زندگی ایک خوبصورت سفر ہےجو اپنے مسافروں کودکھ درداور مسرت ونشاطکے بھر پور تحفے عطا کرتی رہتی ہے-میرا زندگی کا سفرپنجاب کے ایک زرخیز علاقے سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے محلہ کھوکھراں سے شروع ہوا - جس کی گلیوں کی رونق آج بھی سماعتوں میں رس گھولتی ہے-انہی گلیوں میں چلتے پھرتے زندگی اپنے نو بہن بھائیوں کے ساتھ رواں دواں رہی-والد اور والدہ نے تنگ دستی کے باوجود پیار محبت سے بھرپور بچپن دیا-زندگی کی تلخی کو کم کرنے کے لیے چھوٹی عمر میں نوکری کی طرف آنا پڑا - ایف اے، پی ٹی سی کے بعد درس و تدریس کاسلسلہ شروع ہوا-بی اے، ایم اے، ایم ایڈ اور ایم فل دوران تدریس کرتے ہوئے زندگی کے سفر میں خراماں خراماں آگے بڑھتی رہی-شادی بچے اللہ نے ہر نعمت سے نوازا -
لکھنے کا شوق بچپن سے رہا مگر مصروفیات اور گھر کا ماحول آڑے آتا رہا-جب سب گھر والے ٹی وی دیکھتے میں چھت والے کمرے میں لکھنے پڑھنے کا کام کرتی-لکھنے کا شوق اخبارات ورسائل میں لکھی تحریروں سے ہوا-میرے والداگرچہ دکاندار تھے مگر ہر ماہ اردو، سسپنس، سیارہ اور سات رنگ خریدتے تھے-اپنی چارپائی کے ساتھ دیوار پر ٹیبل لیمپ نصب کر رکھا تھا، مطالعے کے بعد لائٹ آف کر کے سوتے نوائے وقت اور جنگ کے علاوہ مقامی اخبارات گھر میں موجود ہوتے-پڑھائی اور گھر کے کاموں سے فراغت کے بعد ان کا مطالعہ کیا جاتا - والد صاحب ریڈیو، ٹی وی کے بھی شوقین تھےتو ہمارے اندر بھی یہ شوق پروان چڑھتے رہے-ریڈیو پر بذریعہ خط شرکت کیا کرتے اور ٹی وی پر بھی ایسے ہی شرکت کی - اس وقت سکول جانے سے پہلے ہم کارٹون دیکھا کرتےتھے - چاچا جی مستنصر حسین تارڑ ہمیں کارٹون دکھایا کرتےاور بےشمار باتیں کیا کرتےتھے - انہوں نے ہماری تین چار نظمیں سردی آئی، ہمارا سکول، سالگرہ وغیرہ بھی اپنے پروگرام میں شامل فرمائی اور یہ کہہ کر شامل فرمائی کہ یہ ہمیں بھیجی ہیں پسرور سے یاسمین کنول نے-یقین جانیں جو خوشی ان دنوں حاصل ہوئی آج بھی سوچ کر ایک نشاطی لہر جسم میں سرایت کر جاتی ہے - صبح کا وقت تھا میرے ابو شیو کررہے تھےجب میں نے پہلی نظم کی بابت بتایا وہ فورا ٹی وی کے پاس آئے اور ہم سب نےمل کر چا چا جی کی زبانی وہ نظم سردی آئی سنی-
ریڈیو کی عادت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریڈیائی پروگرام سن سن کر مزید پختہ ہوئی اور ہر کام ریڈیو لگا کر کرنے لگے-کپڑے دھونا، استری کرنااور صفائی وغیرہ کے کام ریڈیو لگا کر ہی کرتے-ایک بار لاہورسٹیشن سے یاسمین طاہر کا پروگرام سورج کے ساتھ ساتھ سن لیا تو پھر اس کی جان نہ چھوڑی-ہم صرف پروگرام ہی نہیں سنتے تھے بلکہ بذریعہ خطاس کے مختلف سلسلوں میں بھی شرکت کرتے - جمیل ملک، ابصار عبد العلی اور یاسمین طاہر نےہزاروں مرتبہ ہمارا تذکرہ کیا ہوگاجب بھی یاسمین کنول پسرور پکارا جاتا بے پناہ خوشی ہوتی-یہ سلسلہ کئی سالوں پر محیط رہا-لکھتے، پڑھتے، سنتے، دیکھتے ہم نے بھی لکھنا شروع کر دیا - پتہ ہی نہیں چلا شاعری کا آغاز ہو گیا - ریڈیو پاکستان اسلام آباد کے پروگرام نوائے سروش کے میزبان منور ہاشمی کو خط لکھا کچھ غزلیں نظمیں اور جوابی خط بھی ارسال کر دیا - انہوں نے جواب میں لکھا کہ یہ شاعری آپ رکھ دیں، بعد میں دیکھئیے گا-پہلے ایک مصرعے پر لکھیں-تنہا بیٹھی سوچ رہی ہوں -
