بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کا مشترکہ آپریشن، 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی غیر قانونی شراب ضبط

کراچی: پاکستان نیوی اور دیگر اداروں نے بحیرہ عرب میں مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھاری مالیت کی غیر قانونی شراب ضبط کر لی، ضبط شدہ شراب کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے۔
پاکستان نیوی، پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر اور اے این ایف سندھ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بحیرہ عرب میں ایک بے ریاست کشتی کو روک کر اس کی تلاشی لی۔
کارروائی کے دوران غیر قانونی شراب کی بھاری کھیپ برآمد ہوئی، جو غیر قانونی تقسیم کے لیے لے جائی جا رہی تھی، ضبط شدہ شراب مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف سندھ کے حوالے کر دی گئی۔
حکام کے مطابق آپریشن خفیہ معلومات کے تبادلے اور مختلف اداروں کے باہمی تعاون سے کامیابی سے مکمل کیا گیا، مشترکہ کارروائی کا مقصد سمندری حدود کے تحفظ اور اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف اقدامات کو مؤثر بنانا ہے۔
مزید پڑھیں





