بدلتا پاکستان: چولہا ٹھنڈا ، بجلی بند دل پھر بھی زندہ ہے،تحریر: عظمیٰ شیخ
نقطہ نظرصبح محلے میں سب سے پہلے دودھ والا آتا ہے۔ اس کے بعد شور آتا ہے۔ کسی گھر میں بچہ رو رہا ہے، کسی گھر میں ساس بہو کی چپقلش چل رہی ہے، کسی گھر میں ابا بچے کو اسکول کے لیے اٹھا رہا ہے اور بچہ ایسے سو رہا ہے جیسے اس نے ساری رات محنت مزدوری کی ہو۔
پہلے محلے میں سب ایک دوسرے کو جانتے تھے۔ کسی کے گھر مہمان آ جائے تو پورا محلہ پوچھتا تھا، کون آیا ہے؟ اب ساتھ والے گھر میں کون رہتا ہے، یہ بھی کسی کو نہیں پتا۔ دروازے بند ہیں، دل بھی بند ہیں۔ پہلے دروازہ کھلا ہوتا تھا، اب تالا بھی دو دو لگے ہوتے ہیں۔ ہمیں چور سے زیادہ اپنے پڑوسی سے ڈر لگنے لگا ہے۔
یہی بدلتا پاکستان ہے۔
گھر کا باپ سب سے زیادہ بدل گیا ہے۔ پہلے باپ گھر آتا تھا تو بچے ڈر کر چھپ جاتے تھے احترام سے کھڑے ہو جاتے تھے بھاگ کر لپٹ جاتے تھےلیکن اب باپ جب گھر آتا ہے اس سےبچے ڈر تے ہیں نہ اب وہ پیار نظر آتا ہے ، سب اپنی اپنی زندگی میں مگن رہتے ہیں ـ
باپ سارا دن بازار میں، دکان پر دفتر میں یا کسی کی مزدوری میں تھکتا ہے جب گھر آ کر وہ چاہتا ہے کہ کوئی اس سے پوچھے، "ابا، تھک گئے ہو؟ چائے پیو گے؟" لیکن کوئی نہیں پوچھتا۔ بیوی کہتی ہے، گیس کا بل آ گیا ہے ،بیٹا کہتا ہے جوتے ٹوٹ گئے ہیں ـبیٹی کہتی ہے اسکول کی فیس دینی ہے باپئس۔ جی سن لیتا ہے مگر اس کی کوئی نہیں سنتا۔ وہ رات کو چھت پر جا کر آسمان دیکھتا ہے اور سوچتا ہے، "میں نے ساری زندگی محنت کی، مگر میں نے کمایا کیا؟"یہ سوال اسے کسی سے پوچھنا نہیں آتا،اس لیے خاموش ہو جاتا ہے ہمارے گھروں کے باپ کا کردار سب سے زیادہ خاموش فرد کا ہے اور سب سے زیادہ تنہا بھی وہ ہے
ماں کی کہانی اس سے بھی زیادہ افسردہ ہے۔ وہ صبح سب سے پہلے اٹھتی ہے, ناشتہ بناتی ہے، بچوں کو تیار کرتی ہے، شوہر کے کپڑے استری کرتی ہے، گھر صاف کرتی ہے، کھانا بناتی ہے، برتن دھوتی ہے، اور رات کو سب کے سونے کے بعد بھی جاگتی رہتی ہے۔
اگر وہ بیمار ہو جائے تو گھر رک جاتا ہے۔ اگر باپ بیمار ہو جائے تو ماں دوگنی محنت کرتی ہے۔ لیکن جب ماں کہے، "میں تھک گئی ہوں،" تو جواب ملتا ہے، "گھر میں کرتی ہی کیا ہو، سارا دن تو گھر میں بیٹھی ہوتی ہو۔"
یہ جملہ سن کر وہ ہنس دیتی ہے،وہ ہنسی ایسی ہوتی ہے جس میں آنسو چھپے ہوتے ہیں، وہ کسی سے شکوہ نہیں کرتی وہ سمجھتی ہے کہ شکوہ کرنے سے گھر ٹوٹ جائے گا فرق پھر بھی نہیں پڑے گااس لیے وہ چپ رہ کر سب کچھ سہہ لیتی ہے۔ ہمارے معاشرے میں سب سے مظلوم
