وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو عالمی بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد کی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو رائل اسلامک اسٹریٹجک سٹڈیز سینٹر کی جاری کردہ 500 بااثر مسلم شخصیات کی فہرست میں مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آنے پر مبارکباد کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔
مسلم لیگ ن کے چیف وہپ رانا محمد ارشد کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد کے متن کے مطابق یہ اعزاز پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کے عالمی کردار اور ملک کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کا اعتراف ہے، جس میں مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ اور آپریشن بنیان المرصوص کے دوران ملکی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے بھرپور دفاع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی عسکری قیادت، افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی و سفارتی مشاورت کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
قرارداد میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور اسلام آباد میں امن مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مشترکہ سفارتی کوششوں سمیت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے معاشی استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور قومی سلامتی کے لیے سیاسی و عسکری قیادت کی خدمات کو سراہا گیا۔
مزید پڑھیں





