جمعرات، 19 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

شبِ ہجرت، تحریر: عائشہ گُل

ayeshagul

"ملنے کے نہیں، نایاب ہیں ہم"

​کہتے ہیں کچھ راتیں محض تقویم کے ورق الٹتی ہیں اور کچھ راتیں تاریخ کا دھارا اور کائنات کی تقدیر بدل دیتی ہیں۔ مگر "شبِ ہجرت" وہ تاریخ ساز رات ہے۔ جس نے نہ صرف ایک نئے دور کی بنیاد رکھی، بلکہ انسانیت کو محبت، ایثار اور رفاقت کا وہ لاجواب درس دیا جس کی نظیر پوری کائنات میں نہیں ملتی۔


ایک تاریک غار، دو جلیل القدر ہستیاں اور تین دن تین راتوں پر محیط وہ طویل راز و نیاز، جسے الفاظ کی سچی مالا میں پرونا گویا سورج کو مٹھی میں بند کرنے کی نادان کوشش کے مترادف ہے۔ آج جب میں اس مبارک موضوع پر قلم اٹھا رہی ہوں، تو انگشت بدہن اور لرزاں دل کے ساتھ یہ احساس بھی دامن گیر ہے کہ اس عظیم عنوان کی روح کے ساتھ کتنا انصاف ہو پائے گا۔ پروردگارِ عالم کی بارگاہ میں عاجزانہ دعا ہے کہ وہ میری اس حقیر سی کوشش کو شرفِ قبولیت بخشے اور اس مبارک نسبت کا حق ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔


​سوچو تو سہی،وہ رقت آمیز اور ایمان افروز منظر کیسا ہوگا جب رحمتِ للعالمین، جن کے نعلینِ پاک کے تصدق سے یہ پوری کائنات وجود میں آئی، وہ اپنے جاں نثار اور وفادار ترین رفیق کے کندھے کے سہارے اندھیری گھاٹیوں کی نا ہموار راہوں سے گزر رہے ہوں گے۔ خاردار جھاڑیاں ان کے قدموں کو چھو رہی ہوں گی، مگر عشقِ الٰہی میں مست یہ قافلہ سالارِ محبت ہر خارِ راہ کو مسکراہٹ کے ساتھ گلے لگا رہا ہوگا۔ یہ محض ایک شہر سے دوسرے شہر ہجرت کا سفر نہیں تھا، بلکہ یہ زمین پر محبت، وفا اور جاں نثاری کا وہ لازوال اعلان تھا جس نے آنے والی صدیوں کو سکھا دیا کہ خلوصِ نیت اور دوستی کا حق کیسے ادا کیا جاتا ہے۔


​راستے کے ہر موڑ پر صدیقِ اکبرؓ کی بے قراری دیدنی تھی۔ کبھی آپ ﷺ کی دائیں جانب آ جاتے، کبھی بائیں جانب، کبھی قدموں کی حفاظت کے لیے آگے ہو جاتے اور کبھی پسِ منظر کی نگہبانی کے لیے پیچھے چلنے لگتے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے شفقت بھرے لہجے میں پوچھا: "اے ابوبکر! ایسا کیوں کرتے ہو؟" تو آپ نے ادب سے عرض کیا: "یا رسول اللہ! مجھے اس بات کا خیال رہتا ہے کہ کہیں دشمن آگے سے نہ آ جائے، تو میں پہلے اس کا سامنا کروں، اور کبھی دل کہتا ہے کہ پیچھے سے خطرہ نہ ہو، تو میں عقب میں ہو جاتا ہوں۔"


​پھر غارِ ثور کی تنگ و تاریک گھاٹی کا وہ پر اسرار منظر نگاہوں کے سامنے گھوم جاتا ہے، جہاں ہوائیں بھی ادب سے سانس لیتی ہوں گی۔ وہاں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے دستِ مبارک سے غار کی صفائی کی،اپنی قمیض کا دامن پھاڑ کر اس کے تمام سوراخ بند کیے تاکہ کوئی موذی کیڑا، سانپ یا زہریلا جانور ان کے محبوب کو تکلیف نہ پہنچا سکے۔ اپنی جان کی ایک پل کے لیے بھی پروا کیے بغیر وہ ہر شگاف کو کپڑے سے ڈھانپتے رہے، یہاں تک کہ ایک آخری سوراخ باقی بچ گیا اور اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر آپ نے اس پر اپنا پاؤں رکھ دیا۔


