Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

نورستان سے متعلق افغان طالبان حکومت کے الزامات بے بنیاد ہیں، وزارت اطلاعات و نشریات


اسلام آباد: پاکستان نے نورستان میں مبینہ تشدد کا الزام پاکستان پر عائد کرنے کے افغان طالبان حکومت کے دعوؤں کو مکمل طور پر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے سابق افغان سکیورٹی اہلکاروں کو بھرتی یا تربیت دینے کے الزام کی بھی سختی سے تردید کی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان داعش سمیت افغانستان میں سرگرم کسی بھی دہشتگرد گروہ کو کوئی سہولت فراہم نہیں کر رہا۔

وزارتِ اطلاعات نے واضح کیا کہ پاکستان کے ملوث ہونے کے دعوے کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ ثبوت کے طور پر دکھائی گئی مبینہ ویڈیو میں چند غیر مسلح افراد نظر آتے ہیں جو نہ تو مناسب لباس میں ہیں اور نہ ہی ان کے پاس کوئی قابلِ ذکر ساز و سامان موجود ہے۔ بیان کے مطابق یہ ویڈیو بظاہر افغان طالبان حکومت کی جانب سے پہلے سے ترتیب دی گئی معلوم ہوتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ افغانستان میں دہشتگرد عناصر کی موجودگی عالمی اداروں کی رپورٹس میں پہلے ہی دستاویزی طور پر ثابت شدہ ہے، اور افغان سرزمین سے سرگرم دہشتگرد تنظیمیں پاکستان اور خطے کے امن کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔

وزارتِ اطلاعات نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشتگرد تنظیموں کے خلاف قابلِ اعتماد اور قابلِ تصدیق کارروائی کرے اور اپنے اس وعدے کو عملی جامہ پہنائے کہ افغان سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ طالبان حکومت کی جانب سے پاکستان پر عائد کیے گئے الزامات دراصل داخلی اختلافات سے توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہیں۔