نئے صوبے بن سکتے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں،کیا سندھ مقدس گائے ہے؟ خالد مقبول صدیقی

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے کنوینر اور وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ملک میں جہاں ضرورت ہو، وہاں نئے صوبے بنائے جائیں، پنجاب میں نئے صوبے بن سکتے ہیں تو سندھ میں کیوں نہیں؟ کیا سندھ مقدس گائے ہے؟ نئے صوبوں کا مطالبہ نہ غداری ہے اور نہ سازش بلکہ انتظامی ضرورت ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کبھی صرف سندھ، کراچی یا مہاجر صوبے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ پورے پاکستان میں آبادی اور انتظامی ضروریات کے مطابق نئے صوبوں کے قیام کی بات کی ہے۔ اگر یہ مطالبہ پورے ملک کے لیے ہے تو پھر کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ میں خون ریزی کی دھمکیاں کیوں دی جارہی ہیں؟انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں نے جو مؤقف پہلے اختیار کیا تھا، آج پورا پاکستان اسی بات پر گفتگو کر رہا ہے۔ ہم دلیل دیتے ہیں اور جواب میں بھی دلیل کے منتظر ہیں، دھمکیوں کے نہیں۔ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دینے سے پہلے سوچنا چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی نے بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب پورے پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بات ہو رہی ہے تو پھر خون ریزی کی دھمکیاں صرف کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ کے لیے کیوں دی جارہی ہیں؟ انہوں نے امن و امان کے ذمہ دار اداروں سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو بھی اس معاملے پر ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے لوگ آزادی کا تحفہ لے کر پاکستان آئے تھے اور ان شہروں کی معاشی سرگرمیوں سے پورا صوبہ مستفید ہوتا ہے، لیکن انہی علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ان کے بقول کراچی سندھ کے بجٹ کی آمدن میں 97 فیصد حصہ ڈالتا ہے، جبکہ بعض اعدادوشمار میں یہ حصہ 93 فیصد بتایا جاتا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ اور سکھر سمیت دیگر شہروں سے صوبائی آمدن میں کتنا حصہ حاصل ہوتا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت کے درمیان بڑا فرق ہے، سیاسی قیادت اکثر سیاسی کارکنوں کے بجائے خاندانی اور موروثی بنیادوں پر سامنے آتی ہے، جس سے عوامی نمائندگی محدود ہوکر رہ جاتی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے واضح کیا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں نئے صوبے کے قیام کا مطالبہ تاریخی، معاشی اور انتظامی بنیادوں پر ہے اور اسے غداری یا سازش قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ان کے مطابق آبادی اور انتظامی ضروریات کے پیش نظر نئے صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں





