ایک ایسا جملہ جو ہم روزانہ بولتے ہیں اور سمجھتے ہیں۔جس کی تکرار شب روز کا حصہ ہے، کہ ہم نے شکر ادا کر دیا۔ لیکن کیا واقعی ہم نے شکر ادا کیا ہے؟ یا ہم نے اپنے شکوے کو شکر کا نام دے دیا ہے؟
آئیں زرا آج اس کے راز عیاں کرنے کی کوشش کرتے ہیں، جانتے ہیں کہ شکر یا پھر شکوہ؟
یہی وہ دھوکہ ہے جس میں آج کا انسان زندگی بھر رہتا ہے۔ وہ شکوہ کرتا ہے، کہانی سناتا ہے، دکھ بیان کرتا ہے، اور آخر میں کہہ دیتا ہے، شکر اللہ کا،اللہ پاک جس حال میں رکھے میں راضی ہوں، اور خود کو شکر گزار سمجھتا ہے۔
شکر اور شکوہ دو ایسے الفاظ ہیں جو باہمی مطابقت رکھتے ہیں، لیکن ان کے معنی و مفہوم بہت الگ ہیں۔اور یہ اپنی روح میں ایک دوسرے کے مخالف ہیں۔ ایک انسان کو اللہ سے جوڑتا ہے دوسرا اسے اللہ سے دور کر دیتا ہے۔ ایک دل کو روشن کرتا ہے، دوسرا دل کو تاریک کر دیتا ہے۔ ایک زندگی کو وسعت دیتا ہے، دوسرا زندگی کو تنگ کر دیتا ہے۔
اصل شکر زبان سے ادا نہیں ہوتا، دل سے ادا ہوتا ہے۔ اصل شکر مصیبت کے پہلے لمحے میں ہوتا ہے، جب انسان کے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہوتا، سوائے اس کے کہ اے اللہ، میں راضی ہوں تیری رضا پر، میرا ہر حال تجھ پر عیاں ہیں۔
مصیبت آتی ہے تو دل کانپتا ہے، آنکھیں نم ہوتی ہیں سانسیں رک سی جاتی ہیں، اور زبان شکوے پر آکھڑی ہوتی ہے۔ انسان اپنے دکھ گن گن کر بیان کرتا ہے، اپنی محرومیاں دہراتا ہے، اپنی ناتمامیوں کا تذکرہ کرتا ہے، اور اس طویل شکوے کے اختتام پر بڑی سادگی سے کہہ دیتا ہے، شکر اللہ کا۔
کیا یہ شکر ہے؟ نہیں۔ یہ شکر نہیں ہے۔ یہ وہ شکوہ ہے جس نے شکر کا لبادہ اوڑھ لیا ہے۔ یہ وہ آہ ہے جس نے الحمد للہ کا روپ دھار لیا ہے۔
شکر وہ نہیں کہ انسان سب کچھ سنا کر آخر میں اللہ کا نام لے اگر یہ کہانی سنانے سے پہلے کہا ہوتا تو شکر۔۔۔۔کہانی سنانے کے بعد کہا تو یہ شکوہ ہوا،جیسے ہم شکر کا نام دیتے ہیں۔ شکر وہ ہے کہ انسان کچھ بھی نہ سنائے، دل ہی دل میں اللہ کی رضا کو تھام لے۔ آنسو آنکھوں سے بہیں تو بہ جانے دے، دل دھڑکے تو دھڑکے، لیکن زبان پر شکوہ نہ آئے۔ زبان پر الحمد للہ آئے،دل میں شکر کا احساس اترے۔
ہم نے شکر کو صرف خوشیوں کا مہمان بنا دیا ہے۔ جب دولت ملے تو شکر، جب کامیابی ملے تو شکر، جب صحت ملے تو شکر، جب اولاد مسکرائے تو شکر، جب گھر میں سکون ہو تو شکر۔ اور جب یہ سب نہ ملے تو شکوہ۔ گویا اللہ کا شکر صرف نعمتوں پر ہے، آزمائش پر نہیں۔ کیا آزمائش اللہ کی نعمت نہیں؟ کیا دکھ اللہ کی عطا نہیں؟ کیا آنسو اللہ کی یاد نہیں؟
ہمارے معاشرے کا یہ دستور ہے کہ وہ پہلے اپنی ساری کہانی سنا کر، ہر دکھ کو لفظوں میں پرو کر، ہر محرومی کو کھول کر بیان کرتے ہیں، ہر زخم کو گن کر دکھاتے ہیں، اور پھر آخر میں بڑی سادگی سے کہتے ہیں، یا اللہ تیرا شکر ہے۔ میں نے تو صبر ہی کر لیا، جس حال میں میرا اللہ رکھے میں اس حال میں راضی ہوں۔
اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے:
لَئِن شَكَرْتُمْ لَأَزِيدَنَّكُمْ
ترجمہ: اگر تم شکر کرو گے تو میں تمہیں اور زیادہ عطا کروں گا۔ (سورۃ ابراہیم: 7)
اللہ نے شکر کرنے والوں کو زیادہ دینے کا وعدہ کیا ہے، لیکن ہم شکر کی جگہ شکوہ کرتے ہیں، اس لیے ہماری زندگی میں اضافہ نہیں، کمی ہوتی ہے۔ ہماری آنکھوں میں نمی رہتی ہے، ہمارے دلوں میں بے چینی رہتی ہے، ہماری زندگیوں میں بے برکتی رہتی ہے۔ وجہ یہ ہے کہ ہم نے شکر کو چھوڑ دیا ہے اور شکوے کو اپنا لیا ہے۔
ہمارے معاشرے میں شکر کا نام شکر نہیں رہا۔ ہمارے معاشرے میں شکر کا دوسرا نام شکوہ ہو گیا ہے۔ ہم شکوہ کرتے ہیں اور اسے شکر سمجھتے ہیں۔ ہم کہانی سناتے ہیں اور اسے شکر سمجھتے ہیں۔ ہم دکھ بیان کرتے ہیں اور اسے شکر سمجھتے ہیں۔
اگر ہم اپنے اسلاف کی زندگیوں پر نظر دوڑائیں تو ہمیں علم ہوگا کہ بڑی سے بڑی مشکلات میں بھی انہوں نے شکر کیا، کبھی شکوہ نہیں کیا۔ شکوہ کرنا تو بہت دور کی بات ہے، انہوں نے زبان پر یہ لفظ بھی نہیں لیا۔ ہمیشہ اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان کی۔ ان کے دلوں میں شکر تھا، ان کی زبانوں پر الحمد للہ تھا، ان کی زندگیوں میں سکون تھا۔
کیا ہم نے کبھی ان کی زندگیوں پر عمل کر کے اپنی زندگیاں سنوارنے کی کوشش کی ہے؟ یقیناً جواب ہوگا، نا۔ کیونکہ ہمارے پاس اتنی فرصت ہی نہیں ہے کہ ہم اپنے اسلاف کو جانیں، انہیں پڑھیں، انہیں سوچیں کہ آخر انہوں نے جو زندگیاں گزاری ہیں، اس میں ہمارے لیے کیا اہم پہلو ہے، کیا سبق ہے۔
لیکن آج ہماری زندگی میں اس قدر مصروفیت ہے کہ ہمیں ان اسلاف کے متعلق جاننے کا موقع ہی نہیں ملتا۔ ہم صبح سے رات تک دنیا کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ کبھی موبائل کی دنیا میں کھوئے ہوئے ہیں، کبھی لوگوں کی باتوں میں الجھے ہوئے ہیں، کبھی اپنی ہی کہانیاں سنانے میں مصروف ہیں۔ ہم نے اصل کو چھوڑ کر نقل کو اپنا لیا ہے۔ ہم نے سیرت کو چھوڑ کر دنیا کو اپنا لیا ہے۔ ہم نے شکر کو چھوڑ کر شکوے کو اپنا لیا ہے۔
اصل شکر گزار وہ ہے جو ہر حال میں کہے، الحمد للہ علی کل حال۔ اچھے حال میں بھی الحمد للہ، برے حال میں بھی الحمد للہ۔ اس کا دل ہر موسم میں کھلا رہتا ہے۔ اس کی روح ہر آزمائش میں روشن رہتی ہے۔
شکر گزار انسان حسد نہیں کرتا، کیونکہ اسے یقین ہے جو اسے ملا ہے وہی اس کے لیے بہترین ہے۔ شکر گزار انسان لالچ نہیں کرتا، کیونکہ اس کا دل بھرا ہوا ہے۔ شکر گزار انسان دوسروں کی دولت دیکھ کر آہ نہیں بھرتا، وہ اپنی نعمتوں کو گنتا ہے۔ شکر گزار انسان دوسروں کی زندگی دیکھ کر شکوہ نہیں کرتا، وہ اپنی زندگی میں اللہ کی عطا کو دیکھتا ہے۔
