اعترافِ خدمات کا لمحہ،تحریر: سید ساجد علی شاہ
نقطہ نظر
زندگی میں کچھ لمحے ایسے ہوتے ہیں جن پر انسان خوشی محسوس کرتا ہے مگر اس خوشی کو الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں ہوتا ، بعض اوقات کوئی خبر سامنے آتی ہے تو آنکھیں بار بار اس خبر کو دیکھتی ہیں اور دل یقین کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ کیا واقعی یہ نام میرا ہے؟ کیا واقعی میری برسوں کی محنت کو ایک بار پھر کسی پلیٹ فارم پر پذیرائی ملنے جا رہی ہے؟ میرے لیے باغی رائٹر فورم کی ایوارڈ لسٹ میں اپنا نام دیکھنا بھی ایسا ہی ایک لمحہ ہے، 2000 سے لے کر 2026 تک کا سفر محض سالوں کا حساب نہیں بلکہ قلم کے ساتھ وفاداری اور مسلسل جدوجہد کی ایک داستان ہے، ان 26 برسوں میں یہ ساتویں ایوارڈ تقریب ہے جس میں میرا نام شامل ہوا ہے ، یہ اعزاز میرے لیے صرف ایک ایوارڈ نہیں بلکہ ان تمام دنوں کی یادگار ہے جب محدود وسائل کے باوجود لکھنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ جب چھوٹے شہر کی گلیوں میں بیٹھ کر بڑے خواب دیکھے جب اخبارات و رسائل میں اپنی تحریوں کی اشاعت کے لیے انتظار کیا اور جب کسی قاری کی ایک چھوٹی سی حوصلہ افزائی بھی کئی دنوں کی تھکن دور کر دیتی تھی
صحافت اور کالم نگاری کا راستہ بظاہر آسان دکھائی دیتا ہے مگر اس کے پیچھے ایک طویل مشقت ہوتی ہے قلم اٹھانا آسان ہے مگر قلم کو برسوں تک زندہ رکھنا مشکل ہر روز کسی نئے موضوع کی تلاش ، معاشرتی مسائل کو سمجھنا ، لوگوں کے دکھ درد کو محسوس کرنا ، اپنے اردگرد کے حالات کو الفاظ میں ڈھالنا اور پھر ان الفاظ کو قارئین تک پہنچانا ایک ایسی ذمہ داری ہے جو صرف شوق سے نہیں بلکہ مستقل مزاجی سے پوری ہوتی ہے۔
چھوٹے شہروں کے لکھاریوں کے لیے بڑے ادبی اور صحافتی پلیٹ فارم تک پہنچنا ہمیشہ ایک چیلنج رہا ہے۔ وسائل کی کمی محدود تعارف، بڑے شہروں کے ادبی حلقوں سے دوری اور بعض اوقات مناسب پذیرائی نہ ملنے کا احساس ان کے سفر کو مشکل بنا دیتا ہے لیکن جب کوئی فورم ایسے لکھاریوں کو تلاش کرتا ہے ان کی تحریوں کو پڑھتا ہے اور ان کی خدمات کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ کے لیے منتخب کرتا ہے تو یہ صرف ایک فرد کی خوشی نہیں بلکہ پورے ادبی ماحول کے لیے امید کی ایک نئی کرن بن جاتی ہے باغی رائٹر فورم بھی اسی امید کا ایک نام ہے فورم کے سرپرست مبشر لقمان صاحب ، ممتاز حیدر اعوان صاحب، اعجاز الحق عثمانی صاحب اور ان کی پوری ٹیم جس انداز سے ملک بھر کے لکھاریوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر رہی ہے وہ قابل تحسین ہے۔ خواتین و حضرات لکھاریوں کو یکساں عزت اور پذیرائی دینا چھوٹے شہروں سے تعلق رکھنے والے قلم کاروں کو سامنے لانا اور ادبی خدمات کی بنیاد پر ان کی حوصلہ افزائی کرنا ایک قابل قدر عمل ہے میں باغی رائٹر فورم کے سرپرست مبشر لقمان صاحب، ممتاز اعوان صاحب، اعجاز الحق عثمانی صاحب اور ان کی پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ایسے ادارے اور افراد معاشرے میں اس احساس کو زندہ رکھتے ہیں کہ قلم کی محنت بے کار نہیں جاتی اور خاموشی سے کام کرنے والوں کو بھی کبھی نہ کبھی پہچان ملتی ہے۔ یہ ایوارڈ تقریب صرف اعزازات کی تقسیم کا ایک پروگرام نہیں بلکہ پورے پاکستان سے تعلق رکھنے والے لکھاریوں کے گلدستے کی ایک خوبصورت ملاقات ہوگی اس گلدستے میں مختلف شہروں کی خوشبو ہوگی مختلف تجربات کی مہک ہوگی مختلف نظریات اور خیالات ہوں گے مگر سب کے ہاتھوں میں قلم اور دلوں میں ادب سے محبت ہوگی۔ یہ وہ موقع ہوگا جہاں کسی بڑے شہر کے لکھاری کے ساتھ کسی چھوٹے شہر کا قلم کار بھی اپنی شناخت کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ میرے لیے اس ایوارڈ لسٹ میں نام دیکھنا بھی ایک حیرت انگیز احساس تھا۔ یقین نہیں ہو رہا تھا کہ 26 سالہ قلمی سفر میں ایک بار پھر یہ اعزاز میرے حصے میں آیا ہے شاید یہ وہ لمحہ ہے جب انسان اپنی گزشتہ زندگی کے صفحات پلٹتا ہے اور محسوس کرتا ہے کہ راستہ کتنا دشوار تھا مگر سفر جاری رکھنے کی ہمت کہیں نہ کہیں موجود رہی۔
میں اس پذیرائی کو اپنی کامیابی سے زیادہ قلم کی عزت سمجھتا ہوں یہ اعزاز میرے لیے ایک نئی ذمہ داری بھی ہے کہ لکھنے کا سفر مزید اخلاص کے ساتھ جاری رکھوں اپنی تحریوں میں معاشرے کے مسائل کو جگہ دوں ان لوگوں کی آواز بننے کی کوشش کروں جن کی آواز اکثر بلند ایوانوں تک نہیں پہنچتی اور ادب کے ذریعے اپنے حصے کا چراغ روشن رکھوں۔
ایوارڈ انسان کو منزل نہیں دیتے بلکہ اس کے سفر میں حوصلہ بڑھاتے ہیں میرے لیے بھی یہ ساتویں ایوارڈ تقریب ایک نئی منزل کا نام نہیں بلکہ ایک نئے عزم کی علامت ہے قلم چلتا رہے لفظ زندہ رہیں، ادب کی خدمت جاری رہے اور اللہ تعالیٰ اس سفر کو اپنی رضا کے لیے قبول فرمائے۔ یہ اعزاز میرے لیے خوشی بھی ہے حوصلہ بھی اور قلم سے کیے گئے وعدے کی تجدید بھی
مزید پڑھیں




