انسان پیدائشی طور پر باغی نہیں ہوتا۔ اسے باغی بنایا جاتا ہے؛ کبھی حالات کے ہاتھوں، کبھی ناانصافی کے مسلسل تجربات سے، کبھی اپنوں کی بے اعتنائی سے اور کبھی اس معاشرے کے دوہرے معیار سے جہاں سچ بولنے والے کو مجرم اور مصلحت کے تحت خاموش رہنے والے کو سمجھ دار سمجھا جاتا ہے۔ بغاوت دراصل کسی ایک دن کا فیصلہ نہیں، یہ برسوں کی خاموشی، ٹوٹتی امیدوں، کچلے ہوئے خوابوں اور زخمی خودداری کا وہ حاصل ہے جو ایک دن انسان کے لہجے میں انکار بن کر ظاہر ہوتا ہے۔
ذرا اپنے اردگرد دیکھیے! کتنے ہی چہرے بظاہر مطمئن دکھائی دیتے ہیں، مگر ان کے اندر ایک جنگ جاری ہے۔ کوئی مہنگائی کے ہاتھوں اپنے بچوں کی خواہشات پوری نہ کر پانے پر خود سے لڑ رہا ہے، کوئی ڈگریاں ہاتھ میں لیے روزگار کی تلاش میں دربدر ہے، کوئی سفارش اور اقربا پروری کے سامنے اپنی قابلیت کا نوحہ پڑھ رہا ہے اور کوئی اپنے ہی گھر میں اپنی رائے رکھنے کی سزا بھگت رہا ہے۔ یہ سب لوگ لازماً احتجاج نہیں کرتے، نہ ہی ان کے ہاتھوں میں کوئی بینر ہوتا ہے، مگر ان کے اندر کہیں نہ کہیں ایک سوال ضرور جنم لیتا ہے: آخر کب تک؟ آج کا نوجوان اس سوال کی ایک زندہ مثال ہے۔ اس کے پاس اعلیٰ تعلیم کی اسناد ہیں، آنکھوں میں خواب ہیں اور صلاحیتوں کا ایک جہان ہے، مگر عملی زندگی میں قدم رکھتے ہی اسے معلوم ہوتا ہے کہ صرف قابلیت کافی نہیں۔ کہیں تجربے کی شرط ہے، کہیں سفارش کا دروازہ کھلا ہے اور کہیں محدود مواقع کی وجہ سے برسوں کی محنت بے نتیجہ دکھائی دیتی ہے۔ ایک ایسا نوجوان جو اپنے مستقبل کے لیے دن رات محنت کرتا ہے، جب بار بار مایوسی سے دوچار ہوتا ہے تو اس کے اندر نظام سے شکوہ پیدا ہونا فطری ہے۔ بعض نوجوان ملک چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہیں، بعض اپنی راہیں خود بناتے ہیں اور کچھ اپنے سوالات کے ذریعے معاشرے کو جھنجھوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ کیا یہ محض بے صبری ہے یا ان حالات کے خلاف ایک ردِعمل جنہوں نے ان کے خوابوں کو محدود کر دیا ہے؟
سوشل میڈیا نے بھی بغاوت کے اظہار کو ایک نئی جہت دی ہے۔ اب کسی دور دراز علاقے میں ہونے والی ناانصافی چند لمحوں میں دنیا کے سامنے آ سکتی ہے۔ کوئی عام شہری اپنے موبائل فون سے طاقت ور حلقوں کے رویوں پر سوال اٹھا سکتا ہے، کوئی خاتون اپنی زندگی کے تجربات بیان کر سکتی ہے اور کوئی نوجوان ان موضوعات پر گفتگو شروع کر سکتا ہے جنہیں کبھی بند کمروں تک محدود رکھا جاتا تھا۔ البتہ اسی سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں، کردار کشی اور نفرت انگیز مہمات کا سیلاب بھی موجود ہے۔ اس لیے ہر بلند آواز سچ کی نمائندہ نہیں ہوتی، مگر ہر اختلاف کو جھوٹ یا بغاوت قرار دینا بھی درست نہیں۔ عورت کی زندگی میں بغاوت کا مفہوم اکثر بہت مختلف ہوتا ہے۔ ایک ایسی عورت جو برسوں اپنی خواہشات قربان کرتی رہے، اپنی رائے دباتی رہے اور ہر فیصلے میں دوسروں کی رضا کو مقدم رکھے، جب ایک دن اپنے حقِ تعلیم، حقِ روزگار یا اپنی زندگی کے فیصلوں میں شمولیت کا مطالبہ کرتی ہے تو اسے خودسر کہہ دیا جاتا ہے۔ آج کی عورت اپنے وجود کی پہچان، معاشی خودمختاری اور عزتِ نفس کے لیے آواز بلند کر رہی ہے۔ وہ یہ نہیں چاہتی کہ اسے کسی سے برتر سمجھا جائے، بل کہ اس کا مطالبہ صرف اتنا ہے کہ اسے انسان سمجھا جائے۔ کیا اپنے جائز حقوق کی بات کرنا بغاوت ہے یا ایک زندہ معاشرے کی بنیادی ضرورت؟
دنیا کے حالات پر نظر ڈالیں تو فلسطین کا المیہ ہمارے سامنے ایک ایسا سوال بن کر کھڑا ہے جسے نظرانداز کرنا ممکن نہیں۔ غزہ میں عام شہریوں، بچوں، خواتین اور بے گھر خاندانوں کی تکالیف نے دنیا بھر میں ضمیر رکھنے والے لوگوں کو آواز اٹھانے پر مجبور کیا ہے۔ مختلف ممالک میں ہونے والے احتجاج، طلبہ کی پُرامن تحریکیں اور انسانی حقوق کے لیے اٹھنے والی آوازیں اس حقیقت کی یاد دہانی ہیں کہ ظلم کے خلاف احتجاج کسی ایک قوم یا مذہب تک محدود نہیں۔ جب انسانیت زخمی ہوتی ہے تو جغرافیائی سرحدوں سے آگے بھی دلوں میں اضطراب جنم لیتا ہے۔ یہ بھی بغاوت کی ایک صورت ہے؛ بے حسی کے خلاف انسانی ضمیر کی بغاوت۔ اسی طرح دنیا کے مختلف حصوں میں خواتین کے حقوق، نسلی امتیاز، آزادیِ اظہار اور معاشی ناانصافی کے خلاف چلنے والی تحریکیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ انسان محض حالات کا تماشائی بن کر جینا قبول نہیں کرتا۔ وہ اپنے حصے کا سوال اٹھاتا ہے، اپنی آواز دوسروں تک پہنچاتا ہے اور تبدیلی کی خواہش کو اجتماعی شعور میں ڈھالنے کی کوشش کرتا ہے۔
لیکن ایک سوال یہاں بھی اہم ہے: کیا ہر باغی درست ہوتا ہے؟ ہرگز نہیں! بغاوت اگر محض انا، ذاتی مفاد، نفرت اور انتشار کا نام بن جائے تو وہ اصلاح کے بجائے تباہی کا سبب بنتی ہے۔ حقیقی بغاوت کا تعلق شعور سے ہے، اندھی مخالفت سے نہیں۔ اس میں دلیل ہوتی ہے، اخلاقی جرات ہوتی ہے اور اپنے مؤقف کی ذمہ داری قبول کرنے کا حوصلہ ہوتا ہے۔ جو شخص دوسروں کے حقوق پامال کرکے اپنے حقوق کی بات کرے، وہ باغی نہیں، اپنے ہی اصولوں کا منکر ہے۔ ہمارے معاشرے کا ایک بڑا المیہ یہ بھی ہے کہ ہم فرمانبرداری اور اچھائی کو اکثر ایک ہی معنی میں استعمال کرتے ہیں۔ جو شخص ہر بات پر سر ہلا دے، اسے شریف کہا جاتا ہے؛ جو سوال کرے، وہ بدتمیز ٹھہرتا ہے۔ جو ناانصافی سہہ لے، وہ صابر ہے؛ جو اس کے خلاف بولے، وہ فتنے کا باعث بن جاتا ہے۔ ہم نے لوگوں کو یہ سکھانے میں بہت وقت صرف کیا ہے کہ دوسروں کو ناراض نہ کرو، مگر یہ سکھانے میں کم توجہ دی کہ اپنے ضمیر کو ناراض نہ کرو۔
شاید اسی لیے بعض لوگ ایک خاص عمر، تجربے یا حادثے کے بعد بدل جاتے ہیں۔ وہ پہلے کی طرح ہر بات پر وضاحتیں نہیں دیتے، ہر تعلق کو بچانے کے لیے اپنی عزتِ نفس قربان نہیں کرتے اور ہر اختلاف کو ختم کرنے کے لیے خود کو قصوروار نہیں ٹھہراتے۔ انہیں سمجھ آ جاتی ہے کہ زندگی کا مقصد ہر شخص کو خوش رکھنا نہیں، بل کہ اپنے وجود کی سچائی کے ساتھ جینا بھی ہے۔ ان کا یہ بدلاؤ دوسروں کو غرور محسوس ہوتا ہے، حالاں کہ اکثر یہ خود آگہی کا نتیجہ ہوتا ہے۔ میرے نزدیک بغاوت کی سب سے خوب صورت شکل اپنے اندر کے انسان کو زندہ رکھنا ہے۔ مفاد پرستی کے دور میں اصولوں پر قائم رہنا، جھوٹ کے ہجوم میں سچ بولنا، نفرت کے ماحول میں انسانیت کا ساتھ دینا اور ناانصافی کو معمول سمجھنے سے انکار کرنا بھی ایک خاموش مگر طاقت ور بغاوت ہے۔ ہر مزاحمت کے لیے شور ضروری نہیں ہوتا؛ بعض اوقات ایک مضبوط فیصلہ پوری زندگی کا رخ بدل دیتا ہے۔
تو پھر انسان باغی کب بنتا ہے؟ شاید اس وقت جب اسے احساس ہو جائے کہ مسلسل خاموش رہنا اس کے وجود کے ساتھ ناانصافی ہے۔ جب سمجھوتے اس کی خودداری کو نگلنے لگیں، جب سوالات کا جواب دینے کے بجائے سوال کرنے والے کو مجرم ٹھہرایا جائے اور جب ضمیر کی آواز دنیا کی ناراضی سے زیادہ اہم ہو جائے۔ کسی کو باغی کہنے سے پہلے اس کی کہانی ضرور سنیے۔ ممکن ہے جس رویے کو آپ ضد سمجھ رہے ہوں، وہ برسوں کی اذیت کا ردِعمل ہو؛ جسے آپ غرور کہہ رہے ہوں، وہ خودداری ہو؛ اور جسے آپ نافرمانی سمجھ رہے ہوں، وہ اپنے وجود کو بچانے کی آخری کوشش ہو۔
یاد رکھیے! ہر باغی بغاوت کے شوق میں نہیں اٹھتا، بعض اوقات انسان صرف اس لیے کھڑا ہوتا ہے کہ اسے مزید جھکنے سے اپنے وجود کے ٹوٹ جانے کا خوف ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں






