دنیا میں بعض دن محض کیلنڈر کی تاریخ نہیں ہوتے بلکہ معاشرے کو اپنے رویوں، ترجیحات اور طرزِ فکر پر نظرثانی کا موقع فراہم کرتے ہیں۔ 19 نومبر بھی ایسا ہی ایک دن ہے، جسے ہر سال عالمی یوم مرد (International Men's Day) کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن کے انعقاد کی ابتدائی کوششیں 1990ء کی دہائی میں سامنے آئیں، تاہم موجودہ عالمی یومِ مرد کا باقاعدہ آغاز 19 نومبر 1999ء کو کیریبین ملک ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو سے ہوا۔ وہاں یونیورسٹی آف ویسٹ انڈیز کے تاریخ کے استاد ڈاکٹر جیروم ٹیلکسنگھ نے اس دن کو متعارف کرایا۔ انہوں نے اپنے والد کی سالگرہ کی مناسبت سے 19 نومبر کا انتخاب کیا۔ اس دن کے بنیادی مقاصد میں مردوں کے مثبت کردار کو اجاگر کرنا، ان کی جسمانی و ذہنی صحت، معاشرتی خدمات، خاندانی ذمہ داریوں اور انہیں درپیش مسائل پر توجہ دینا شامل ہے۔ 2026ء میں اس دن کا موضوع ’’The Future Is Everyone‘‘ یعنی ’’مستقبل سب کا ہے‘‘ رکھا گیا ہے۔ یہ موضوع بھی اس حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ بہتر معاشرے کی تشکیل مرد اور عورت دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔اب آج کے دن کی مبارکباد اور کچھ جگہوں پر کچھ تقاریب میں سوشل میڈیا پر دکھایا جاۓ گا کہ مرد کو اس کا جائز مقام دے دیا گیا ۔
کیا عصر حاضر میں مرد کو اس کا اصل مقام یا یوں کہہ لیں جسے قوام بنا کر بھیجا گیا اسے مساوی بھی حاصل ہے ؟
یہی مقدمہ کے کر آج آپ کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں ۔
اسلامی تعلیمات میں مرد کا مقام محض اس کی جسمانی قوت یا معاشی ذمہ داریوں سے متعین نہیں ہوتا بلکہ اس کا اصل تعارف ایمان، کردار، عدل، رحم، امانت اور حسنِ سلوک ہے۔ قرآنِ مجید نے سورۃ الاحزاب کی آیت 35 میں مومن مردوں، صابر مردوں، سچے مردوں اور پاک دامن مردوں کا ذکر کیا ہے اور ساتھ ہی انہی اوصاف کی حامل عورتوں کو بھی اجر و ثواب کی بشارت دی ہے۔ سورۃ النحل کی آیت 97 میں واضح کیا گیا ہے کہ نیک عمل کرنے والا مرد ہو یا عورت، اسے پاکیزہ زندگی عطا کی جائے گی۔ رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ﷺ کی شفقت، عفو و درگزر، عدل، حسن معاشرت، بچوں سے محبت، اہل خانہ کے ساتھ حسنِ سلوک اور کمزوروں کی دستگیری ایک مثالی مرد کے کردار کی ایسی روشن مثالیں ہیں جن کی نظیر انسانی تاریخ میں تلاش کرنا آسان نہیں۔
یہاں ایک دلچسپ تاریخی حوالہ بھی قابل ذکر ہے۔ امریکی مصنف اور ماہر فلکیات مائیکل ایچ ہارٹ نے 1978ء میں ایک کتاب شائع کی، جس کا عنوان تھا ’’The 100: A Ranking of the Most Influential Persons in History‘‘۔ اس کتاب میں مصنف نے تاریخ کی سو بااثر شخصیات کو انسانی تاریخ پر ان کے اثرات کی بنیاد پر ترتیب دیا۔ حیرت انگیز طور پر اس فہرست میں پہلے نمبر پر حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا نام درج ہے۔ ہارٹ نے اپنی کتاب میں اس انتخاب کی وجہ بیان کرتے ہوئے لکھا کہ آپ ﷺ مذہبی اور دنیاوی، دونوں میدانوں میں غیر معمولی طور پر کامیاب رہے۔ یہ کسی مسلمان مصنف یا مذہبی ادارے کی مرتب کردہ فہرست نہیں بلکہ ایک غیر مسلم امریکی مصنف کی تاریخی و تجزیاتی کاوش تھی۔ ظاہر ہے یہ مصنف کی اپنی درجہ بندی تھی، تاہم اس کا حوالہ اس بات کو نمایاں کرتا ہے کہ رسول اکرم ﷺ کی شخصیت اور انسانی تاریخ پر آپ کے اثرات کا اعتراف مذہبی وابستگی سے بالاتر علمی حلقوں میں بھی موجود ہے۔
یہاں ایک اور بات بتاتا چلوں اکثر جب میں کسی اچھے مرد اچھے سے مراد باحیا، باوفا کی بات کرتے ہوۓ میں نبی کریم ﷺ کا حوالہ دوں تو کہا جاتا ہے آج کا مرد نبی کریم ﷺ جیسا نہیں ، بلاشبہ کسی بھی دور کا کوئی بھی مرد نبی کریم ﷺ جیسا نہ تھا نہ ہوگا جس کی ایک مثال اوپر ایک غیر مسلم کی کتاب کی صورت میں دے چکا ہوں ،وہ تو رب العزت کی تخلیقات میں سب سے بہترین تخلیق ہیں ، میرا سوال بصد احترام تمام ماؤں، بہنوں ، بیٹیوں سے ہے کہ اگر اس دور کا مرد نبی کریم ﷺ جیسا کیا صرف ایک مومن ہوتا تو کیا آج کی عورت اتنی آزاد اتنی ماڈرن ہوتی ؟ آپ انسانی تاریخ کے اوراق پلٹیں تو مردوں کی علمی، سائنسی، سماجی اور انسانی خدمات کی ایک طویل فہرست سامنے آتی ہے۔ الخوارزمی نے ریاضی اور الجبرا کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کیا، ابن الہیثم نے علم بصریات کو نئی جہتیں دیں، ابنِ سینا کی طبی تصنیف ’’القانون فی الطب‘‘ صدیوں تک طب کی تدریس اور تحقیق میں اہم مقام رکھتی رہی۔ بعد کے ادوار میں نیوٹن نے طبیعیات کے قوانین کی تفہیم میں انقلاب برپا کیا، مائیکل فیراڈے نے برقی مقناطیسیت کے میدان میں اہم بنیادیں فراہم کیں، لوئی پاسچر نے جراثیم اور ویکسین کے حوالے سے ایسی تحقیقات کیں جنہوں نے طب اور انسانی صحت کا منظرنامہ بدل دیا، جبکہ رائٹ برادران نے انسانی پرواز کے خواب کو حقیقت میں بدلنے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہ چند نام ہیں، ورنہ انسانی ترقی کی داستان میں ایسے بے شمار مردوں کی محنت، تحقیق اور جدوجہد شامل ہے جن کے کارناموں سے آج پوری دنیا مستفید ہو رہی ہے۔
ہمارے اپنے معاشرے میں بھی ایسے مرد موجود ہیں جنہوں نے اپنی زندگی دوسروں کے لیے وقف کر دی۔ عبدالستار ایدھی نے انسانیت کی خدمت کو اپنی زندگی کا مقصد بنایا۔ انہوں نے مذہب، رنگ، نسل اور طبقے کی تفریق کے بغیر ضرورت مندوں کی مدد کی۔ ڈاکٹر عبدالسلام نے طبیعیات کے میدان میں نوبیل انعام حاصل کرکے پاکستان کا نام روشن کیا۔ ایسے لوگ ہمیں یاد دلاتے ہیں کہ مردانگی کا اصل حسن دوسروں پر رعب جمانے میں نہیں بلکہ اپنی صلاحیت، علم، کردار اور خدمت سے انسانیت کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ تاریخ میں مردوں کے اتنے مثبت کردار، قربانیاں اور کارنامے رکھنے کے باوجود ہماری روزمرہ گفتگو میں مرد کا عمومی تعارف اکثر چند منفی مثالوں تک کیوں محدود ہو جاتا ہے؟ ایک کچوری، ایک سموسہ، ان مردوں کا کیا بھروسا! بظاہر مزاحیہ دکھائی دینے والا یہ جملہ دراصل ایک ایسی عمومی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس میں ایک فرد کی غلطی کو پوری جنس کا تعارف بنا دیا جاتا ہے۔ ایک مرد بے وفا ہو تو مرد ذات ہی مشکوک، ایک مرد دھوکا دے تو مردوں پر اعتبار ہی ختم، ایک مرد بدکردار نکلے تو گویا ہر مرد اسی کردار کا حامل ہے۔ آخر ایک شخص کے عمل کا بوجھ ہر اس مرد پر کیوں ڈالا جائے جو اپنی زندگی خاندان کی خوشیوں، والدین کی خدمت، بہن بھائیوں کی ضروریات اور اولاد کے مستقبل کے لیے صرف کر رہا ہے؟
میں کسی بدکردار مرد کی وکالت نہیں کر رہا۔ بے وفائی، دھوکا، استحصال اور بدکرداری جس سے بھی سرزد ہوں، قابل مذمت ہیں۔ میرا مقدمہ صرف اتنا ہے کہ کردار کا تعلق جنس سے نہیں، انسان کے اپنے عمل سے ہوتا ہے۔ اگر کسی مرد کی بے وفائی پر اسے کٹہرے میں کھڑا کرنا درست ہے تو کسی عورت کی بے وفائی کو بھی غلط کہنا چاہیے۔ اگر کوئی مرد کسی عورت کے جذبات سے کھیلتا ہے تو اس کے خلاف آواز اٹھنی چاہیے، لیکن اگر کوئی عورت کسی مرد کے اعتماد، محبت اور وفاداری کو پامال کرتی ہے تو اس مرد کی تکلیف کو بھی اسی سنجیدگی سے تسلیم کیا جانا چاہیے۔ کسی ایک عورت کے عمل کو تمام عورتوں کا کردار قرار دینا غلط ہے تو کسی ایک مرد کی غلطی کو تمام مردوں کا تعارف بنانا بھی درست نہیں۔
