ان شاء اللہ، انشاءاللہ یا انشاللہ؟ تحریر: مبراء عبدالقیوم

الفاظ کی درست ادائیگی اور تحریر بھی ہماری دینی ذمہ داری ہے۔ ہم روزمرہ گفتگو اور تحریر میں بہت سے ایسے الفاظ استعمال کرتے ہیں جن کا تعلق ہماری دینی زندگی سے ہوتا ہے۔ ان الفاظ میں ایک نہایت خوب صورت اور بابرکت جملہ "ان شاء اللہ" بھی ہے۔ ہم کسی کام کے ارادے کا اظہار کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ان شاء اللہ کل ملاقات ہوگی، ان شاء اللہ یہ کام مکمل ہو جائے گا یا ان شاء اللہ ہم ضرور آئیں گے۔ یہ محض ایک جملہ نہیں بلکہ اپنے ارادے کو اللہ تعالیٰ کی مشیت کے تابع کرنے کا اظہار ہے۔ افسوس کہ ہمارے ہاں اس جملے کو لکھنے کے معاملے میں خاصی بے احتیاطی دیکھنے میں آتی ہے۔
سوشل میڈیا پر نظر دوڑائیں تو بہت سے لکھاری، شاعر، کالم نگار اور عام صارفین اسے مختلف انداز میں لکھتے دکھائی دیتے ہیں۔ کوئی "ان شاء اللہ" لکھتا ہے، کوئی "انشاءاللہ" اور کوئی "انشاللہ"۔ بظاہر یہ معمولی سا املا کا فرق محسوس ہوتا ہے، لیکن حقیقت میں اس کے پیچھے عربی زبان کے الفاظ اور ان کے معانی کا فرق موجود ہے۔ سوال یہ ہے کہ ان میں سے درست صورت کون سی ہے اور ہمیں کون سا املا اختیار کرنا چاہیے؟
سب سے پہلے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ "ان شاء اللہ" عربی زبان کے تین الگ الفاظ پر مشتمل ہے۔
اِنْ کے معنی ہیں: اگر۔
شَاءَ کے معنی ہیں: چاہا۔
اللّٰہ سے مراد اللہ تعالیٰ کی ذات ہے۔
ان تینوں الفاظ کو ملا کر مفہوم بنتا ہے: اگر اللہ نے چاہا۔
قرآن مجید میں بھی یہ الفاظ الگ الگ استعمال ہوئے ہیں۔ سورۃ الکہف کی آیت نمبر 24 میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:
وَلَا تَقُولَنَّ لِشَيْءٍ إِنِّي فَاعِلٌ ذَٰلِكَ غَدًا إِلَّا أَنْ يَشَاءَ اللّٰهُ
ترجمہ: "اور کسی کام کے بارے میں ہرگز نہ کہنا کہ میں اسے کل ضرور کر دوں گا، مگر یہ کہ اللہ چاہے۔"
یہ آیت ہمیں سکھاتی ہے کہ مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی مشیت کو پیش نظر رکھنا چاہیے۔ انسان ارادہ ضرور کرتا ہے، منصوبے بھی بناتا ہے، لیکن ان کی تکمیل اللہ تعالیٰ کے اختیار میں ہے۔
اب ذرا "انشاءاللہ" کی طرف آتے ہیں۔ عربی زبان میں لفظ "انشاء" تخلیق، پیدا کرنے یا وجود میں لانے کے مفہوم میں استعمال ہوتا ہے۔ جب ہم "ان شاء اللہ" کو جوڑ کر "انشاءاللہ" لکھتے ہیں تو الفاظ کی اصل ساخت برقرار نہیں رہتی اور ایک مختلف لفظی صورت سامنے آتی ہے۔ اسی لیے درست اور محتاط طریقہ یہی ہے کہ اسے تین الگ الفاظ میں لکھا جائے۔
اسی طرح ’’انشاللہ‘‘ لکھنا بھی درست املا نہیں ہے، کیونکہ اس میں اصل عربی الفاظ کی صورت اور ان کی علیحدگی برقرار نہیں رہتی۔
یہاں ایک بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جو لوگ برسوں سے اسے مختلف انداز میں لکھتے آئے ہیں، ضروری نہیں کہ وہ جان بوجھ کر ایسا کرتے ہوں۔ اکثر اوقات ہم وہی املا اختیار کر لیتے ہیں جو اپنے اردگرد لوگوں کو استعمال کرتے دیکھتے ہیں۔ ایک لکھنے والا دوسرے سے سیکھتا ہے اور یوں ایک غلط صورت بھی عام ہوتی چلی جاتی ہے۔ لیکن علم حاصل کرنے کا مقصد ہی یہ ہے کہ جہاں اصلاح کی ضرورت محسوس ہو، وہاں اپنی عادت تبدیل کرنے میں ہچکچاہٹ نہ ہو۔
خصوصاً لکھنے والوں کی ذمہ داری کچھ زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ ایک عام صارف کی تحریر چند لوگوں تک محدود رہ سکتی ہے، لیکن ایک ادیب، شاعر یا کالم نگار کی تحریر سینکڑوں اور ہزاروں قارئین تک پہنچتی ہے۔ لوگ اس سے الفاظ سیکھتے ہیں، اس کے انداز کو اپناتے ہیں اور بعض اوقات اس کی تحریر کو مستند بھی سمجھتے ہیں۔ ایسے میں ہماری معمولی سی بے احتیاطی بھی دوسروں تک منتقل ہو سکتی ہے۔
ہم اردو املا کی درستگی کے لیے کتنی محنت کرتے ہیں، الفاظ کے انتخاب پر غور کرتے ہیں، جملوں کی ساخت بہتر بناتے ہیں اور تحریر کو خوب صورت بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ پھر دینی اصطلاحات اور قرآنی الفاظ کے معاملے میں وہی احتیاط کیوں نہیں برتتے؟ کیا یہ ہماری ذمہ داری نہیں کہ جس لفظ کو روزانہ اپنی زبان اور قلم کا حصہ بناتے ہیں، اسے درست صورت میں لکھنا بھی سیکھیں؟
اس کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ ہم دوسروں کی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی تحقیر کریں یا انہیں کم علم سمجھیں۔ اصلاح کا مقصد کسی کو نیچا دکھانا نہیں بلکہ علم میں اضافہ کرنا ہے۔ اگر کسی لکھاری کو اس املا کا درست طریقہ معلوم نہیں تو اسے محبت اور احترام سے بتایا جا سکتا ہے۔ کیونکہ علم کی خوب صورتی یہی ہے کہ انسان خود بھی سیکھے اور دوسروں تک بھی درست بات پہنچائے۔ میں بس اتنا کہنا چاہوں گی کہ آئندہ جب بھی قلم اٹھائیں اور اللہ تعالیٰ کی مشیت کا ذکر کریں تو تین الفاظ کو ان کی درست صورت میں لکھیے: "ان شاء اللہ"۔ یہ چھوٹی سی احتیاط ہماری تحریر میں علمی ذمہ داری اور زبان کے احترام کا اظہار ہے۔ یاد رکھیے، اچھا لکھاری صرف خوب صورت الفاظ نہیں لکھتا بلکہ درست الفاظ لکھنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی زبان، قلم اور عمل میں درستگی اختیار کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
مزید پڑھیں





