منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

معاشرے کی اصلاح میں قلم کا کردار، تحریر: عظمیٰ شیخ

نقطہ نظر

میں جب قلم اٹھاتی ہوں تو مجھے یہ احساس ہوتا ہے کہ میں صرف الفاظ نہیں لکھ رہی، میں ایک ذمہ داری اٹھا رہی ہوں۔ قلم میرے ہاتھ میں محض لکھنے کا آلہ نہیں، یہ میرے ضمیر کی آواز ہے، میرے مشاہدے کا آئینہ ہے، اور میرے دل کی وہ تڑپ ہے جو میں اپنے معاشرے کے لیے محسوس کرتی ہوں۔

میں نے اپنی زندگی میں بہت کچھ دیکھا ہے، میں نے دیکھا ہے کہ کیسے اچھے بھلے لوگ مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں، کیسے سچ بولنے والے خاموش کرا دیے جاتے ہیں ـ کیوں جھوٹ اتنی تیزی سے پھیلتا ہے کہ سچ کو پہچاننا مشکل ہو جاتا ہے۔ میں نے یہ بھی دیکھا ہے کہ جب ایک اچھا جملہ کسی کے دل پر اثر کرتا ہے تو وہ اس کی پوری سوچ بدل دیتا ہے۔ اسی لیے میں سمجھتی ہوں کہ قلم تلوار سے زیادہ طاقتور ہے۔ تلوار جسم کو زخمی کرتی ہے، قلم سوچ کو بدل دیتا ہے۔ تلوار ایک انسان کو خاموش کر سکتی ہے،لیکن ایک قلم ایک پوری نسل کو بیدار کر سکتا ہے۔

میرے نزدیک معاشرے کی اصلاح کا پہلا قدم شعور ہے۔ جب تک ہم سوچنا نہیں سیکھیں گے، ہم بدل نہیں سکتے۔ ہم اکثر شکایت کرتے ہیں کہ معاشرہ خراب ہو گیا ہے، لوگ بدل گئے ہیں، زمانہ خراب ہے۔ مگر میں سوال کرتی ہوں: کیا ہم نے خود کو بدلنے کی کوشش کی؟ کیا ہم نے اپنے گھر سے اصلاح شروع کی؟ قلم مجھے یہی سوال کرنے کی جرات دیتا ہے۔ جب میں لکھتی ہوں تو میں پہلے خود سے سوال کرتی ہوں، پھر معاشرے سے۔ کیونکہ میں جانتی ہوں کہ اصلاح باہر سے نہیں، اندر سے شروع ہوتی ہے۔

میں قلم کو معاشرے کا آئینہ سمجھتی ہوں اور آئینہ کبھی جھوٹ نہیں بولتا۔ اگر ہمارے چہرے پر داغ ہے تو آئینہ سچ بتا دےگا، اسی طرح میرا قلم جب کرپشن، جھوٹ، ناانصافی، نفرت، فرقہ واریت اور بے حسی کے خلاف لکھتا ہے تو وہ کسی کی دشمنی میں نہیں لکھتا بلکہ وہ اصلاح کے لیے لکھتا ہے۔ میں نہیں چاہتی کہ میری تحریر کسی کی دلآزاری کرے، میں تو یہ چاہتی ہوں کہ میری تحریر ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑ کر دل میں اطمینان اور سکون بھر دے ـ

میں یہ بھی مانتی ہوں کہ صرف تنقید سے اصلاح نہیں ہوتی میں

اگر کسی کی صرف برائیاں ہی گنواتی رہوں گی تو لوگوں میں مایوسی اور انتشاری پھیل جائے گی قوم کو تنقید کی بجائے اصلاح کی امید چاہیے، مثبت سوچ چاہیے، علم کی روشنی چاہیے۔ اسی لیے میں اپنی تحریروں میں اچھائی کی بات کرنا چاہتی ہوں آج کی نسل کو یہ بتانا چاہتی ہوں عمل کرو کیونکہ تم ہی اس قوم کی امید اور مستقبل ہو ، تمہارے ہاتھ میں ہی تبدیلی لانے کی کنجی ہے، میں ماؤں کو یہ بتانا چاہتی ہوں کہ تمہاری گود ہی پہلی تعلیمی درسگاہ ہوتی ہے، ہر انسان کو یہ بات معلوم ہونا چاہیے کہ تمہاری اچھی سوچ ایک اچھی بات اور تمہارا ایک نیک عمل اس بگڑتے اور ڈوبتے معاشرے کی تقدیر بدل کے رکھ سکتا ہے۔


فلسفہ مجھے یہ سکھاتا ہے کہ انسان صرف کھانے پینے کے لیے پیدا نہیں ہوا، وہ سوچنے سمجھنے اور معنی تلاش کرنے کے لیے پیدا ہوا ہے۔ جب ہم سوچنا چھوڑ دیتے ہیں تو ہم ہجوم بن کر رہ جاتے ہیں اور ہجوم کبھی بھی تہذیب نہیں بنتا۔ میرا قلم اس سوچ کو زندہ اور متحرک دیکھنا چاہتا ہے ـ میرا قاری میری بات سے اختلاف بھی کرے تو سوچ کر کرے یا کوئ سوال کرے تو تحقیق کرکے جواب دے کیونکہ سوال کرنا بغاوت نہیں شعور ہے کیونکہ اختلاف کرنا فطری عمل ہے یہ دشمنی نہیں بلکہ فکری پختگی ہے۔


میں جانتی ہوں کہ آج کی جنگیں سرحدوں پر نہیں ذہنوں میں لڑی جا تی ہیں, جو قوم اپنا حال خود نہیں لکھتی ہیں اس قوم کا حال دوسرے لکھنا شروع کردیتے ہیں ـ

اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ آج ایک قلم کار کی ذمے داری آج کل کے حالات میں پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے, لکھنے والے کا ہر لفظ ایک بیج کی مانند ہوتا ہے اگر ہم نفرت کا بیج بوئیں گے تو معاشرہ بھی نفرت کی فصل کاٹے گا۔ اگر ہم محبت،خلوص، سچائی اور رواداری کا بیج بوئیں گے تو معاشرہ امن کی فصل کاٹے گا، میں اپنے قلم سے محبت کا بیج بونا چاہتی ہوں۔

میں نے سر سید احمد خان، علامہ اقبال اور اشفاق احمد جیسے قلم کاروں کو پڑھا ہے۔ انہوں نے قلم سے قوموں کی تقدیر بدل دی۔ میں ان جیسی تو نہیں لیکن ہاں میں ان کے نقشِ قدم پر چلنا چاہتی ہوں، میرا خواب ہے کہ میرا ایک جملہ کسی مایوس انسان کو امید کی ایک نھنھی کرن دیدے میرا ایک مضمون کسی بھٹکے ہوئے مسافر کو راستہ دکھا دے، میری ایک ادنیٰ سی تحریر کسی کے دل میں امنگ اورانسانیت کی شمع جلا دے۔


آخر میں میں یہی کہوں گی کہ آئیے! ہم اپنے قلم کو مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنا کر اپنے خیالات و احساسات کو خوبصورت الفاظ میں ڈھال کر معاشرے کی بہتری میں اپنا حصہ ڈالنا شروع کریں ـ مجھے یقین ہے کہ ایک جملہ کسی کا ذہن بدل سکتا ہے، ایک مضمون کسی کی زندگی بدل سکتا ہے اور ایک مخلص قلم پورے معاشرے کی تقدیر بدل سکتا ہے۔


قلم اٹھائیے سچ لکھیے روشنی پھیلائیے کیونکہ قلم جہاں لفظ شعور بنتے ہیں، وہیں سے معاشرے کی اصلاح شروع ہوتی ہے۔