جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

رشتوں سے دور ہوتی نسل، تحریر :سید ساجد علی شاہ

نقطہ نظر
sajid ali shah

ہم ایک ایسے دور میں داخل ہو چکے ہیں جہاں دنیا سمٹ کر موبائل فون کی اسکرین میں آ گئی ہے مگر انسان ایک دوسرے سے فاصلے بڑھاتا جا رہا ہے، رابطوں کے ذرائع پہلے سے کہیں زیادہ ہیں لیکن دلوں کے درمیان رابطہ کمزور پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ کبھی گھر کے صحن میں بیٹھ کر بزرگوں کی باتیں سننا بہن بھائیوں کے ساتھ چھوٹی چھوٹی باتوں پر ہنسنا رشتہ داروں کے گھر بے تکلفی سے جانا اور کسی کے دکھ میں شریک ہونا ہماری زندگی کا معمول ہوا کرتا تھا مگر آج یہ معمول آہستہ آہستہ قصہ ماضی بنتا جا رہا ہے۔ ہماری نئی نسل رشتوں کی اہمیت سے ناواقف نہیں لیکن شاید رشتوں کو وقت دینے کی عادت سے محروم ہوتی جا رہی ہے ہم نے اپنے بچوں کو دنیا کی دوڑ میں آگے بڑھنے کے طریقے تو سکھائے مگر انہیں یہ سمجھانے میں کہیں پیچھے رہ گئے کہ زندگی کی اصل خوبصورتی اپنے لوگوں کے ساتھ جڑے رہنے میں ہے، آج ایک ہی گھر میں کئی افراد موجود ہوتے ہیں مگر ہر شخص اپنی الگ دنیا میں مصروف دکھائی دیتا ہے کسی کے ہاتھ میں موبائل فون ہے کوئی سماجی ذرائع ابلاغ پر دوستوں کے ساتھ گفتگو کر رہا ہے کوئی ویڈیوز دیکھنے میں مصروف ہے اور کوئی اپنے پسندیدہ کھیل یا پروگرام میں گم ہے۔ گھر میں خاموشی تو نہیں ہوتی لیکن وہ آوازیں بھی نہیں ہوتیں جو کبھی خاندان کی رونق ہوا کرتی تھیں ، والدین بچوں سے بات کرنا چاہتے ہیں مگر بچے اپنی مصروفیات میں الجھے ہیں بہن بھائی ایک دوسرے کے پاس بیٹھنے کے باوجود ایک دوسرے سے بے خبر ہیں یہ صورت حال کسی ایک گھر کی نہیں بلکہ ہمارے معاشرے کے بہت سے گھروں کی مشترکہ تصویر بنتی جا رہی ہے ، ہم ایک دوسرے کے قریب رہ کر بھی فاصلے محسوس کرنے لگے ہیں۔کبھی رشتوں کی پہچان صرف خوشی کے موقع پر نہیں بلکہ عام دنوں میں بھی ہوتی تھی کسی کے گھر چائے پینے چلے جانا کسی بزرگ کی خیریت دریافت کرنا کسی بیمار کے پاس بیٹھنا کسی بچے کی کامیابی پر خوش ہونا اور کسی کے غم میں خاموشی سے شریک ہو جانا زندگی کا حصہ تھا۔ ان ملاقاتوں کے لیے نہ کسی دعوت نامے کی ضرورت ہوتی تھی اور نہ ہی خاص دن کا انتظار کیا جاتا تھا، آج ملاقاتیں اکثر کیلنڈر میں درج ہوتی ہیں فون پر خیریت پوچھنے کے لیے بھی وقت نکالنا پڑتا ہے اور بعض رشتوں کو نبھانے کے لیے انسان کو بار بار یاد دہانی کرانی پڑتی ہے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے محبت خلوص اور اپنائیت بھی ہماری مصروف زندگی کے کسی گوشے میں رکھ کر بھول گئے ہیں۔ اس تبدیلی کا ذمہ دار صرف نئی نسل کو قرار دینا بھی درست نہیں ، بچے وہی سیکھتے ہیں جو انہیں اپنے بڑوں کے کردار میں دکھائی دیتا ہے اگر والدین اپنے بہن بھائیوں سے تعلقات کمزور کر لیں بزرگوں کی قدر نہ کریں رشتہ داروں کے ساتھ صرف ضرورت کے وقت رابطہ رکھیں اور گھر میں محبت کے بجائے شکایتوں کو جگہ دیں تو بچے بھی اسی ماحول میں پروان چڑھتے ہیں۔ تربیت صرف نصیحتوں سے نہیں ہوتی بلکہ عملی زندگی کے رویوں سے ہوتی ہے ، ہم اگر چاہتے ہیں کہ ہماری اولاد رشتوں کا احترام کرے تو ہمیں خود بھی رشتوں کو احترام محبت اور برداشت کے ساتھ نبھانا ہوگا بچے ہمارے الفاظ سے زیادہ ہمارے عمل کو یاد رکھتے ہیں۔معاشی مشکلات روزگار کی مصروفیات مہنگائی تعلیم اور زندگی کے بڑھتے ہوئے تقاضوں نے بھی انسان کو تھکا دیا ہے۔ ہر شخص اپنے گھر بچوں اور مستقبل کی فکر میں مصروف ہے یہ مصروفیت اپنی جگہ حقیقی ہے مگر اگر ہم زندگی کی تمام ترجیحات میں رشتوں کو آخری نمبر پر رکھ دیں تو ایک وقت ایسا بھی آ سکتا ہے جب ہمارے پاس وسائل تو ہوں گے مگر ان وسائل کی خوشی بانٹنے والے لوگ کم ہوں گے، ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ رشتے کسی اضافی ذمہ داری کا نام نہیں بلکہ زندگی کی بنیادی ضرورت ہیں انسان تنہا کامیابی حاصل کر سکتا ہے مگر تنہائی میں کامیابی کا لطف ہمیشہ ادھورا رہتا ہے۔ سماجی ذرائع ابلاغ نے ہمیں دنیا بھر کے لوگوں سے متعارف کرایا مگر بعض اوقات ہمارے اپنے لوگوں سے دوری کا سبب بھی بن گئے، ہم اجنبیوں کی تصاویر پر تبصرے کرتے ہیں دوسروں کی زندگیوں میں دلچسپی لیتے ہیں مگر اپنے گھر میں موجود کسی فرد کے چہرے پر چھپی پریشانی کو نظرانداز کر دیتے ہیں ہم کسی دور دراز دوست کی سالگرہ یاد رکھتے ہیں مگر اپنے کسی بزرگ کی تنہائی محسوس نہیں کرتے یہ ٹیکنالوجی کا قصور نہیں بلکہ اس کے استعمال میں ہماری ترجیحات کا مسئلہ ہے۔ موبائل فون انٹرنیٹ اور جدید ذرائع زندگی کو آسان بنانے کے لیے ہیں مگر انہیں محبت اور انسانی تعلقات کا متبادل نہیں بننا چاہیے۔ رشتے ہمیشہ بڑی قربانیوں سے نہیں بلکہ چھوٹی چھوٹی محبتوں سے زندہ رہتے ہیں ، کسی کو وقت دینا اس کی بات توجہ سے سننا غلطی پر معاف کر دینا ناراضی میں پہل کرنا کسی کے گھر چلے جانا اور بغیر کسی غرض کے خیریت دریافت کرنا ایسی باتیں ہیں جن کی کوئی قیمت نہیں مگر ان کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ بعض اوقات ایک مختصر فون کال کسی تنہا شخص کے چہرے پر مسکراہٹ لے آتی ہے ایک ملاقات برسوں کی ناراضی ختم کر دیتی ہے اور ایک محبت بھرا جملہ کسی کے دل میں امید جگا دیتا ہے۔ ہمیں رشتوں کی قدر اس وقت نہیں کرنی چاہیے جب کوئی ہم سے جدا ہو جائے بلکہ اس وقت کرنی چاہیے جب وہ ہمارے درمیان موجود ہو۔ ہماری نسل اگر رشتوں سے دور ہوتی جا رہی ہے تو اسے واپس قریب لانے کی ذمہ داری بھی ہم سب پر ہے ہمیں گھروں میں گفتگو کے لیے وقت نکالنا ہوگا بچوں کو خاندانی تعلقات کی اہمیت سمجھانی ہوگی بزرگوں کی خدمت کو عزت کا مقام دینا ہوگا اور اپنی ناراضیوں کو انا کی دیواروں میں قید نہیں کرنا ہوگا۔ زندگی بہت مختصر ہے اور نہ جانے کون سا دن ہماری آخری ملاقات ثابت ہو جائے اس لیے رشتوں کو بوجھ نہیں بلکہ نعمت سمجھیں اپنی مصروفیات میں اپنوں کے لیے جگہ پیدا کریں کیونکہ جب زندگی کے سفر میں شام اترتی ہے تو انسان کو سب سے زیادہ اپنے لوگوں کی محبت ان کی آواز اور ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحوں کی یاد آتی ہے , اگر ہم نے آج رشتوں کو وقت نہ دیا تو شاید آنے والی نسل کے پاس سہولتیں بہت ہوں گی مگر اپنائیت کی وہ دولت نہیں ہوگی جو کبھی ہمارے گھروں کی اصل پہچان ہوا کرتی تھی ذرا نہیں پورا سوچیے