2 مسافر ٹرینیں حادثات کا شکار ہوگئیں ۔
رائیونڈ میں کراچی سےلاہورجانیوالی شالیمار ایکسپریس پٹڑی سےاترگئی، ریلوے حکام کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کےباعث پیش آیا مسافروں کوریلیف ٹرین کےذریعے منزل کی طرف روانہ کردیا گیا ہے، حادثےمیں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
دوسری جانب پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس بھی حادثے کا شکار ہوئی جس کی ایک بوگی گوجرخان کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گھنگھریلہ اور گوجرخان کے درمیان بوگی پٹڑی سے اتری، جعفر ایکسپریس صبح 6 بجے پشاور سے روانہ ہوئی تھی,بوگی پٹڑی سے اترنے کے باعث ٹریک پر ٹرینوں کی آمدوروفت معطل ہوگئی، ریلوے حکام ٹریک کی بحالی کےلئے موقع پر موجود ہیں۔
یاد رہے گزشتہ روز راولپنڈی سے کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس بھی کھاریاں کے قریب ڈیل ریل ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ ٹرین حادثات کی روک تھام کیلئے اگست 2025 میں ڈی ایس ریلویز کو نیا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ بریکنگ سسٹم میں خرابی والی کوچز مال گاڑی یا مسافر ٹرینوں کیساتھ لگانے پر پابندی عائد ہوگی۔
ایسی کوچز ٹرین کے ساتھ نہیں لگائی جائیں گی جن کو روکنے میں دشواری کا سامنا ہو،متعلقہ ڈیپارٹمنٹ گاڑی روانہ کرنے سے پہلے بریکنگ سسٹم لازمی چیک کرے گا۔ صرف مکینیکل ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے کلیئر ہونے والی کوچز ہی استعمال کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں






