مریم نواز نے لاہوریوں کو خوش کر دیا،10 روزہ بسنت کی منظوری

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زندہ دلانِ لاہور کے لیے بڑی خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے نئے سال 2027 کی آمد پر لاہور میں 10 روزہ بسنت منانے کی منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق لاہور میں 29 جنوری سے 7 فروری 2027 تک بسنت منائی جائے گی، تاہم 5 فروری کو یومِ کشمیر کی مناسبت سے بسنت جشن کا ایک روز ناغہ ہوگا۔واضح رہے کہ 25 سال کے تعطل کے بعد رواں سال فروری میں 6 سے 8 فروری تک لاہور میں بسنت منائی گئی تھی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ 10 روزہ بسنت پنجاب کے تہذیبی رنگ اور لاہور کی قدیم تاریخی روایت کے فروغ کا باعث بنے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گزشتہ بسنت کے مقابلے میں شہریوں کی حفاظت اور سہولت کے لیے مزید بہتر اقدامات کیے جائیں۔مریم نواز شریف نے انسانی جانوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے فرض شناسی، ذمہ داری اور احساس کے ساتھ گزشتہ بسنت کی طرح نئی مثال قائم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ بسنت کے دوران حفاظتی اقدامات اور ضابطوں کی مکمل پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
مزید پڑھیں




