قائمہ کمیٹی اجلاس میں سپریم کورٹ کا انٹرنیٹ ڈاؤن ہونے کا انکشاف

اسلام آباد: سینیٹر پلوشہ خان کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، جس میں ٹیلی کام کمپیٹیشن قواعد کو نوٹیفائی کرنے سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں ٹیلی کام کمپنیوں سے مشاورت کے لیے قائمہ کمیٹی نے وزارتِ آئی ٹی کو 15 دن کی مہلت دے دی۔کمیٹی کو پی ٹی سی ایل کی نجکاری کے بقایاجات کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اس معاملے پر قائمہ کمیٹی برائے نجکاری اور آئی ٹی کا مشترکہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران سپریم کورٹ میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا معاملہ بھی سامنے آیا۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے بتایا کہ سپریم کورٹ اور کوئٹہ رجسٹری کے درمیان لنک آپس میں نہیں جڑ رہا تھا۔چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ اسلام آباد میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے متعلق شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی اے نے کمیٹی کو یقین دہانی کرائی کہ پورے ملک میں انٹرنیٹ سروسز سے متعلق ایک ماہ میں بریفنگ دی جائے گی۔





