اتوار، 1 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

لندن:پارک لین جائیداد کرایہ ادا نہ کرنے پر مالک کے حوالے


برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے انتہائی مہنگے اور معروف علاقے پارک لین میں واقع ایک لگژری جائیداد طویل عرصے سے کرایہ ادا نہ کرنے پر عدالتی کارروائی کے نتیجے میں مالک مکان کے قبضے میں واپس چلی گئی۔


لندن ہائی کورٹ کے حکم پر 21 اکتوبر 2026 کو عدالتی بیلف اور نفاذ کے عملے نے جائیداد کا قبضہ حاصل کرکے مالک مکان کے حوالے کر دیا۔ اس معاملے میں ساجد بشیر کا نام سامنے آیا ہے، جن کے حوالے سے ماضی میں پاکستان کے معروف صحافی اور اینکر پرسن مبشر لقمان اپنے ٹی وی پروگراموں میں متعدد سنگین انکشافات اور الزامات سامنے لا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ماربل آرچ کے قریب پارک لین پر واقع مذکورہ جائیداد کا کرایہ کئی برس تک ادا نہیں کیا گیا، جس کے بعد مالک مکان نے قانونی چارہ جوئی کا راستہ اختیار کیا۔ معاملہ لندن ہائی کورٹ تک پہنچا جہاں سے جائیداد کا قبضہ واپس دلانے کا حکم جاری ہوا۔ عدالتی حکم پر 21 اکتوبر کو بیلف نے کارروائی کرتے ہوئے عمارت کا کنٹرول حاصل کیا اور اسے مالک مکان کے حوالے کر دیا۔ اس طرح طویل عرصے سے جاری کرایے کے تنازع کے بعد مالک مکان کو جائیداد کا قبضہ واپس مل گیا۔

ساجد بشیر کا نام اس سے قبل بھی پاکستان میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ مبینہ دھوکہ دہی کے الزامات کے حوالے سے سامنے آتا رہا ہے۔ معروف صحافی مبشر لقمان ماضی میں اپنے ٹی وی پروگراموں میں ساجد بشیر کے حوالے سے ایسے الزامات اور انکشافات پیش کر چکے ہیں جن میں متعدد کاروباری شخصیات کو مبینہ طور پر مالی نقصان پہنچانے اور ان کے ساتھ دھوکہ دہی کے معاملات کا ذکر کیا گیا تھا۔ ان پروگراموں میں مبشر لقمان نے ساجد بشیر کے مبینہ مالی روابط اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی سوالات اٹھائے تھے۔

مبشر لقمان کے سابقہ پروگراموں میں یہ الزامات بھی سامنے آئے تھے کہ ساجد بشیر مبینہ طور پر بعض بدعنوان سیاست دانوں اور ان کے اہل خانہ کے مالی معاملات، رقوم کی منتقلی اور منی لانڈرنگ سے متعلق سرگرمیوں میں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ 

لندن میں جائیداد کی ضبطی کا معاملہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے بھی اہم ہے کیونکہ پارک لین اور ماربل آرچ کا علاقہ لندن کے مہنگے ترین اور انتہائی پرتعیش رہائشی و تجارتی علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ یہاں واقع جائیدادوں کی قیمتیں اور کرائے غیر معمولی حد تک زیادہ ہوتے ہیں۔ ایسے علاقے میں واقع لگژری جائیداد کا برسوں تک کرایہ ادا نہ کرنے کے معاملے پر ہائی کورٹ کے ذریعے قبضہ واپس لیا جانا ایک اہم قانونی پیش رفت ہے۔

ہائی کورٹ کے حکم پر کارروائی کے بعد مالک مکان نے جائیداد کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے۔ اس تازہ پیش رفت نے ساجد بشیر کے حوالے سے مبشر لقمان کے ماضی کے پروگراموں میں اٹھائے گئے سوالات اور الزامات کو ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