منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

سوسائٹیوں کی مجرمانہ غفلت: ٹریفک مینجمنٹ کا فقدان،تحریر:ندیم یعقوب گوہر

نقطہ نظر
nadeem yaqoob gohar

زندگی کی تمام تر جمع پونجی نچھاور کرکے، پائی پائی جوڑ کر اور خوابوں کا ایک آشیانہ بنانے کی آس لے کر جب انسان کسی نئی ہاؤسنگ سوسائٹی کا رخ کرتا ہے تو اس کے پیش نظر ایک پرسکون، محفوظ اور خوشحال مستقبل کا تصور ہوتا ہے۔ وہ یہ سمجھتا ہے کہ کنکریٹ کے ان جنگلوں اور جدید کہلانے والی ان رہائشی اسکیموں میں اس کا اور اس کے بچوں کا جیون محفوظ رہے گا، جہاں آنے جانے کے راستے کشادہ ہوں گے اور زندگی سکھ کا سانس لے گی۔ لیکن یہ المیہ دل کو چیر دینے والا ہے کہ جب وہی خواب گاہیں اور جدید سوسائٹیاں موت کے کنویں اور حادثات کی آماجگاہ بن جائیں۔ پچھلے دنوں ایک ایسی ہی سوسائٹی میں جانے کا اتفاق ہوا جہاں قدم رکھتے ہی دل دہل گیا اور یہ دیکھ کر شدید دکھ ہوا کہ وہاں کی ناقص ٹریفک مینجمنٹ اور مجرمانہ غفلت کے باعث سڑک پر چلنا کسی عذاب سے کم نہیں تھا۔ وہاں موجود مکینوں سے جب گفتگو ہوئی تو معلوم ہوا کہ یہ کوئی معمولی لاپرواہی نہیں ہے، بلکہ اس ناقص پلاننگ اور اندھی دوڑ کی قیمت یہاں کے باسی اپنی جانوں اور جسموں کے اعضاء کی صورت میں چکآ رہے ہیں۔ سوسائٹی کے تنگ راستوں اور اندھے موڑوں کی نذر ہو کر ایک قیمتی انسانی جان لقمہ اجل بن چکی ہے، جبکہ معصوم بچے اور بوڑھے تیز رفتار گاڑیوں تلے آ کر شدید زخمی ہو چکے ہیں۔ اس ہولناک صورتحال نے اس تلخ حقیقت کو بے نقاب کر دیا ہے کہ کس طرح سرمائے کی ہوس انسانوں کی زندگیوں کو روند رہی ہے اور کیوں اس سنگین مسئلے پر خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔


کسی بھی ہاؤسنگ اسکیم کی بنیاد جب رکھی جاتی ہے تو اس کا ماسٹر پلان دراصل وہاں بسنے والے انسانوں کے مقدر کا فیصلہ کرتا ہے۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ہمارے ہاں ٹاؤن پلاننگ اب خدمت یا انسانیت کا فریضہ نہیں رہی بلکہ خالصتاً ایک منافع بخش تجارتی دھندا بن چکی ہے۔ سوسائٹیوں کے مالک اور ڈویلپرز زمین کے ہر ایک انچ کو پلاٹوں میں بدل کر بیچنے کی ہوس میں اتنے اندھے ہو جاتے ہیں کہ انہیں انسانی جانوں کی کوئی پروا نہیں ہوتی۔ سڑکوں کی جو چوڑائی اور درجہ بندی سائنسی اصولوں کے مطابق ہونی چاہیے، اسے مالی منفعت کی بھینٹ چڑھا کر انتہائی تنگ کر دیا جاتا ہے۔ مرکزی شاہراہوں کو سکڑنا اور سروس روڈز کو غائب کر دینا ان کا معمول بن چکا ہے۔ کمرشل مارکیٹوں کے آگے پارکنگ کے لیے رقبہ چھوڑنے کی بجائے وہاں بھی دکانیں یا پلازے بنا دیے جاتے ہیں تاکہ ایک ایک پائی زیادہ نفع سمیٹا جا سکے۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ جب مکین اپنی روزمرہ کی ضروریات کے لیے باہر نکلتے ہیں تو انہیں گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ نہیں ملتی اور وہ مجبوری میں سڑکوں پر گاڑیاں کھڑی کرتے ہیں، جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ اسکولوں اور تعلیمی اداروں کی زوننگ کا کوئی شعور نہیں رکھا جاتا۔ مین بلیوارڈ یا ایسے مقامات پر اسکول بنا دیے جاتے ہیں جہاں صبح اور دوپہر کے وقت بچوں کو چھوڑنے اور لینے والی گاڑیوں اور بسوں کا اجمام لگ جاتا ہے، اور کوئی مخصوص پک اینڈ ڈراپ بے یا ٹریفک پلان نہ ہونے کی وجہ سے پورا راستہ گھنٹوں جام رہتا ہے۔ یہ لالچ اور مفادات کی اندھی دوڑ صرف سڑکوں کو نہیں بگاڑتی بلکہ پورے ماحول کو ذہنی کوفت اور حادثات کا گڑھ بنا دیتی ہے۔


سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر سوسائٹیوں کے منتظمین اور ڈویلپرز اس قدر بے حس کیوں ہو جاتے ہیں کہ وہ انسانوں کی حفاظت پر منافع کو ترجیح دیتے ہیں؟ اس کا سب سے بڑا جواب یہ ہے کہ ہمارے نظام میں قانون کی گرفت کمزور ہے اور چیک اینڈ بیلنس کا فقدان ہے۔ کاغذوں پر بہترین نقشے پاس کروا لیے جاتے ہیں لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہوتے ہیں۔ جب اتھارٹیز کی سطح پر فائلوں کے پیٹ بھرنے کے لیے رشوت اور ملی بھگت کا بازار گرم ہو تو پھر ڈویلپرز کو کھلی چھٹی مل جاتی ہے کہ وہ عوام کے حقوق اور جان و مال سے کھلواڑ کریں۔ انہیں اس بات کی کوئی پروا نہیں ہوتی کہ آنے والے پانچ یا دس سالوں میں جب یہ سوسائٹی پوری طرح آباد ہو گی اور ہر گھر میں دو دو گاڑیاں ہوں گی، تو یہ تنگ گلیاں اور بے ہنگم چوراہے اس بوجھ کو کیسے اٹھائیں گے۔ وہ صرف آج کا نفع دیکھتے ہیں، کل کی بربادی سے انہیں کوئی غرض نہیں ہوتی۔ اس غفلت کا خمیازہ وہ غریب اور متوسط طبقے کے لوگ بھگتتے ہیں جو اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سوسائٹی کے منہگے پلاٹوں پر لگا کر یہ سمجھتے ہیں کہ انہوں نے محفوظ چھت خرید لی ہے۔ انہیں یہ معلوم نہیں ہوتا کہ وہ دراصل ایک ایسے زندان میں آ گئے ہیں جہاں سڑکوں پر چلتے ہوئے بھی بچوں کا ہاتھ مضبوطی سے پکڑنا پڑتا ہے کہ جانے کب کون سا تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی یا کار انہیں اپنی لپیٹ میں لے لے۔


اس بھیانک صورتحال کے منفی اثرات صرف جسمانی حادثات تک محدود نہیں ہیں بلکہ یہ معاشرے کے اجتماعی سکون اور نفسیاتی صحت کو بھی دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔ جب روزانہ کی بنیاد پر انسان ٹریفک جام میں پھنستا ہے، ہارن کی کرخت آوازیں سنتا ہے، اور اپنے گھر کے قریب ہی کسی بچے کو حادثے کا شکار ہوتے دیکھتا ہے، تو اس کے اعصاب پر ایک مستقل تناؤ طاری ہو جاتا ہے۔ یہ مسلسل ذہنی دباؤ بچوں کی پڑھائی، بڑوں کے روزگار اور گھریلو سکون کو تباہ کر دیتا ہے۔ دوسری طرف، اگر اس کے مثبت پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے تو یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ اگر شروع ہی سے ٹریفک مینجمنٹ کو ترجیح دی جائے، انجینئرنگ کے اصولوں کے مطابق روڈ ہائرارکی بنائی جائے، اسپیڈ بریکرز، سائن بورڈز، اور کیمروں کے ذریعے نگرانی کا نظام نافذ کیا جائے، تو نہ صرف حادثات سے بچا جا سکتا ہے بلکہ سوسائٹی کی مالیت اور خوبصورتی میں بھی کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔ ایک منظم اور پرسکون ماحول وہ طاقت ہے جو کسی بھی رہائشی علاقے کو حقیقی معنوں میں 'ہوم سویٹ ہوم' بناتی ہے۔


اب وقت آ گیا ہے کہ اس ناانصافی اور مجرمانہ غفلت کے خلاف خاموشی کا بت توڑا جائے۔ تمام متعلقہ ترقیاتی اداروں، ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس پر یہ اخلاقی اور قانونی فریضہ عائد ہوتا ہے کہ وہ صرف دفاتر میں بیٹھ کر احکامات جاری کرنے کی بجائے زمینی سطح پر چھاپے ماریں، غیر معیاری اور خطرناک پلاننگ کرنے والی سوسائٹیوں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائیاں کریں، ان کے این اوز کو معطل کریں، اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائیں۔ ساتھ ہی ساتھ ہم بحیثیت قوم اور سوسائٹی کے باسیوں کو بھی اب مصلحت کی چادر اتار کر اپنی آواز بلند کرنا ہوگی، اپنی یونینز اور رہائشی کمیٹیاں فعال بنانا ہوں گی تاکہ ڈویلپرز کی ہوسِ زر کی بھینٹ مزید کسی معصوم کا خون نہ چڑھے اور ہماری آنے والی نسلیں ایک محفوظ، صاف ستھرے اور منظم ماحول میں سانس لے سکیں۔