بھارت کے جنوبی ساحلی علاقوں سے سمندری طوفان ’’مراسو‘‘ ٹکرا گیا

بھارت کے جنوبی ساحلی علاقوں سے منگل کی علی الصبح سمندری طوفان ’’مراسو‘‘ ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں نے کئی علاقوں کو متاثر کیا۔
شنہوا کے مطابق ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ طوفان کے دوران ہواؤں کی رفتار 120 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی جبکہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاست آندھرا پردیش ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران یہ بھارت کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے والا دوسرا سمندری طوفان ہے۔ اس سے قبل طوفان ’’ارنب‘‘ کے باعث آندھرا پردیش اور ریاست اڑیسہ میں 10 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔طوفان مراسو کے ساتھ چلنے والی تیز ہواؤں اور موسلادھار بارشوں کے باعث آندھرا پردیش کے کئی اضلاع متاثر ہوئے،لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم بڑی تعداد میں درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہی۔طوفان کے باعث خراب موسمی حالات کے پیش نظر آندھرا پردیش اور پڑوسی ریاست تامل ناڈو کے مختلف ہوائی اڈوں سے 20 سے زائد پروازیں منسوخ یا دیگر ہوائی اڈوں کی جانب موڑ دی گئیں، جن میں دو بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں





