مظفرآباد میں بڑے ٹرانسپورٹ اڈے شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ

مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے مستقل حل کے لیے بڑے ٹرانسپورٹ اڈے مظفرآباد شہر سے باہر منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت ٹریفک مینجمنٹ، پبلک ٹرانسپورٹ ری لوکیشن پلان اور محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی سے متعلق الگ الگ اجلاس منعقد ہوئے، جن میں شہر میں ٹریفک کی صورتحال، پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام اور شہری سہولیات سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ ری لوکیشن پلان کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم افتخار گیلانی نے نئے لاری اڈے کے لیے تجویز کردہ مختلف مقامات کا فوری معائنہ کرنے اور اس حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے بڑے اڈوں کی شہر سے باہر منتقلی کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہری علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ کم کیا جاسکے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے شہر میں قائم غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک کے مسائل کا عارضی بنیادوں پر حل تلاش کرنے کے بجائے ان کے مستقل حل کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئے لاری اڈے کی منصوبہ بندی کرتے وقت مستقبل کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا جائے تاکہ آنے والے برسوں میں ٹرانسپورٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے باعث دوبارہ مسائل پیدا نہ ہوں۔ اس کے علاوہ شہر میں سڑکوں کی کشادگی اور ٹریفک کے متبادل روٹس کے قیام کے لیے فزیبلٹی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم افتخار گیلانی نے سبزی منڈی کو اس کے لیے مختص کردہ جگہ پر منتقل کرنے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں ٹریفک اور دیگر مسائل کو کم کرنے کے لیے متعلقہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مظفرآباد شہر کے انٹری پوائنٹس کو صاف، خوبصورت اور دیدہ زیب بنانے کے لیے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں داخل ہونے والے مقامات کو بہتر انداز میں ترتیب دیا جائے تاکہ شہری ماحول کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔ اس موقع پر نیلم پارک اور ٹاہلی منڈی کی جدید ڈیزائننگ اور تزئین و آرائش کے لیے بھی باقاعدہ پلان تیار کرنے کا حکم دیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شہری خوبصورتی، ٹریفک مینجمنٹ اور بنیادی سہولیات سے متعلق منصوبوں کو مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے جامع انداز میں تیار کیا جائے۔
مزید پڑھیں





