نہ حریفِ جاں نہ شریکِ غم، شبِ انتظار کوئی تو ہو
کسے بزمِ شوق میں لائیں ہم، دلِ بے قرار کوئی تو ہو
احمد فراز
انتظار!
یہ لفظ بولنے اور لکھنے میں جتنا چھوٹا ہے اس کا احساس محسوس کرنے میں اتنا ہی بڑا اور تکلیف دہ ہے ۔
انتظار بہت کٹھن ہے یہ کرتے کرتے انسان کی روح فنا ہونے لگتی ہے اس کا حوصلہ ٹوٹنے لگتا ہے اس کی امید کا دیا بجھنے لگتا ہے اور انسان آخر کار ایک پرانے کھنڈر کی طرح ہو جاتا ہے بالکل ویران اور بد صورت۔
اس کی مدت چاہے چھوٹی ہو یا بڑی اس کا لمحہ لمحہ ہی صدیوں کے برابر لگتا ہے ۔ انتظار ایک ایسا لفظ ہے جس میں نہ جانے کتنی کہانیاں دفن ہیں۔ کوئی کسی شخص کا انتظار کرتا ہے، کوئی کسی خوشخبری کا، کوئی اپنے اچھے وقت کا اور کوئی ایسی واپسی کا جس کا شاید اب کوئی امکان ہی باقی نہیں رہا۔ عجیب بات ہے نا کہ انتظار کرنے والے اکثر جانتے ہیں کہ جس چیز کے وہ منتظر ہیں شاید وہ کبھی انہیں ملے ہی نہ پھر بھی دل امید کا دامن نہیں چھوڑتا ۔
انتظار ایک عجیب سی شے ہے، یہ انسان کو ایک ہی وقت میں زندہ بھی رکھتا ہے اور اندر ہی اندر مارتا بھی رہتا ہے۔
کبھی ہمیں کسی کے ایک پیغام کا انتظار ہوتا ہے تو کبھی کسی کی آواز سننے کی خواہش شدید تر ہوتی ہے اور کبھی محض اس امید پر دن گزر جاتے ہیں کہ شاید آج وہ شخص لوٹ آئے جس کے جانے کے بعد زندگی جیسے کہیں رک سی گئی ہے ۔
میرے خیال میں زندگی میں سب سے مشکل انتظار کسی کے آنے کا نہیں بلکہ اس حقیقت کو قبول کرنے کا ہوتا ہے کہ کچھ لوگ اب کبھی واپس نہیں آئیں گے حالانکہ ان کے نمبر آج بھی فون میں محفوظ ہوتے ہیں، ان کی تصویریں آج بھی گیلری میں موجود ہوتی ہیں اور ان سے جڑی یادیں آج بھی دل کے کسی کونے میں ویسے ہی تازہ ہوتی ہیں جیسے پہلے ہوا کرتی تھیں ۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ اب ان سے بات کرنے کا کوئی راستہ باقی نہیں رہتا اور یہ چیز بے حد تکلیف دہ ہے۔
کبھی کبھی ہم کسی شخص کا انتظار نہیں کر رہے ہوتے بلکہ اس احساس کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں جو کبھی اس شخص کی موجودگی میں محسوس ہوا کرتا تھا وہ بےفکری، وہ اپنائیت، وہ بےتکلف گفتگو اور وہ اطمینان کہ کوئی ہے جس کے سامنے ہمیں خود کو ثابت کرنے کی ضرورت نہیں مگر وہ احساس دوبارہ لوٹ کے نہیں آتا۔
وقت گزرتا رہتا ہے موسم بدلتے رہتے ہیں چہرے بھی بدل جاتے ہیں حتیٰ کہ انسان خود بھی پہلے جیسا نہیں رہتا مگر کچھ انتظار ایسے ہوتے ہیں جو وقت کے ساتھ ختم ہونے کی بجائے ہماری شخصیت کا حصہ بن جاتے ہیں۔
ہم بظاہر اپنی زندگی میں آگے بڑھ جاتے ہیں مگر دل کے کسی خاموش گوشے میں ایک دروازہ کھلا چھوڑ دیتے ہیں جہاں یہ امید باقی رہتی ہے کہ شاید اب انتظار ختم ہونے کو ہو ۔
مجھے لگتا ہے شاید انتظار کی سب سے تکلیف دہ بات یہی ہے کہ اس میں انسان کسی دوسرے سے زیادہ خود کو دھوکا دیتا ہے اسے معلوم ہوتا ہے کہ اب کوئی دستک نہیں ہوگی پھر بھی ہر آہٹ پر چونک جاتا ہے ۔
اسے معلوم ہوتا ہے کہ اب کوئی پیغام نہیں آئے گا پھر بھی بار بار موبائل کی اسکرین دیکھتا ہے اسے معلوم ہوتا ہے کہ کہانی ختم ہو چکی ہے مگر وہ دل ہی دل میں اس کے اگلے باب کا منتظر رہتا ہے ۔
لیکن کیا ہر انتظار کا انجام ملن ہے؟
نہیں بالکل نہیں!
کچھ انتظار صرف ہمیں یہ سکھانے آتے ہیں کہ زندگی کسی ایک شخص کسی ایک خواہش یا ایک خواب کے رک جانے سے ختم نہیں ہو جاتی بلکہ بعض اوقات ہمیں ان چیزوں کو چھوڑنا پڑتا ہے جنہیں ہم نے کبھی اپنی زندگی کا سب سے ضروری حصہ سمجھ لیا ہوتا ہے ۔
شاید زندگی کا سب سے بڑا ہنر ہی یہی ہے کہ انسان انتظار بھی کرے تو اپنی زندگی جینا نہ بھولے کیونکہ ہر آنے والا شخص ہماری منزل نہیں ہوتا اور ہر جانے والا شخص ہماری زندگی کا اختتام نہیں ہوتا اور جو یہ سمجھ جاتا ہے اس کا دل مطمئن ہو جاتا ہے ۔
میں خود سے اور ہر اس شخص سے جو کسی شے یا کسی شخص کا انتظار کرتے خود کو بھولا بیٹھا پے یہ کہنا چاہتی ہوں کہ انتظار ضرور کیجیے مگر اپنی زندگی کو انتظار مت بنائیے کچھ دروازے کھلنے کے لیے نہیں بلکہ بند رہنے کے لیے ہوتے ہیں اور کچھ لوگوں کا نہ لوٹنا ہی زندگی کی سب سے بڑی حقیقت ہوتی ہے اور اسی حقیقت کے ساتھ جینے میں ہماری اور ہمارے سکون کی بقا ہے ۔
مزید پڑھیں