اس مصرعے پرسولہ شعر لکھ کر بھیجے جس میں نو بالکل درست قرار پائے گئے - منورہاشمی صاحب نے بتایا کہ آپ کے اندر لکھنے کے جراثیم ہیں اور مشق کے لیے ایک اور مصرعہ دے دیا - اس طرح چار پانچ مصرعے دیے اور ہم نے لکھ کر بھیج دئیے - آخر میں انہوں نے شاباش لکھ کر کہہ دیا آپ کو مزید رہنمائی کی ضرورت نہیں - آپ اچھا لکھتی ہیں-ہم نے سوچا ہم سے جان چھڑا نے کے لئے کہہ رہے مگر ان کی اعلی ظرفی کہ سعودی عرب جانے کے بعد بھی ہمارے خطوں کے جواب دیتے رہے-ڈاکٹر منور ہاشمی کو اسلام آباد کی ادبی دنیا بخوبی جانتی ہے اردو یونیورسٹی کے پروفیسر رہے ہیں - معروف صحافی اور کالم نگار غضنفر ہاشمی ان کے چھوٹے بھائی ہیں -
جمیل ملک، یاسمین طاہر اور ابصار عبد العلی میری نثری اور شعری تخلیقات اپنے پروگرام میں شامل کرتے رہے-میری پہلی کتاب خامشی جب کلام کرتی ہے - اشاعت سے پہلے ابصار صاحب اپنے پروگرام کلام آپ کا انتخاب ہمارا میں نشر کر چکے تھے-وہ بھی کیا دن تھےجب ہر ہفتے ہماری غزل کلام خاص کے تحت ابصار عبد العلی اپنی خوبصورت آواز میں پڑھتے تھے - اور درجنوں خطوط ہمارے نام آتے تھے-خطوط سے یاد آیا کی ریڈیو پر تو صرف یاسمین کنول پسرور ضلع سیالکوٹ ہماری شاعری کے ساتھ پڑھا جاتا تھااور اس ادھورے ایڈریس پر بھی ہمیں بےشمار خطوط مل جایا کرتے تھے-یہ خط لکھنے والوں کا خلوص تھایا ہمارے محلے کے ڈاکیے کا کمال، یہ بات آج تک سمجھ نہیں آئی - شروع میں والد صاحب ہمارے خط پڑھا کرتے تھےپھر بغیر کھولے ہی ہمارے حوالے کرنے لگے-ڈاکٹر محبوب عالم خوشاب، حاجی مختار احمد گوندل ملکوال، خادم حسین لنگڑیال ہارون آباد، افتخار خاور اوکاڑہ، جے کشن سنگھ ویر لدھیانہ بھارت اور بےشمار نام جو ہر ہفتے مجھے خط لکھا کرتے تھے - شادی اور نئی زندگی، نئی مصروفیات کے ساتھ یہ سلسلے کم ہوتے ہوتے ختم ہوگئے تاہم جے کشن سنگھ ویر ابھی بھی مجھے میری سالگرہ 18 نومبر کو فون کرتے ہیں-
بچے بڑے ہوئے سکولوں کالجوں میں پہنچےتو دوبارہ لکھنے کا سلسلہ شروع کیا - پہلی کتاب خامشی جب کلام کرتی ہے 2007ءدوسری کتاب آ نکھ میں سمندر 2014ءاورتیسری کتاب اکرام تبسم فن و فکر کے آئینے میں 2021 ء میں اور 2025ء میں بچوں کی دو کتابیں کہانیوں کا مجموعہ بھروسہ اور نظموں کا مجموعہ تتلی کی تلاش میں شائع ہوئیں - اب نعتیہ مجموعے کی تیاری ہے-
