جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

رتبہ یا کردار،تحریر: رمشاء اصغر

نقطہ نظر

صبح کی نرم دھوپ شہر کی بلند و بالا عمارتوں پر سنہری چادر بچھا رہی تھی۔ سڑکوں پر گاڑیوں کا شور، لوگوں کی تیز رفتار زندگی اور بازاروں کی رونق معمول کے مطابق جاری تھی۔ انہی عمارتوں کے درمیان ایک شاندار ادارہ تھا، جس کے صدر دروازے پر اس کے سربراہ، سکندر صاحب، کا نام سنہری حروف میں درج تھا۔

سکندر صاحب شہر کی ایک بااثر شخصیت تھے۔ قیمتی لباس، مہنگی گاڑی اور بلند منصب ان کی پہچان تھے۔ انہیں اپنی عزت و توقیر کا خاص خیال تھا۔ ان کے نزدیک انسان کی قدر اس کے عہدے اور معاشرتی حیثیت سے متعین ہوتی تھی۔

اسی ادارے کے دروازے پر بابا رحمت نامی ایک بوڑھا دربان بھی تعینات تھا۔ سفید داڑھی، سادہ لباس اور چہرے پر مستقل مسکراہٹ! اس کی تنخواہ معمولی تھی، مگر ظرف بہت وسیع تھا۔ وہ ہر آنے والے کو سلام کرتا اور کسی ضرورت مند کو نظرانداز نہ کرتا۔

ایک روز ادارے میں ایک بڑی تقریب منعقد ہونے والی تھی۔ ہال میں قیمتی فانوس روشن تھے، میزوں پر پھولوں کے گلدستے سجے تھے اور مہمانوں کی آمد کا انتظار کیا جا رہا تھا۔

سکندر صاحب کو ایک بزرگ سماجی کارکن کی آمد کا انتظار تھا، جنہوں نے انہیں ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزازی سند پیش کرنی تھی۔ وہ بار بار گھڑی دیکھتے اور اپنے ملازمین سے ان کی آمد کے متعلق دریافت کرتے۔

اسی دوران ایک بوڑھا شخص ادارے کے صدر دروازے پر پہنچا۔ اس کے کپڑے معمولی اور ہاتھ میں ایک لفافہ تھا۔

"بیٹا! مجھے سکندر صاحب سے ملنا ہے۔"

بابا رحمت نے احترام سے اسے بٹھایا اور پانی پیش کیا۔ ابھی وہ اطلاع دینے ہی والا تھا کہ سکندر صاحب وہاں آ پہنچے۔

بوڑھے کو دیکھ کر ناگواری سے بولے: "یہ کون ہے؟ ایسے لوگوں کو اندر بٹھانے کی کیا ضرورت ہے؟ آج شہر کے معزز مہمان آنے والے ہیں۔"

بابا رحمت نے دھیمے لہجے میں کہا: "صاحب! انسان کی ضرورت اور عزت کا تعلق اس کے لباس سے تو نہیں ہوتا۔" سکندر صاحب نے اسے خاموش رہنے کا حکم دیا۔ انہیں کیا معلوم تھا کہ جس شخص کا وہ انتظار کر رہے ہیں، وہی ان کے سامنے موجود ہے۔ ان کی نگاہوں میں اس بزرگ کی ظاہری حالت نے اس کی اصل پہچان کو چھپا دیا تھا۔

بوڑھا شخص خاموشی سے اٹھا اور واپس چلا گیا۔

کچھ دیر بعد تقریب اپنے عروج پر تھی۔ ہال تالیوں سے گونج رہا تھا۔ سکندر صاحب اسٹیج پر بیٹھے اپنی خدمات کے قصیدے سن رہے تھے کہ اچانک خبر آئی کہ باہر ایک بزرگ حادثے میں زخمی ہو گئے ہیں۔ سب لوگ پریشان تو ہوئے، مگر کسی نے آگے بڑھنے کی زحمت نہ کی۔

بابا رحمت فوراً باہر نکلا اور زخمی شخص کو اسپتال پہنچانے کا انتظام کیا۔ جب اسے معلوم ہوا کہ زخمی بزرگ وہی شخص ہیں جنہیں کچھ دیر پہلے دروازے سے واپس بھیجا گیا تھا تو اس کے دل میں مزید ہمدردی پیدا ہوئی۔

دوسری طرف سکندر صاحب تقریب میں مصروف رہے۔ انہیں حادثے کی اطلاع تو ملی، مگر انہوں نے خود اسپتال جانے کے بجائے اپنے ایک ملازم کو بلایا اور اعزازی سند والا لفافہ اس کے حوالے کرتے ہوئے کہا:

"یہ لفافہ اس بزرگ کے گھر پہنچا دو۔ انہیں بتا دینا کہ یہ سند ان کی آمد کے لیے تیار رکھی گئی تھی۔"

ملازم لفافہ لے کر روانہ ہو گیا۔ جب وہ بزرگ کے گھر پہنچا تو معلوم ہوا کہ وہ ایک معروف سماجی کارکن ہیں اور برسوں سے ضرورت مندوں کی مدد کرتے آ رہے ہیں۔ ملازم نے لفافہ ان کے اہلِ خانہ کے حوالے کیا اور واپس لوٹ آیا۔

اگلے روز جب سکندر صاحب کو بابا رحمت سے معلوم ہوا کہ بزرگ نے برسوں پہلے اس کے بیٹے کے علاج میں مدد کی تھی تو وہ حیران رہ گئے۔

"تم نے ان کی مدد کیوں کی؟" سکندر صاحب نے پوچھا۔ بابا رحمت نے جواب دیا: "صاحب! یہ برسوں پہلے میرے بیٹے کے علاج میں مدد کر چکے ہیں۔ میں نے آج صرف اپنا انسانی فرض ادا کیا ہے۔ انسان کی پہچان اس کے لباس یا منصب سے نہیں، اس کے اعمال سے ہوتی ہے۔"

سکندر صاحب کی نگاہیں جھک گئیں۔ انہیں پہلی مرتبہ احساس ہوا کہ جس شخص کو وہ معمولی دربان سمجھتے رہے، وہ کردار کے اعتبار سے ان سے کہیں بلند تھا۔ بابا رحمت نے آہستگی سے کہا: "صاحب! کرسی انسان کو اختیار دیتی ہے، احترام نہیں۔ احترام تو وہ دولت ہے جو اچھے کردار سے حاصل ہوتی ہے۔"

اگلی صبح ادارے کے دروازے پر ایک نئی تختی آویزاں تھی:

"انسان کی قدر اس کے منصب سے نہیں، اس کے کردار سے کیجیے۔"

سکندر صاحب کے لیے وہ ایک معمولی سا واقعہ نہیں، بلکہ زندگی کا ایک بڑا سبق تھا۔ انہیں سمجھ آ چکی تھی کہ رتبہ انسان کو لوگوں کی نظروں میں بڑا بناتا ہے، مگر کردار اسے دلوں میں جگہ دیتا ہے۔ عہدے وقت کے ساتھ بدل جاتے ہیں، دولت چھن جاتی ہے، لیکن اچھے کردار کی خوشبو زمانوں تک باقی رہتی ہے۔