Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

پاکستان انڈر 19 کی انگلینڈ کو 200 رنز سے شکست


پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ انڈر 19 کو چوتھے اور آخری ون ڈے میں 200 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر چار میچز کی سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔ انگلینڈ میں کھیلی جانے والی چار میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 350 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ فرحان یوسف نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 80 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان اور جہانگیر بلال نے بھی 79، 79 رنز بنائے۔ 350 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ انڈر 19 کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ مزاحمت نہ کرسکی اور پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اس طرح پاکستان نے میچ 200 رنز کے واضح مارجن سے جیت لیا اور سیریز بھی 1-3 سے اپنے نام کرلی۔ سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ انڈر 19 نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف 2 رنز سے شکست دی تھی۔ انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے تھے، جبکہ ہدف کے تعاقب میں پاکستان انڈر 19 کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنا سکی تھی۔ پاکستان کے رضوان اللہ نے اس میچ میں 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس سے قبل سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستان انڈر 19 نے انگلینڈ کو 122 رنز سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں عبدالقادر نے جارحانہ سنچری اسکور کرکے پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ سیریز کے پہلے ون ڈے میں بھی پاکستان انڈر 19 نے میزبان انگلینڈ کو 177 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔ یوں پاکستان نے چار میچز کی سیریز میں تین کامیابیاں حاصل کرکے سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