ہم صورت گر کچھ خوابوں کے، چاک، برشگال، الہام اور کئی اشتراکی کتابوں میں کلام شامل ہے - سلام خوشبو کے نام سے پانچ مختلف ممالک کی شاعرات کاکلام یکجا کیا گیا ہے جس میں میرا کلام بھی شامل ہے - یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں شبنم شاہین یاسمین کنول فن اور شخصیت کے عنوان سے اہم فل کا مقالہ لکھ چکی ہے-شہناز تبسم یونیورسٹی آف سرگودھا میں پسرور کی شاعرات کے تحت مقالہ لکھ چکی ہے-تاریخ سیالکوٹ میں میرا نام پسرور کے حوالے سے سرفہرست ہے جسے اشفاق نیاز نے مرتب کیا ہے -
جہاں تک کالم لکھنے کی بات ہےتو مقامی اخبارات نوائے شمال، صدائے پسرور، نوائے پسرور میں نوے کی دہائی میں کالم شائع ہوتے رہے ہیں - پروین شاکر کی وفات پر لکھا گیا کالم کافی پسند کیا گیا مصروفیات کی وجہ سے سے زیادہ نہیں لکھ سکی اب کوشش ہےکہ لکھوں اور اپنے شوق کی تکمیل کروں-
لاہور سے شائع ہونے والے پاک جمہوریت میں مضامین، افسانے، کہانیاں، انٹرویو، اور بچوں کی کہانیاں چار پانچ سال تواتر سے لکھتی رہی-وہاں سے باقاعدہ منی آرڈر آیا کرتے تھے-پاکیزہ میں بہت لکھا مدیرہ انجم انصار نے میرے کئی اشعار اپنے افسانوں میں استعمالؤ؛ کیے-اسی طرح آنچل کی بےشمار کہانیوں کے سرورق پر میرے اشعار شائع ہوتے رہے-خواتین، کرن، شعاع میں بھی چھپتی رہی-سیارہ اور اردومیں بھی تحریر یں شائع ہوئی - قرطاس، تخلیق، ادب لطیف، الحمرا اور نور میں بھی لکھا-
1995ءمیں آل پاکستان کہانی نویسی کا مقابلہ ہوا جس کے ججز میں مرزا ادیب بھی شامل تھے-اس مقابلے میں میری لکھی کہانی روشنی دوسرے نمبر پر آئی تھی-پانچ سو روپے انعامی رقم اور دو کتابوں کا تحفہ بذریعہ ڈاک پا کر بے حد خوشی ہوئی تھی-احمد ندیم قاسمی سےبھی قلمی رابطہ کیا ان کے دو عدد خوبصورت لکھائی میں لکھے خطوط میرے پاس محفوظ ہیں -
نوکری، گھراور بچے جب زندگی کا محور بن گئے تولکھنے لکھانے کا شوق راہ فرارپر نظر آیا - پھر بچوں کے رسالے پھول کے لیے لکھنا شروع کیا-بیس سالوں سے اس میں لکھ رہی-اسکی دس کانفرنسوں میں شرکت کی - بشری رحمان، توقیر ناصر، امجد اسلام امجد، اصغر ندیم سید، ناصر بشیر، نیلما درانی، عترت بتول، بشری باجوہ، تسنیم جعفری، نذیر انبالوی، نوید مرزا، ہارون الرشید تبسم عطاء الحق قاسمی اور بے شمار ادبی شخصیات سے ان کانفرنسوں میں ملاقات رہی-پھول گھر میں لانےاور اس میں لکھنے کا فائدہ یہ ہوَاکہ میرے پانچوں بچے اردو میں اچھے ہیں - انہیں کہانیاں سناتی تھی-بچے خود بھی رسالہ پڑھتے تھے - اب بھی پھول میں میری کوئی نہ کوئی تحریر شامل ہوتی رہتی ہے - نظم اور نثر دونوں ذریعہ اظہار استعمال کرتی ہوں -
