چیف جسٹس سے پاکستان بار کونسل کے وفد کی ملاقات، قانونی تعلیم کے معیار پر تبادلہ خیال

اسلام آباد: پاکستان بار کونسل کے وفد نے وائس چیئرمین پیر محمد مسعود چشتی کی قیادت میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے سپریم کورٹ میں ملاقات کی، جس میں ملک میں قانونی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے، پیشہ ورانہ معیارات مضبوط کرنے اور مستقبل کے وکلاء کی بہتر تربیت سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاکستان بار کونسل کے وفد نے ملاقات کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان کو ڈائریکٹوریٹ آف لیگل ایجوکیشن کی دو سالہ پیش رفت رپورٹ 2024-2026 بھی پیش کی۔ وفد نے چیف جسٹس کو قانونی تعلیم کے معیار میں بہتری اور پیشہ ورانہ معیارات کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں قانون کی تعلیم فراہم کرنے والے اداروں کی نگرانی، قانونی نصاب میں بہتری اور وکلاء کے لیے مسلسل قانونی تعلیم اور عملی تربیت کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ معیاری قانونی تعلیم ایک باصلاحیت قانونی برادری اور مؤثر نظامِ انصاف کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی تعلیم میں عملی مہارت اور پیشہ ورانہ اخلاقیات کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ مستقبل کے وکلاء کی بہتر پیشہ ورانہ تیاری کے لیے بار، قانونی تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ شراکت داروں کے درمیان مسلسل تعاون ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں قانونی تعلیم کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مسلسل ادارہ جاتی روابط اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
مزید پڑھیں