اورسب سے مضبوط عورت وہی ہے جسے ہم سب سے کمزور عورت کا نام دیتے ہیںـ
بازار جائیں تو ایک اور پاکستان نظر آتا ہے۔ دکاندار صبح دکان کھولتے ہی پہلا گاہک ڈھونڈتا ہے۔ اسے لگتا ہے پہلا گاہک اچھا ہو تو دن اچھا گزرے گا, گاہک آتا ہے،چیز اٹھاتا ہے، قیمت پوچھتا ہے اور کہتا ہے، "بھائی، کچھ کم کرو، ہم تو آپ کے پکے گاہک ہیں۔"
دکاندار بھی کم نہیں ہوتاوہ کہتا ہے، "بھائی، یقین کرو، اس میں مجھے کچھ نہیں بچتابس آپ کے لیے دے رہا ہوں۔" دونوں جانتے ہیں کہ دونوں جھوٹ بول رہے ہیں لیکن پھر بھی دونوں خوش نظر آتے ہیں یہ ہمارا روز کا ڈرامہ ہے۔
مگر اسی بازار میں ایک سچ بھی ہے۔ ایک غریب آدمی سبزی والے کے پاس جاتا ہے، تھوڑی سی سبزی لیتا ہے اور کہتا ہے، "باقی کل دے دوں گا۔" سبزی والا اسے دے دیتا ہے۔ اسے پتہ ہے کہ وہ کل بھی نہیں دے پائے گا، پھر بھی دے دیتا ہے کیونکہ اسے پتہ ہے کہ بھوک کا کوئی ادھار نہیں ہوتایہ ہی ہمارے معاشرے کی اصل انسانیت ہےـ
اب رشتوں کی بات کریں تو ہنسی بھی آتی ہے اور رونا بھی لڑکے والوں کو لڑکی ایسی چاہیے جو خوبصورت ہو، پڑھی لکھی ہو، کھانا اچھا بناتی ہو اور نہ زیادہ بولتی نہ ہو، لڑکی والوں کو لڑکا ایسا چاہیے جو خوب کماتا ہو گھر اپنا ہو اور اس کی ماں ساتھ نہ رہتی ہو۔
مطلب دونوں کو انسان نہیں،فرشتہ چاہیے۔ اور جب فرشتہ نہیں ملتا تو کہتے ہیں، "آج کل اچھے رشتے کہاں ہیں؟"
شادی پر خرچہ دیکھیں تو لگتا ہے جیسے شادی نہیںکوئی مقابلہ ہو رہا ہے۔،کس کا ہال بڑا تھا، کس کا کھانا اچھا تھا، کس کی دلہن کا جوڑا مہنگا تھا۔ لوگ کھانا کھا کر کہتے ہیں، "مزہ نہیں آیا۔" اور دولہا دلہن کے گھر والے اگلے دو سال تک قرض ہی اتارتے رہتے ہیں۔ ہم نے خوشی کوبھی دکھاوا بنا دیا ہے۔ ہم لوگوں کو خوش کرنے کے لیے خود کو دکھی کر لیتے ہیںـ
ہمارے بچوں کا بچپن بھی بدل گیا ہے۔ پہلے بچے گلی میں کھیلتے تھے۔ گلی میں کرکٹ ہوتی تھی، گلی میں لڑائی ہوتی تھی، گلی میں صلح بھی ہو جاتی تھی اب بچے گھر میں قید ہیں۔ ان کے پاس کھیلنے کے لیے گلی نہیں ہے، دوست نہیں ہیں، وقت نہیں ہے۔
اسکول کا بستہ اتنا بھاری ہے کہ بچے کی کمر جھک گئی ہے۔ استاد کہتا ہے، "یاد کرو۔" ماں کہتی ہے، "پہلے نمبر پر آؤ۔" باپ کہتا ہے، "فیل ہو گئے تو دیکھنا۔" بچہ سوچتا ہے، "میں بچہ ہوں یا کوئی مشین ہوں؟"
وہ بچہ جو پہلے ہنستا تھا، اب چپ رہتا ہے۔ وہ ڈرتا ہے کہ اگر اس نے کچھ کہا تو اسے ڈانٹ پڑ جائے گی،ہم نے بچوں سے ان کا بچپن چھین لیا ہے اور بدلے میں انہیں نمبروں کی دوڑ دے دی ہے۔
اور اب اس سب پر انٹرنیٹ کا ہلکا سا سایہ بھی پڑ گیا ہےـ لوگوں میں دوریوں کی وجہ اب یہ انٹر نیٹ بھی ہےـ خلوص، محبت سب مصنوعی
ہوگیا ہے،پہلے لوگ ایک دوسرے کے گھر جا کر حال پوچھتے تھے۔ اب واٹس ایپ پر "السلام علیکم" لکھ کر سمجھتے ہیں کہ حق ادا ہو گیا۔ پہلے کوئی بیمار ہوتا تھا تو لوگ اس کے پاس بیٹھتے تھے، اب اس کی تصویر پر دل والا نشان بھیج دیتے ہیں۔
انٹرنیٹ نے فاصلے کم کیے لیکن دل دور کر دیے ہیں،اب بیٹا دوسرے کمرے میں بیٹھی ماں کو میسج کرتا ہے، "امی چائے ملے گی۔" ماں بھی جواب میں لکھ دیتی ا ہیں لے جاؤ دونوں ایک ہی چھت کے نیچے ہیں اور بات میسج پر ہو رہی ہے۔
یہ ہنسی کی بات بھی ہے اور افسوس کی بات بھی۔ ہمیں انٹرنیٹ نے سب سے جوڑ دیا، لیکن اپنے ہی گھر والوں سے دور کردیا ہے ـ
پھر بھی امید کیوں ہے؟
ان سب دکھوں کے بعد بھی امید ہے زندہ ہے، اب امید اس محلے میں ہے جہاں کوئی بیمار ہو جائے تو پورا محلہ کھانا بھیجتا ہے۔ امید اس مسجد میں ہے جہاں نماز کے بعد لوگ ایک دوسرے کا حال پوچھتے ہیں۔ امید اس استاد میں ہے جو بغیر فیس کے غریب بچے کو پڑھا دیتا ہے۔ امید اس ڈاکٹر میں ہے جو غریب مریض سے فیس نہیں لیتا۔
بدلتا پاکستان انہی لوگوں کا پاکستان ہے۔ جو شور نہیں مچاتےجو بڑی باتیں نہیں کرتے بس چپ چاپ نیک اور اچھے کام کرتے رہتے ہیں۔
اگر ہم نے اپنے باپ کو عزت دے دی، اپنی ماں کو آرام دے دیا، اپنے پڑوسی کا حال پوچھ لیا، اپنے بچے کو تھوڑا سا وقت دے دیا، اور اپنی شادی کو سادہ کر لیا، تو یہ ملک خود بدل جائے گا۔
کیونکہ ملک بڑی تقریروں سے نہیں بدلتا، ملک چھوٹی چھوٹی انسانیت سے بدلتا ہے۔ اور انٹرنیٹ کو بھی اگر ہم نے انسانیت کے لیے استعمال کریں دکھاوے کے لیے نہیں تو یہی انٹرنیٹ ہمارے ٹوٹے رشتوں کو پھر سےجوڑ سکتا ہے۔ ایک اور آخری امید یہ بھی ہے کہ
بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نے چولہا ٹھنڈا کر دیا ہے، ماں صبح لکڑیوں اور سلنڈر کے چکر میں پڑی ہوتی ہے۔ بجلی کے بل کم ہونے کے بجائے نئے ٹیکس اور نئی پریشانی نے اس کا سکھ بھی چھین لیا ہے۔ اس کا سد باب۔ جی لازمی ہےـ
مزید پڑھیں





