Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان نے نئی پی این ایس ہنگور آبدوز سے اینٹی شپ کروز میزائل داغ دیا


پاک بحریہ نے اپنی دفاعی اور جنگی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بناتے ہوئے نئی شامل کی گئی آبدوز پی این ایس ایم ہنگور سے پہلی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا ہے۔


فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی بحیرہ عرب میں کیے گئے اس تجربے کے دوران آبدوز نے اینٹی شپ کروز میزائل فائر کیا، جس نے طویل فاصلے پر موجود اپنے مقررہ ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا, اس کامیاب تجربے کو پاک بحریہ کی سمندری حدود کے دفاع اور زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں ایک بڑا اور اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔


پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے خود اس موقع پر موجود رہ کر لائیو ویپن فائرنگ کا عملی مشاہدہ کیا اور نويں آبدوز کی بہترین آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔


https://x.com/dgprPaknavy/status/2104124701127889117?s=20


نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے اس موقع پر قابلِ اعتماد بحری دفاعی صلاحیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پی این ایس ہنگور کی کامیاب میزائل فائرنگ ہماری آپریشنل تیاری کا اہم مظاہرہ ہے اور یہ کامیابی زیرِ آب جنگی صلاحیتوں میں بے پناہ اضافے کی عکاس ہے پاک بحریہ قومی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ایک جدید اور ہمہ وقت تیار فورس ہے، اور ہماری یہ جدید جنگی صلاحیتیں علاقائی امن اور بحری سلامتی کی ضامن ہیں۔


https://x.com/dgprPaknavy/status/2104124701127889117?s=20


پاک بحریہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پی این ایس ہنگور سے کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کے قومی بحری مفادات کے تحفظ کے پختہ عزم کا اظہار ہے یہ مشقیں اس بات کی ثبوت ہیں کہ فورسز کسی بھی قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور سمندری سرحدوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے اپنی آپریشنل تیاریوں کو اعلیٰ ترین سطح پر برقرار رکھیں گی۔