صدمہ جب آتا ہے تو انسان دو راہوں کے سنگم پر کھڑا ہوتا ہے۔ ایک راہ شکوے کی ہے، دوسری راہ شکر کی ہے۔ شکوے والی راہ انسان کو اللہ سے دور کرتی ہے، دل کو تاریک کرتی ہے، زندگی کو تنگ کر دیتی ہے۔ شکر والی راہ دل کو وسعت دیتی ہے، روح کو سکون دیتی ہے، انسان کو اللہ کی محبت سے روشن کر دیتی ہے۔
قابل غور نکتہ! کیا کبھی آپ نے محسوس کیا جس انسان نے کبھی شکوہ نہیں کیا، اس کے چہرے پر کتنا نور ہوتا ہے؟ اس کی آنکھوں میں کتنا ٹھہراؤ ہوتا ہے؟ وہ غریب ہو کر بھی بادشاہ لگتا ہے، کیونکہ اس کا دل اللہ کی یاد سے آباد ہے۔ اس کے برعکس جو انسان ہر وقت شکوہ کرتا ہے، وہ امیر ہو کر بھی فقیر لگتا ہے۔ اس کے پاس سب کچھ ہو کر بھی دل خالی ہوتا ہے، کیونکہ اس نے شکر کو کبھی اپنا رفیق بنایا ہی نہیں۔
میری زندگی میں جب بھی صدمہ آیا، میں نے یہی سیکھا کہ پہلے آنسو آئیں گے، دل دھڑکے گا، سانسیں رک سی جائیں گی، لیکن زبان پر شکوہ نہیں آنا چاہیے۔ زبان پر آنا چاہیے۔اے اللہ، تیرا شکر ہے، جو تیرا فیصلہ ہے وہ میرے لیے بہتر ہے۔ یہی اصل شکر ہے۔
اگر انسان واقعی شکر گزار ہو جائے تو اس کی زندگی بدل جاتی ہے۔ اس کی سوچ بدل جاتی ہے، اس کا دل بدل جاتا ہے، اس کی آنکھوں کا دیکھنا بدل جاتا ہے۔ وہ ہر چیز میں اللہ کی نعمت دیکھتا ہے۔ وہ ہر آزمائش میں اللہ کی محبت دیکھتا ہے۔ وہ ہر دکھ میں اللہ کی عطا دیکھتا ہے۔
آج کے معاشرے کو دیکھو تو ہر زبان شکوے سے آلودہ ہے۔ کوئی رزق کا شکوہ کرتا ہے، کوئی اولاد کا، کوئی شوہر کا، کوئی بیوی کا، کوئی ماں باپ کا، کوئی قسمت کا، کوئی زمانے کا۔ ہر دل میں شکوہ ہے، ہر آنکھ میں شکوہ ہے۔ اور پھر ہم خود کو شکر گزار بھی کہتے ہیں۔ یہ کیسا دوغلا پن ہے کہ زبان پر شکوہ ہے اور دعوے شکر کے
یاد رکھیں ! شکر وہ نہیں جو لفظوں میں بیان ہو، شکر وہ ہے جو دل میں اتر جائے۔ شکر وہ نہیں جو لوگوں کو سنایا جائے، شکر وہ ہے جو اللہ کو سنایا جائے۔ شکر وہ نہیں جو خوشی میں کہا جائے، شکر وہ ہے جو آزمائش میں کہا جائے۔
جو انسان آزمائش میں شکر کر گیا، اللہ نے اس کی زندگی کو جنت بنا دیا۔ جو انسان آزمائش میں شکوہ کر گیا، اس نے اپنی زندگی کو زندان بنا دیا۔ فرق دولت کا نہیں، فرق دل کا ہے۔ فرق حال کا نہیں، فرق شکر کا ہے۔
اے اللہ، ہم تیری بارگاہ میں حاضر ہیں، ہمارے ہاتھ خالی ہیں، ہمارے دل ٹوٹے ہوئے ہیں، لیکن ہماری زبان پر تیرا شکر ہے۔ ہمیں ان لوگوں میں شامل فرما دیجئے۔ جنہوں نے کبھی شکوہ نہیں کیا۔ ہمیں ان لوگوں میں شامل فرما دیجئے جن کے دلوں میں ہمیشہ الحمد للہ رہا۔ ہمیں سچا شکر گزار بنا دیجئے، ایسا شکر گزار جس کا شکر صرف لفظوں میں نہیں، اس کی زندگی میں نظر آئے۔ یااللہ ہمیں اپنے اصل کی پہچان نصیب فرما دیجئے،جو ہماری آخری منزل ہے۔ آمین یا رب العالمین۔
مزید پڑھیں



