کراچی، بول نیوز کے دفتر میں آتشزدگی، عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا

کراچی، بول نیوز کے دفتر میں آتشزدگی، عمارت کے مختلف حصوں سے شعلے بلند، عملے کو بحفاظت نکال لیا گیا
کراچی کے علاقے کورنگی کریک کے قریب واقع نجی ٹی وی چینل بول نیوز کے دفتر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں عمارت کے مختلف حصوں سے شعلے بلند ہونے لگے اور علاقے میں دور دور تک سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ تاہم آتشزدگی کے فوری بعد عمارت میں موجود عملے اور ملازمین کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ عمارت کے مختلف حصوں میں آگ پھیلنے اور گہرے دھوئیں کے باعث علاقے میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی، جبکہ فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف رہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سندھ نے متعلقہ پولیس افسران کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایت کی۔ آئی جی سندھ نے حکم دیا کہ پولیس اہلکار ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون فراہم کریں۔
انہوں نے جائے وقوعہ اور اطراف کی سڑکوں کو فوری طور پر کلیئر کرانے کی بھی ہدایت کی تاکہ امدادی گاڑیوں کی آمدورفت اور ٹریفک کی روانی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
آتشزدگی کی وجوہات اور ممکنہ نقصانات کے حوالے سے تاحال تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
مزید پڑھیں