معاشرے میں ایک اور پہلو بھی ہماری توجہ چاہتا ہے۔ مرد سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ہر حال میں مضبوط رہے، گھر کے اخراجات اٹھائے، والدین کی ضروریات پوری کرے، بچوں کی تعلیم و تربیت کا بندوبست کرے اور خاندان کے ہر فرد کے لیے سہارا بنے۔ لیکن کیا کبھی ہم نے سوچا کہ اس سارے سفر میں اس کی اپنی خواہشات کہاں رہ جاتی ہیں؟ کتنے باپ ہیں جو اولاد کی فیس ادا کرنے کے لیے اپنی ضروریات مؤخر کر دیتے ہیں، کتنے بھائی ہیں جو اپنی خواہشات قربان کرکے بہنوں کی خوشیوں کا اہتمام کرتے ہیں، کتنے بیٹے ہیں جو اپنے خوابوں کو والدین کی خدمت پر قربان کر دیتے ہیں اور کتنے شوہر ہیں جو اپنی پریشانیاں چھپا کر گھر کے سکون کو برقرار رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان قربانیوں کا اعتراف بھی تو ہونا چاہیے۔ مرد کی ذہنی صحت، تنہائی، معاشی دباؤ اور جذباتی ضروریات بھی تو ہماری اجتماعی توجہ کی مستحق ہیں۔ اسے بھی رونے، تھکنے، پریشان ہونے اور مدد مانگنے کا حق حاصل ہے۔
بلاشبہ عورت ماں، بہن، بیٹی اور بیوی کے روپ میں عزت، محبت اور احترام کی مستحق ہے، لیکن مرد بھی باپ، بھائی، بیٹے اور شوہر کے روپ میں اسی احترام کا حق دار ہے۔ عورت کے حقوق کی بات کرنا مرد کی توہین نہیں اور مرد کی قربانیوں کا اعتراف کرنا عورت کی عظمت میں کمی نہیں کرتا۔ ہمیں کسی فرد کی حمایت اس کی جنس دیکھ کر نہیں بلکہ اس کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور اس کے حق کی بنیاد پر کرنی چاہیے۔ مظلوم عورت کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا فرض ہے تو مظلوم مرد کا ہاتھ تھامنا بھی ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے۔ ظالم مرد کو ظالم کہنا ضروری ہے تو ظالم عورت کو بھی اس کے عمل کا ذمہ دار قرار دینا چاہیے۔
یہ دن ہمیں کسی مقابلے یا جنس کی برتری کا پیغام نہیں دیتا بلکہ اپنے معاشرتی رویوں میں توازن پیدا کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ ہمیں ایسے مردوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے جو اپنے خاندان، معاشرے اور انسانیت کے لیے مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو یہ بھی سکھانا چاہیے کہ اچھا مرد وہ نہیں جو دوسروں پر اپنی طاقت آزمائے، بلکہ اچھا مرد وہ ہے جو اپنی طاقت سے کمزور کو تحفظ دے، اپنے اختیار سے انصاف کرے، اپنے علم سے دوسروں کو فائدہ پہنچائے اور اپنے کردار سے اعتماد پیدا کرے۔
آخر میں ایک سوال اپنے قارئین کے لیے چھوڑے جا رہا ہوں: اگر ہم چاہتے ہیں کہ مرد عورت کی عزت کرے، اس کے حقوق کا احترام کرے، اس کی مظلومیت پر آواز اٹھائے اور اس کے ساتھ کھڑا ہو تو کیا ہمیں بھی ایک مظلوم، وفادار اور باکردار مرد کے لیے اسی خلوص سے کھڑا نہیں ہونا چاہیے؟ کیا انصاف کی حمایت کرتے ہوئے ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ سامنے مرد ہے یا عورت، یا یہ کہ حق پر کون ہے؟
مرد کی اچھائی کو اس کی ذمہ داری سمجھ کر نظرانداز نہ کیجیے، اس کی قربانی کو اس کا فرض کہہ کر فراموش نہ کیجیے اور اس کی مظلومیت کو اس کی مردانگی کے پیچھے دفن نہ ہونے دیجیے۔ کیونکہ مرد ہونا انسان ہونے سے الگ کوئی حیثیت نہیں؛ مرد بھی تو انسان ہیں!
مزید پڑھیں






