جمعرات، 15 اکتوبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

آئینی عدالت نےسہیل آفریدی کی نااہلی سے متعلق درخواست نمٹا دی


وفاقی آئینی عدالت نے خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی نااہلی سے متعلق رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی درخواست نمٹا دی۔


وفاقی آئینی عدالت میں چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سہیل آفریدی کی نااہلی سےمتعلق شیر افضل مروت کی درخواست پر سما عت ہوئی چیف جسٹس امین الدین خان نے کی،اس دوران انہوں نے ریمارکس دیے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد موجودہ صور تِ حال میں درخواست پر مزید کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی۔


دورانِ سماعت چیف جسٹس امین الدین خان نے استفسار کیا کہ وزیر اعلیٰ کے خلاف حالیہ پیش رفت کے بعد کیا درخواست سنی جا سکتی انہوں نے ریمارکس دیے کہ درخواست غیر مؤثر ہو چکی ہے اور اس وقت سہیل آفریدی کے پاس وزیر اعلیٰ کا عہدہ نہیں ہے، موجودہ صورتِ حال میں درخواست پر کارروائی آگے نہیں چل سکتی۔


اس موقع پر درخواست گزار شیر افضل مروت نے عدالت سے استدعا کی کہ سہیل آفریدی کے خلاف درخواست پر انہیں مختصر التوا دیا جائے وہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو بھی چیلنج کرنا چاہتے ہیں اگر مستقبل میں گورنر راج اور ایمرجنسی ختم ہو جاتی ہے تو سہیل آفریدی دوبارہ بحال ہو سکتے ہیں۔


اس پر چیف جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیے کہ اگر مستقبل میں وزیر اعلیٰ بحال ہوتے ہیں تو درخواست گزار درخواست کی بحالی کے لیے متفرق درخواست دائر کر سکتے ہیں۔


دورانِ سماعت جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دیے کہ گورنر راج اور ایمرجنسی الگ معاملات ہیں اور وزیر اعلیٰ کے خلاف درخواست اب بظاہر لائیو ایشو نہیں رہی، عدالت نے ان ریمارکس اور موجودہ صورتِ حال کی روشنی میں سہیل آفریدی کی نااہلی سے متعلق شیر افضل مرو ت کی درخواست نمٹا دی۔