20 سال بعد پاکستان میں سمندر سے تیل و گیس کی تلاش دوبارہ شروع، ترک سروے جہاز جلد کراچی پہنچے گا

پاکستان میں تقریباً 20 سال بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے جا رہی ہیں۔ ترک پیٹرولیم کمپنی کا سیسمک سروے جہاز 17 سے 20 نومبر کے درمیان کراچی پہنچے گا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت ترک جہاز کی آمد کے انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں جہاز کی آمد، سیکیورٹی، سمندری اور آپریشنل انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر پٹرولیم نے ترک جہاز کا ذاتی طور پر استقبال کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور ترکیہ کی دوستی اور مکہ معاہدے کے بعد ایک اہم سنگ میل ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ آف شور تیل و گیس کی تلاش میں ترکیہ کو مکمل معاونت فراہم کریں گے، پاکستان اور ترکیہ کی یہ تاریخی کامیابی نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔
اجلاس میں ترک پیٹرولیم کمپنی کے پراجیکٹ منیجر نے پاکستانی حکام کے تعاون پر اظہار تشکر کیا، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو جہاز کی آمد اور سمندر میں تلاش کے آپریشنز کے لیے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
مزید پڑھیں





