ہم نے اپنے بیٹوں کو بیٹا بننا سکھایا، شوہر نہیں،تحریر: ماہ جبین اظہر
نقطہ نظر
والدین اپنے بچوں کی تربیت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ بچپن ہی سے انہیں دوسروں کا احترام، بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سے شفقت سے پیش آنے کی تعلیم دی جاتی ہے۔ خصوصاً بیٹوں کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنے والدین کی عزت کیسے کرنی ہے، چھوٹے بہن بھائیوں کے ساتھ محبت سے کیسے رہنا ہے اور بڑے بہن بھائیوں کا احترام کیسے کرنا ہے۔ انہیں ایک اچھا بیٹا اور اچھا بھائی بننے کے طریقے سمجھائے جاتے ہیں، لیکن ایک اہم سوال اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے کہ انہیں ایک اچھا شوہر کیسے بننا ہے؟
ایک لڑکی جو اپنے والدین کے گھر میں زندگی کے تقریباً چوبیس پچیس سال گزارتی ہے، اس کے لیے شادی کے بعد ایک نئے گھر اور نئے رشتوں کے ساتھ زندگی کا آغاز کرنا ایک بڑا مرحلہ ہوتا ہے۔ وہ گھر جہاں اس نے اپنا بچپن گزارا، جہاں اس کی ضروریات کا خیال رکھا گیا اور جہاں اس کے مزاج اور عادات کو سمجھا گیا، اس کے لیے مانوس ہوتا ہے۔ لیکن شادی کے بعد اسے اپنا مانوس گھر چھوڑ کر ایک ایسے گھر میں جانا پڑتا ہے جہاں ہر چہرہ، ہر رشتہ اور ہر ماحول اس کے لیے نیا ہوتا ہے۔ وہ اپنی تمام وابستگیاں سمیٹ کر ایک نئی زندگی شروع کرتی ہے، جہاں اسے محبت، عزت، تحفظ اور اپنائیت کی امید ہوتی ہے۔
ایک اچھا بیٹا ہونا اور ایک اچھا شوہر ہونا دو الگ الگ ذمہ داریاں ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں اکثر بیٹوں کو پہلی ذمہ داری تو اچھی طرح سمجھائی جاتی ہے، لیکن دوسری ذمہ داری کے حوالے سے ان کی تربیت پر اتنی توجہ نہیں دی جاتی۔
ہم اپنے بیٹوں کو بار بار سمجھاتے ہیں کہ والدین کی نافرمانی نہ کرنا، ان کی خدمت کرنا اور ان کی عزت کرنا، کیونکہ والدین کی رضا بہت اہم ہے۔ یہ تمام باتیں اپنی جگہ بالکل درست ہیں، لیکن کیا ہم انہیں یہ بھی بتاتے ہیں کہ شادی کے بعد ان کی زندگی میں شامل ہونے والی عورت کے بھی جذبات، احساسات اور توقعات ہوتی ہیں؟ اس کے حقوق ادا کرنا، اس کی عزت و احترام کا خیال رکھنا اور اسے زندگی کے ہر اچھے برے وقت میں ساتھ دینا بھی شوہر کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ہم اپنی بیٹیوں کو شادی سے پہلے بہت سی نصیحتیں کرتے ہیں۔ انہیں بتایا جاتا ہے کہ سسرال جا کر سب کا خیال رکھنا، ساس سسر کی عزت کرنا، شوہر کی ضروریات کا خیال رکھنا، گھر کو بسانے کی کوشش کرنا اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو نظر انداز کرنا۔ انہیں سمجھایا جاتا ہے کہ رشتوں کو نبھانے کے لیے صبر اور برداشت ضروری ہے۔ لیکن کیا کبھی ہم اپنے بیٹوں کو بھی یہ سمجھاتے ہیں کہ تمہاری زندگی میں آنے والی لڑکی بھی کسی کی بیٹی ہے؟ اس نے بھی اپنے والدین کے گھر میں محبت اور توجہ پائی ہے۔ اسے بھی تم سے وہی عزت، اپنائیت اور تحفظ درکار ہے جس کی توقع تم اپنے گھر والوں سے رکھتے ہو۔
