارٹری کی رپورٹ موصول ہونے اور اس کا جائزہ لینے کے بعد قانون کے مطابق مزید کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
تاہم اس واقعے میں اب تک سب سے اہم سوال یہ ہے کہ دریا کا پانی سرخ ہونے کی اصل وجہ کیا تھی ابتدا ئی تحقیقات میں ایک فیکٹری سے غیر کنٹرول شدہ اخراج کی نشاندہی ضرور ہوئی ہے، لیکن پانی میں شامل مادوں کی درست شناخت اور ماحولیاتی نقصان کی شدت کے بارے میں حتمی نتائج سامنے نہیں آئے۔
حکام کی جانب سے لیبارٹری رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے، جس سے معلوم ہوسکے گا کہ پانی کی ر نگت میں اس غیر معمولی تبدیلی کے پیچھے کون سے مادے کارفرما تھے اور اس آلودگی کے ماحول پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں




