پیر، 16 نومبر، 2026
Baaghi TV Logo
ٹرینڈنگ

برداشت ہی انسانیت ہے، تحریر:عظمیٰ شیخ

نقطہ نظر

آج 16 نومبر برداشت کا عالمی دن سچ پوچھیں تو پہلے میں نے سوچا اس دن میں منانے والی کیا بات ہے؟ ہم ہر وقت برداشت کی بات تو کرتے ہیں لیکن کیا ہم واقعی برداشت کرتے ہیں؟ میں نے خود سے یہ سوال پوچھا تو جواب اتنا آسان نہیں تھا۔

میں سچ کہوں گی میں کامل نہیں ہوں۔ میرا بھی صبر جواب دے جاتا ہے۔ جب کوئی ایسی بات کہہ دے جو مجھے پسند نہ آئے تو دل کرتا ہے فوراً جواب دوں۔ لیکن پھر میں رک جاتی ہوں۔ سوچتی ہوں، اس سے کیا حاصل ہوگا؟ کچھ نہیں بس اور شور اور دکھ۔

میں نے برداشت اپنے گھر میں دیکھی ہے, میری امی صابر خاتون تھیں۔ وہ سب کی بات سنتی تھیں، چاہے انہیں اختلاف ہی کیوں نہ ہو۔ وہ اپنی بات منوانے کے لیے کبھی اونچی آواز میں نہیں بولیں۔ وہ کہتی تھیں، بیٹا پہلے سنو، پھر بولو۔ اگر سن لو گی تو آدھا جھگڑا وہیں ختم ہو جائے گا,تب مجھے یہ بات سمجھ نہیں آتی تھی مگر آج آتی ہے ـ

ہمارے گھر میں سب کی سوچ الگ ہےمیرے بچے مجھ سے الگ سوچتے ہیں، میرے شوہر کی رائے بھی الگ لیکن کھانے کی میز پر بحث ہو جاتی ہے۔ ہم نے کبھی ایک دوسرے کی عزت کرنا نہیں چھوڑی میرے لیے یہی برداشت ہوتی ہے کہ ہر بات پر متفق ہونا لازمی نہیں بس دوسرے کو ویسا ہی قبول کرنا ہے جیسے ہم سب ہیں ـ

گھر سے باہر یہ کام اور مشکل ہوتا ہے،سوشل میڈیا پر لوگ چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑ پڑتے ہیں، ایک پوسٹ ایک کمنٹ اور سب غصے میں آ جاتے ہیں۔ میں کبھی کمنٹ پڑھتی ہوں تو دل اداس ہو جاتا ہے۔ ہم اتنی جلدی فیصلہ کیوں سنا دیتے ہیں؟ پھر بھی ہم سب سے سخت الفاظ لکھ دیتے ہیں۔

مجھے لگتا ہے ہم نے تہذیب سے اختلاف کرنا بھول گئے ہیں،اختلاف تو عام بات ہے میری سہیلی کسی اور فرقے اورجماعت کو پسند کر سکتی ہے۔ میری پڑوسن الگ طریقے سے عبادت کر سکتی ہے۔ اس سے وہ میر ی دشمن نہیں ہو جاتیں وہ بھی میری طرح انسان ہی ہیں ـ

دین نے ہمیں یہ ہی سکھایا ہے۔ ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سب سے زیادہ برداشت کرنے والے تھے کافروں نے انہیں تکلیف دی،ان کا مذاق اڑایا پتھر برسائے گئے بدلے میں ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کیا کیا؟

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ان کے لیے دعا فرمائی درگزر کرکےانہیں معاف کر دیا۔ اگر ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم معاف کر سکتے تھے تو ہم چھوٹی چھوٹی باتوں پر ناراض کیوں رہیں؟

میں اپنے اردگرد عورتوں کو دیکھتی ہوں، وہ روز اس کا سامنا کرتی ہیں کوئی عورت بولے تو لوگ کہتے ہیں بولتی بہت ہے۔ کوئی فیصلہ کرے تو کہتے ہیں بدل گئی ہے کیوں؟ عورت کا بھی دماغ ہے، دل ہے، رائے ہے۔ اسے بولنے دیں، اسے فیصلہ کرنے دیں۔ برداشت کا مطلب یہ بھی ہے کہ عورت کو بھی وہی درجہ دیں جو مرد کو دیتے ہیں۔

ہمارے بچےہمیں دیکھ کر سیکھتے ہیں ـ

اگر ہم چیخ کر بات کریں گے تو وہ بھی چیخ کر بات کریں گے اگر ہم نفرت کریں گے تو وہ نفرت سیکھیں گے ، ہم صبر دکھائیں گے تو وہ صبر سیکھیں گے اس لیے ہمیں خود اپنے آپ کو بدلنا ہوگاـ

میں یہ نہیں کہتی کہ برداشت کرنا آسان ہے بہت مشکل کام ہے غصہ کرنا گالی دینا آسان ہے۔ لیکن مشکل یہ ہے کہ پرسکون رہیں، سنیں، اور کہیں ٹھیک ہے میں تم سے متفق نہیں ہوں،لیکن میں تمہاری رائے کی عزت کرتی ہوں۔


آج خود سے ایک چھوٹا سا وعدہ کرتے ہیں ، زیادہ سننے کی عادت ڈالیں گے آپ ے فیصلے کم سنائیں گے دوسروں کے موقف کو سمجھیں گے، اگر کوئی بات پسند نہ بھی آئے تو خاموش رہیں گےیا نرمی سے اپنی بات سمجھائیں گے اپنے بچوں کو بھی یہی سکھانا ہےـ

مجھے کوئی کامل دنیا نہیں چاہیے۔ مجھے بس ایک مہربان دنیا چاہیے۔ ایسی دنیا جہاں ہم اختلاف کے باوجود ایک ساتھ چائے پی سکیں۔

اگر ہم سب تھوڑی تھوڑی کوشش کریں تو ہمارے معاشرے میں بہتری لائی جا سکتی ہے