شادی کے بعد ایک عورت اپنی نئی زندگی میں خود کو ڈھالنے کی کوشش کرتی ہے۔ کبھی اسے اپنی ضروریات کے لیے شوہر کی طرف دیکھنا پڑتا ہے، کبھی ساس سسر سے توقعات وابستہ ہوتی ہیں۔ وہ چاہتی ہے کہ اس کا شوہر اس کے احساسات کو سمجھے، اس کی بات سنے اور اسے نئے ماحول میں تنہا محسوس نہ ہونے دے۔ لیکن اگر شوہر کی طرف سے تعاون اور اعتماد نہ ملے تو اس کے لیے زندگی مزید مشکل ہو جاتی ہے۔ اسے صرف گھر کے کاموں اور رشتوں کی ذمہ داریوں تک محدود کر دینا کافی نہیں، بلکہ اس کی ذہنی کیفیت، جذبات اور خواہشات کو سمجھنا بھی ضروری ہے۔
ہمارے معاشرے میں بعض اوقات بیٹے کو یہ باور کرایا جاتا ہے کہ شادی کے بعد بھی اس کی پہلی اور واحد ذمہ داری والدین کی خوشی ہے، جبکہ بیوی کی توقعات کو غیر ضروری سمجھ لیا جاتا ہے۔ دوسری طرف بیوی سے یہ امید رکھی جاتی ہے کہ وہ ہر حال میں سسرال کے ماحول کے مطابق خود کو ڈھال لے۔ اگر شوہر اور اس کے گھر والوں کے درمیان اختلاف ہو تو عورت سے خاموش رہنے اور برداشت کرنے کی توقع کی جاتی ہے، لیکن بہت کم لوگ شوہر کو یہ سکھاتے ہیں کہ ایسے حالات میں اسے سمجھ داری اور انصاف سے دونوں طرف کے رشتوں کو کیسے سنبھالنا ہے۔
والدین کی عزت کرنا اور بیوی کے حقوق ادا کرنا ایک دوسرے کی ضد نہیں ہیں۔ ایک سمجھ دار مرد اپنے والدین کا احترام بھی کرتا ہے اور اپنی بیوی کو بھی عزت دیتا ہے۔ وہ کسی ایک رشتے کو خوش رکھنے کے لیے دوسرے رشتے کے جذبات کو مجروح نہیں کرتا۔ وہ جانتا ہے کہ اختلاف کی صورت میں کسی کی بے عزتی کرنا مسئلے کا حل نہیں، بلکہ تحمل، گفتگو اور انصاف سے معاملات بہتر بنائے جا سکتے ہیں۔
اسلام نے بھی شوہر کو بیوی کے ساتھ حسنِ سلوک کی تعلیم دی ہے۔ قرآنِ مجید میں ارشاد ہے:
وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ
ترجمہ: "اور ان کے ساتھ اچھے طریقے سے زندگی بسر کرو۔" (سورۃ النساء: 19)
یہ حکم ہمیں بتاتا ہے کہ ازدواجی زندگی صرف ایک عورت کی قربانیوں اور ذمہ داریوں کا نام نہیں، بلکہ اس میں مرد پر بھی محبت، عزت اور اچھے برتاؤ کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔
ہمیں اپنی بیٹیوں کے ساتھ ساتھ اپنے بیٹوں کی تربیت پر بھی توجہ دینی ہوگی۔ انہیں بچپن سے سکھانا ہوگا کہ عورت کی عزت کیسے کی جاتی ہے، اس کے جذبات کو کیسے سمجھا جاتا ہے، بیوی کے والدین کو کس طرح احترام دیا جاتا ہے اور بچوں کی پرورش میں باپ کا کردار کیا ہوتا ہے۔ انہیں یہ بھی سمجھانا ہوگا کہ گھر صرف عورت کی ذمہ داری نہیں، بلکہ میاں بیوی دونوں کی مشترکہ کوشش سے آباد ہوتا ہے۔
بیٹوں کی تربیت صرف انہیں اچھا بیٹا اور فرمانبردار اولاد بنانے تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ انہیں ایک اچھا شوہر، ذمہ دار باپ اور بہترین ہم سفر بننے کا شعور بھی دینا چاہیے۔ ہمیں اپنے بیٹوں کو بچپن ہی سے یہ سکھانا ہوگا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی میں شامل ہونے والی لڑکی کے بھی جذبات اور احساسات ہیں، اس کے والدین اور رشتے بھی قابلِ احترام ہیں اور اس کے حقوق کی ادائیگی بھی ان کی ذمہ داری ہے۔
بیٹیوں کو گھر بسانے کی تربیت دینے والے والدین اگر بیٹوں کو گھر آباد رکھنے کا سلیقہ بھی سکھا دیں تو شاید بہت سے گھر ٹوٹنے سے بچ جائیں۔ کیونکہ گھر صرف ایک عورت کی برداشت سے نہیں، مرد کی سمجھ داری، محبت اور ذمہ داری سے بھی آباد رہتے ہیں۔ جس گھر میں بیوی کو عزت، محبت اور اپنے پن کا احساس ملے، وہاں رشتے صرف نبھائے نہیں جاتے بلکہ دل سے سنوارے بھی جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں




