29 نومبر کو مختلف قوم پرست جماعتوں کی ریلیوں کی درخواستیں موصول، تصادم اور بدامنی کا خدشہ، آئی جی سندھ

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا ہے کہ کراچی میں 29 نومبر کو قوم پرست جماعتوں اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی جانب سے ریلیاں نکالنے کے لیے درخواستیں موصول ہوئی ہیں، تاہم ان ریلیوں کی اجازت دینے یا نہ دینے کا حتمی فیصلہ محکمہ داخلہ سندھ کرے گا۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ مختلف سیاسی اور قوم پرست جماعتوں کی جانب سے 29 نومبر کو کراچی میں ریلیوں کے انعقاد کے لیے درخواستیں جمع کروائی گئی ہیں۔ ان درخواستوں پر فیصلہ کرنے کا اختیار محکمہ داخلہ سندھ کے پاس ہے اور اسی کی جانب سے اجازت سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس نہیں چاہتی کہ مختلف سیاسی گروپس یا جماعتیں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف کمیونٹیز کے درمیان براہ راست آمنا سامنا ہونے سے کشیدگی اور فساد کا خدشہ پیدا ہوسکتا ہے، اس لیے صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاط برتنا ضروری ہے۔
جاوید عالم اوڈھو نے واضح کیا کہ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور مختلف جماعتوں یا گروپس کے درمیان کسی قسم کا تصادم نہ ہو۔ ریلیوں کی اجازت سے متعلق حتمی فیصلہ محکمہ داخلہ سندھ کرے گا، جبکہ پولیس کی توجہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے پر مرکوز ہے۔
مزید پڑھیں





