Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

حکومت مذاکرات کیلئے تیار ہے، پی ٹی آئی کو بھی سنجیدگی دکھانا ہوگی، عقیل ملک


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے مذاکرات کے لیے تیار ہے اور اب پی ٹی آئی کو سنجیدگی دکھانا ہو گی۔

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ تمام تر معاملات افہام و تفہیم سے ہی حل ہونے چاہیئیں۔ پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کے حوالے سے جو جتن کرنے تھے کر لیے اور پھر کہا گیا کہ ہم حکومت کو ایک اور موقع دیتے ہیں جبکہ حکومت نے کوئی موقع نہیں مانگا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں یہی ہوتا ہے کہ معاملات بیٹھ کر حل کیے جائیں اور ہم نے ہمیشہ سے یہی کہا کہ بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کیا جائے۔ حکومت کا دوٹوک مؤقف ہے کہ یہ معاملات ایسے نہیں چل سکتے۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم معاملات بہتری کی طرف جا رہے ہیں اور امید ہے کہ معاملات خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں گے۔