منگل، 17 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

ایف آئی اے کی پمز ہسپتال کے سرجیکل ویسٹ سٹیشن میں کارروائی،3 افراد گرفتار

fire

ایف آئی اے نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال کے سرجیکل ویسٹ سٹیشن پر کارروائی کرتے ہوئے 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔


ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے پمز ہسپتال کے انسینریٹر پر چھاپہ مارا اور پلیسنٹا (نال) کو تلف کرنے کے عمل اور اس سے متعلق ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کا مقصد انسینریٹر میں پلیسنٹا کی تلفی کے طریقہ کار اور اس کا ریکارڈ چیک کرنا تھا۔


اس دوران ایف آئی اے ٹیم نے سرجیکل ویسٹ سٹیشن کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا جبکہ اہم دستاویزات بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران پمز ہسپتال کے تین افراد کو حراست میں لیا ہے، جن میں ہسپتال کا ایک ملازم، ایک ریٹائرڈ انجینئر اور ایک سیکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق پمز کے شعبہ انفیکشن کنٹرول سے بتایا جاتا ہے۔


ذرائع کے مطابق ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی سے قبل پمز انتظامیہ کو آگاہ کر دیا تھا۔ کارروائی کے دوران ہسپتال میں سرجیکل ویسٹ مینجمنٹ، پلیسنٹا کی تلفی کے عمل اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی، تاحال ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کی وجوہات، حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف الزامات اور تحقیقات کے نتائج سے متعلق باضابطہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