​روایات میں آتا ہے کہ غار کے اندر ایک شگاف پر پاؤں رکھے ہوئے جب کافی طویل گھڑیاں بیت گئیں، تو اس سوراخ سے نکلنے والے زہریلے جانور نے ڈس لیا۔ درد کی شدید لہر جسم میں دوڑ گئی، زہر رگ و پے میں اتر گیا، مگر زبان پر شکوہ تو کیا، آہ تک نہ آئی؛ صرف ضبط کی انتہا اور درد کی شدت سے آنکھوں سے آنسو چھلک کر رخساروں پر بہ نکلے۔ جب رحمتِ عالم ﷺ کی آنکھ کھلی اور آپ نے صدیقِ اکبرؓ کی آنکھ سے آنسو رواں دیکھے تو اضطراب کی حالت میں وجہ پوچھی۔ آپ نے کانپتی آواز میں عرض کیا: "یا رسول اللہ! میرے ماں باپ آپ پر قربان ہوں، مجھے سانپ نے ڈس لیا ہے۔" آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا شفا بخش لعابِ دہن وہاں لگایا، تو درد اس سرعت سے غائب ہوگیا جیسے کبھی وجود ہی نہ رکھتا ہو۔


​جب کفار غار کے دھانے تک آن پہنچے، قدموں کی چاپ قریب آنے لگی، تو اس نازک ترین لمحے میں حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا دل دھڑک اٹھا۔ آپ نے لرزتے ہوئے عرض کیا: "یا رسول اللہ! اگر ان میں سے کسی نے جھانک کر اپنے پاؤں کے نیچے دیکھا، تو وہ ہمیں دیکھ لے گا۔" اس پر حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کمالِ تبسم اور اطمینانِ قلب سے فرمایا: "لا تحزن ان اللہ معنا، غم نہ کرو، بے شک اللہ ہمارے ساتھ ہے۔" کیسی مسحور کن تسلی تھی یہ صدیق کے لیے! ایک محبوب، ایک محب، اور تیسرا ربِ کائنات کی نصرت و معیت! یہی وہ الٰہی لمحہ تھا جس نے صدیقِ اکبرؓ کے تمام اندیشوں کو طمانیت اور سکون میں بدل دیا۔


​حضرت ابوبکر صدیق کی اس والہانہ وارفتگی کو یاد کر کے آنکھیں نم ہو جاتی ہیں۔ یہ وہ مقام ہے جسے دیکھ کر حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ جیسے جلیل القدر صحابی نے بھی حسرت سے فرمایا تھا: "کاش میری تمام زندگی کی عبادتیں اور نیکیاں صدیقِ اکبرؓ کی اس ایک رات کے بدلے میں ہوتیں، جو انہوں نے غارِ ثور میں مصطفیٰ کریم ﷺ کی معیت میں گزاری!"


​یہ کوئی ایک شام کا قصہ نہیں تھا، یہ مسلسل تین دن اور تین راتوں پر پھیلا ہوا عشق و وفا کا طویل باب تھا۔ ہر طویل رات محبوب اور محب کے درمیان راز و نیاز کا انوکھا استعارہ بن جاتی تھی۔ کبھی مصطفیٰ کریم ﷺ اپنے یارِ غار کی ان بے پناہ عنایات، قربانیوں اور خدمات پر شفقتیں نچھاور فرماتے، تو کبھی صدیقِ اکبر اپنے محبوب کی خدمت کو ہی کل کائنات اور زندگی کا سب سے بڑا اعزاز مانتے۔


​کیسے نایاب اور بے مثال ہیرے تھے یہ دونوں! جنہوں نے اپنے نور کو غار کی اس چھوٹی سی تنگ کوٹھری میں محدود کر لیا تھا۔ باہر اندھیرا اور کفر کا طوفان تھا، لیکن غار کے اندر تو صرف نور ہی نور کا راج تھا۔ حضرت صدیقِ اکبرؓ کو یہ شرفِ خدمت مسلسل حاصل رہا، اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے صدیقِ اکبر کی ان وفاؤں پر بے پناہ تسکین محسوس فرماتے رہے۔ یہ رشتہ محض ظاہری رفاقت کا نام نہیں تھا، یہ اس اعلیٰ ترین محبت کا ثبوت تھا جس نے صدیق کو انبیاء کے بعد تمام انسانوں میں سب سے افضل و اعلیٰ ثابت کر دیا۔


​آج جب ہم پر آشوب دور کے اندھیروں میں اس شبِ ہجرت کی شمع کو یاد کرتے ہیں، تو روح کے نہاں خانوں سے یہ صدا اٹھتی ہے کہ کاش ہم بھی اس پاکیزہ عقیدت اور وفا کے کسی سفر کا ادنیٰ سا حصہ بن سکتے۔ مگر یہ بلند مقام صرف صدیقِ اکبرؓ کے لیے مقدر تھا۔ شبِ ہجرت ہمیں یہ ابدی سبق دیتی ہے کہ محبت کبھی سودے بازی نہیں مانگتی، محبت تو سراسر قربانی کا دوسرا نام ہے۔ یہ دردِ دل سہنے اور محبوب کی ایک رضامندی و مسکراہٹ پر دنیا و مافیہا کو لٹا دینے کا ہنر ہے۔ یا ربِ کائنات! ہمیں بھی ایسی ہی سچی، کھری اور جاں نثار محبت عطا فرما، جو صدیقِ اکبرؓ کی اس بے مثال محبت اور بندگی کے سامنے سرِ تسلیم خم کر دے۔ آمین یا رب العالمین!