31 دسمبر تک اسلام آباد کو پلاسٹک فری اور کیش لیس بنانا ہے، محسن نقوی

اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب منعقد ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب میں شرکت کی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
تقریب میں منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کشمیر چوک انڈرپاس کی تعمیر پر ایک ارب 45 کروڑ 48 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے تحت اسلام آباد کے مصروف ترین کشمیر چوک پر تین رویہ انڈرپاس تعمیر کیا جائے گا، جبکہ منصوبہ ایک ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پراجیکٹ کا مقصد اسلام آباد کی خوبصورتی اور سفری سہولتوں میں اضافہ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کو پلاسٹک فری اور کیش لیس بنانا ہے،اسلام آباد کو مزید گرین بنایا جائے گا، اسلام آباد کو کیش لیس کرنے کا بھی منصوبہ ہے،اسلام آباد کے انفرااسٹرکچر کی بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ عوام اپنے منتخب نمائندوں کی کارکردگی اور وقت کے استعمال کو ضرور دیکھیں۔
اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کو منصوبہ ایک ماہ میں مکمل کرنے کے عزم پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سڑکوں ، پلوں اور انڈرپاسز کی تعمیر کا مقصد عوام کا قیمتی وقت بچانا ہے،ملک میں اجتماعی کاوشوں اور ٹیم ورک سے معاشی استحکام حاصل کیا ہے ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کاکا م جاری ہے ، دوسری طرف لانگ مارچ کا بھیانک سایہ دوبارہ نمودار ہورہا ہے،بدقسمتی سے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی کوششیں کامیاب نہ ہو سکیں ،پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیلئے دن رات سنجیدہ کوششیں کی گئیں ،دھرنوں اور احتجاجی مارچ کا پہلا نشانہ معیشت بنے گی،پی ٹی آئی سے کہتا ہوں ہوش کے ناخن لیں۔ وزیر اعظم نے اپوزیشن کو پھر مذاکرات کی پیشکش کر تے ہوئے کہا پی ٹی آئی دھرنوں کی سیاست ترک کرے ،بدقسمتی سے مذاکرات کے مثبت نتائج نہیں نکل سکے۔
مزید پڑھیں





