Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

اظہارِ محبت،تحریر: ایس اے شازِم

نقطہ نظر
s a shazim

محبت کا احساس ایسا ہے جسے محسوس تو کر سکتے ہیں لیکن دکھا نہیں سکتے۔ یہ ہمیشہ دل کے کسی کونے میں خیال ہی خیالوں میں جگہ بناتا ہے اور پھر انسانی رویوں میں اپنا عکس دکھاتا ہے لیکن سوال صرف اتنا ہے کہ کیا محبت کا اظہار ضروری ہے؟

مجھ سے یہ سوال پوچھا جائے تو میرا جواب ہاں میں ہو گا۔ محبت میں اظہار ضروری ہے کیونکہ ہر انسان چاہتا ہے کہ اسے یہ احساس ہو کہ وہ کسی کے لیے اہم ہے۔ صرف دل میں محبت رکھ لینا کافی نہیں، کبھی کبھی اسے لفظوں کی ضرورت بھی پڑتی ہے۔ ایک سادہ سا جملہ، "تم میرے لیے بہت اہم ہو، بہت خاص ہو" کسی پریشان شخص کے لیے تسلی بن سکتا ہے۔ کسی خاموش دل کے لیے امید بن سکتا ہے اور کسی کمزور رشتے میں نئی توانائی پیدا کر سکتا ہے۔

ہم اکثر یہ سمجھتے ہیں کہ سامنے والا ہماری خاموشی سے سب کچھ سمجھ لے گا۔ ہم سوچتے ہیں کہ ہماری فکر، ہماری توجہ اور ہمارے رویّے خود ہی محبت کا پتہ دے دیں گے مگر حقیقت یہ ہے کہ ہر شخص احساسات پڑھنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ بعض اوقات محبت موجود ہوتی ہے مگر اس کا اظہار نہ ہونے کی وجہ سے سامنے والا خود کو تنہا یا غیر اہم سمجھنے لگتا ہے۔

ہر رشتہ محبت کے اظہار کا محتاج ہے۔ ماں باپ سے محبت بھی صرف دل میں رکھنے کی چیز نہیں۔ کبھی ماں کے پاس بیٹھ کر اس کا حال پوچھ لینا، کبھی باپ سے یہ کہہ دینا کہ "آپ نے ہمارے لیے بہت کچھ کیا ہے۔" ان کے دل میں ایک عجیب سا سکون پیدا کر سکتا ہے۔ والدین کبھی اپنی محبت کا حساب نہیں مانگتے مگر ان کے لیے ہماری توجہ اور چند محبت بھرے الفاظ بہت معنی رکھتے ہیں۔اسی طرح بہن بھائیوں کے رشتے میں بھی اظہارِ محبت ضروری ہے۔ روزمرّہ کی نوک جھونک، شرارتوں اور مصروفیات کے درمیان کبھی یہ احساس دلانا کہ "تم میری طاقت ہو" رشتے کو مزید مضبوط کر دیتا ہے۔ بعض اوقات بہن بھائی ایک دوسرے سے محبت تو بہت کرتے ہیں مگر اسے ظاہر کرنے میں جھجھک محسوس کرتے ہیں۔ اس محبت کو اپنے دل میں چھپا کے رکھتے ہیں، کبھی زبان پر نہیں لے کر آتے اور نتیجتاً فاصلے بڑھ جاتے ہیں۔ دلوں میں کدورتیں پیدا ہوتی ہے اور اور پھر بہن بھائی جیسے رشتے بھی ایک دوسرے کے لیے اجنبی بن جاتے ہیں


دیکھا جائے تو دوستی میں بھی اظہار کی اپنی اہمیت ہے۔ ایک اچھا دوست صرف خوشیوں میں ساتھ دینے والا نہیں ہوتا بلکہ مشکل وقت میں خاموشی سے ساتھ کھڑے ہونے والا بھی ہوتا ہے۔ کبھی دوست کو یہ بتا دینا کہ "تمہاری دوستی میرے لیے بہت قیمتی ہے۔" شاید معمولی سا جملہ لگے مگر یہ دوستی میں اعتماد اور اپنائیت بڑھا دیتا ہے۔

میاں بیوی کے رشتے میں تو اظہارِ محبت اور بھی اہم ہو جاتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ روزمرّہ کی ذمہ داریاں، مصروفیات اور معمولات محبت کے اظہار کو کہیں پیچھے چھوڑ دیتے ہیں۔ ایسے میں ایک دوسرے کی تعریف کرنا، شکریہ ادا کرنا، خیریت پوچھنا اور یہ احساس دلانا کہ "میں تمہاری قدر کرتا ہوں" رشتے کو دوبارہ وہی گرمجوشی دے سکتا ہے جو وقت کے ساتھ مدھم پڑنے لگتی ہے۔