میری شادی نارووال کے ایک گاؤں جلیل پور میں ہوئی چند سال ادھر رہی پھر ساس سسر کی وفات اور میاں کی اسلام آباد نوکری اور اپنی سروس اور دیگر مسائل کی وجہ سے پسرور آنا پڑا - بچے یہیں پڑھے، میاں ہر ماہ آتےاورہر چھٹیوں میں ہم دو ڈھائی ماہ کے لیے اسلام آباد رہتے-تیس سال سے یہ سلسلہ جاری ہے - مگر میں نے وہان کی ادبی سرگرمیوں میں شمولیت 2025ءسے شروع کی-اکادمی ادبیات کے بہت سے پروگراموں میں شرکت کی-نعتیہ مشاعروں اور محفل مسلمہ میں بھی اپنا کلام پیش کیا - افتخار عارف، ڈاکٹر بجیبہ عارف، حمید شاہد، فرخندہ شمیم، معظمہ تنویر، عائشہ مسعود، افشاں عباسی، رخسانہ سحر ،فاخرہ نورین، در شہوارتوصیف، جلیل عالی، مصورہ صلاح الدین رابعہ خان اکبر نیازی، انجم سلیمی رفعت وحید، رفعت انجم، اور بے شمار ادبی شخصیات سے ملاقاتیں رہیں - ان کے ساتھ مشاعروں میں بھی شرکت کی - آ رٹس کونسل راولپنڈی کے ہفتہ وار اجلاسوں میں بھی شرکت کی-حلقہ ارباب ذوق اسلام آباد کے پروگراموں میں بھی کافی مرتبہ شرکت کی - پنجابی پروگراموں میں بھی تین چار بار شمولیت کی اکادمی ادبیات پاکستان کے ادبی سلسلے چائے، باتیں اور کتابیں فیاض منیر بڑے احسن انداز میں چلارہے ہیں-ہر بدھ کو گردونواح کے اہل قلم کسی موضوع پر علمی، ادبی گفتگو کرتے ہیں - کمیٹی روم میں ذوالفقار علی بخاری بچوں کے ادب کے حوالے سے اہل قلمکی توجہ مبذول کرواتے ہیں - میں بھی مہینے میں ایک دو بار شرکت کرتی ہوں-
گزشتہ تین سال سے محفل حمد ونعت میں شرکت کے لئے سیالکوٹ جارہی ہوں - مقبول احمد شاکر اور ڈاکٹر فریحہ باجوہ ہوماہ کے پہلے اتوار کو حمدیہ نعتیہ محفل سجاتے ہیں - تقریباً تیس چالیس شعراء کرام شمولیت کرتے ہیں - یہ محفل روحانی سکون کا باعث بنتی ہے - نعت لکھنے اور پڑھنے کا جذبہ اجاگر کرتی ہے - اس محفل نعت کی صدارت جید اور معروف شعراء کرتےہیں-اس محفل میں عمرہ کے لئے قرعہ اندازی بھی ہوتی ہےاور شعراء کے لیے طعام کا بندوبست بھی ہوتا ہے-مہینے میں ایک بار چند گھنٹوں کے لیے روحانیت کا سفر باعث سکون بنتا ہے-
زندگی اتنی تیز رفتار ہو گئی ہے کہ وقت نکالنا مشکل لگتا ہے-مگر جب کوئی کام کرنا ہے تو اللہ وسیلہ بھی بنا دیتا ہےاور وہ کام بھی ہو جاتا ہے-میرے خاندان میں کوئی ادبی شخصیت نہیں گزری مگر ادب شناس ض. ضرور رہی ہیں-دادا جی سائیں حیات پسرور ی کو سنا کرتے تھے - ان کے ساتھ وقت گزارتے تھے-جبکہ والد ریڈیو ٹی وی، اخبارات و رسائل کے رسیا تھے-والدہ نے ان پڑھ ہونے کے باوجود سب بہن بھائیوں کو پڑھنے کی تلقین کی - الحمد للہ آج والدین کے بغیر بھی ہم سب بہن بھائی پیار، محبت سے اپنے اپنے گھروں میں رہتے ہیں - دلوں میں زمانے والی کدورت نہیں - یہ سب والدین کی دعاؤں کا ثمر ہے -
جہاں تک ایوارڈ کا تعلق ہے تو پسرور، سیالکوٹ، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی سے کئی ایوارڈ مل چکے ہیں - الحمد للہ میں کئی آن لائن مشاعروں میں ہر ماہ شرکت کرتی ہوں - بزم نعت اسلام آباد میں دوسال سے شمولیت ہے-ہر ماہ نئی نعت پیش کرتی ہوں - زندگی کا سفر جاری ہے - حیات کا ادبی قافلہ رواں دواں ہے-جب تک زندگی ہےقلم کا ساتھ رہے گا ان شا ء اللہ
مزید پڑھیں