والدین کے لیے بھی اولاد سے محبت کا اظہار بہت اہم ہے۔ صرف یہ سوچ لینا کہ "میرا بچہ جانتا ہے کہ میں اس سے کتنا پیار کرتا ہوں" کافی نہیں!! کبھی اس کی بات سن لینا، اس کی کوشش کی تعریف کرنا، اس کی کامیابی پر خوش ہونا اور ناکامی کے وقت اسے حوصلہ دینا اس کی دل جوئی کرنا، یہ سب کام اس کے اندر یہ اعتماد پیدا کرتا ہے کہ محبت صرف کامیابی سے مشروط نہیں۔


محبت صرف "میں تم سے محبت کرتا ہوں" کہنے کا نام نہیں۔ محبت کبھی کسی کی بات غور سے سن لینے میں ہے، کبھی مشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہونے میں، کبھی بے وجہ خیریت پوچھنے میں، کبھی ناراضگی کے باوجود رشتہ بچانے کی کوشش میں اور کبھی کسی کے دکھ کو اپنا سمجھ لینے میں بھی پوشیدہ ہوتی ہے۔

البتّہ محبت کا اظہار صرف الفاظ تک محدود ہو جائے تو وہ بھی ادھورا ہے اگر زبان پر محبت ہو مگر رویّے میں بے اعتنائی، تو ایسے اظہار کی کوئی خاص قدر نہیں رہتی۔ سچی محبت وہ ہے جس میں آپ کے الفاظ آپ کے کردار کا ساتھ دیں۔ جہاں پر "میں تمہارے ساتھ ہوں" کا جملہ نہ ہو بلکہ ضرورت کے وقت واقعی ساتھ بھی موجود ہو۔

کچھ محبتیں ایسی بھی ہوتی ہیں جو خاموش رہ کر اپنی پوری شدت کے ساتھ زندہ رہتی ہیں۔ ہر احساس کا اظہار ضروری نہیں ہوتا کیونکہ بعض جذبات لفظوں سے کہیں زیادہ گہرے ہوتے ہیں مگر جہاں اظہار ممکن ہو، وہاں محبت کو ہمیشہ خاموشی کے پردے میں چھپا دینا بھی مناسب نہیں کیونکہ زندگی بہت مختصر ہے۔ ہمیں نہیں معلوم کہ ہمارے کسی اپنے کو ہماری ایک بات کی کتنی ضرورت ہے۔ ممکن ہے ہمارا ایک جملہ کسی کے اداس دن کو بدل دے، ہماری ایک دعا کسی کے دل کو حوصلہ دے دے یا ہماری ایک چھوٹی سی توجہ کسی رشتے کو ٹوٹنے سے بچا لے۔

ہم اکثر محبت کا اظہار کرنے میں اس لیے دیر کر دیتے ہیں کیونکہ ہمیں لگتا ہے ابھی بہت وقت باقی ہے مگر زندگی ہمیشہ "کل" کی ضمانت نہیں دیتی۔ کچھ لوگ ہمارے ساتھ ہوتے ہوئے بھی ہماری توجہ کے منتظر رہتے ہیں اور کچھ ایک دن ہماری زندگی سے ہمیشہ کے لیے چلے جاتے ہیں۔ پھر ہمارے پاس صرف یہ افسوس رہ جاتا ہے کہ کاش ہم نے وقت پر کہہ دیا ہوتا کہ "تم میرے لیے بہت اہم تھے۔"

اس لیے محبت کریں تو اسے محسوس بھی کریں، نبھائیں بھی اور جہاں ضرورت ہو، اظہار بھی کریں۔ ماں سے محبت ہے تو کبھی بتا دیں، باپ کی قدر ہے تو کبھی جتا دیں، بہن بھائی عزیز ہیں تو کبھی کہہ دیں، دوست قیمتی ہے تو انہیں احساس دلا دیں اور جس رشتے کو زندگی بھر ساتھ لے کر چلنا ہے، اسے خاموشی کے بجائے اعتماد، احترام اور محبت کے الفاظ بھی دیں۔

کیونکہ بعض محبتیں صرف دل میں رکھنے کے لیے نہیں ہوتیں؛ انہیں کبھی لفظوں، کبھی عمل اور کبھی صرف ایک چھوٹی سی توجہ کے ذریعے سامنے والے تک پہنچانا بھی ضروری ہوتا ہے۔ محبت تب اور بھی خوبصورت ہو جاتی ہے جب اسے محسوس کرنے والے کو یقین بھی ہو کہ وہ واقعی کسی کے لیے اہم ہے۔ شاید محبت کا سب سے خوبصورت اظہار یہی ہے کہ انسان اپنے کسی عزیز کو یہ یقین دلا دے:

"تم میری زندگی کا وہ خوبصورت حصہ ہو، جس کی موجودگی میرے لیے ایک نعمت ہے۔"