ٹائٹس برامبل پاکستان فٹبال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مقرر

سابق پریمیئر لیگ فٹبالر ٹائٹس برامبل کو پاکستان کی مینز سینئر قومی فٹبال ٹیم کا نیا اسسٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے سوشل میڈیا پر برامبل کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ انگلش فٹبال کا قیمتی تجربہ پاکستانی قومی ٹیم میں لے کر آئیں گے۔ ٹائٹس برامبل نے 2000 سے 2013 تک 13 سال پریمیئر لیگ میں فٹبال کھیلی اور اس دوران 200 سے زائد میچز میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے پروفیشنل فٹبال کیریئر کا آغاز اِپس وچ ٹاؤن سے کیا، جس کے بعد نیو کاسل یونائیٹڈ کا حصہ بنے۔ نیو کاسل کے ساتھ پانچ سالہ وابستگی کے دوران انہوں نے تمام مقابلوں میں مجموعی طور پر 156 میچز کھیلے۔ برامبل بعد ازاں ویگن ایتھلیٹک اور پھر سنڈرلینڈ سے بھی منسلک رہے۔ کھیل سے ریٹائرمنٹ سے قبل انہوں نے اسٹو مارکیٹ ٹاؤن میں پلیئر کوچ کی ذمہ داری بھی سنبھالی، جبکہ 2018 میں پروفیشنل فٹبال سے باقاعدہ ریٹائرمنٹ لے لی۔ سابق فٹبالر نے انگلینڈ کی انڈر 21 ٹیم کی نمائندگی بھی کی اور 10 میچز کھیلے، تاہم انہیں انگلینڈ کی سینئر قومی ٹیم میں جگہ بنانے کا موقع نہیں ملا۔ پروفیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹائٹس برامبل نے کئی سال اِپس وچ ٹاؤن کی اکیڈمی میں کام کیا اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کے شعبے سے وابستہ رہے۔ بعد ازاں وہ دبئی منتقل ہوئے جہاں کوچنگ کے شعبے میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ پاکستان کی قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے برامبل کی تقرری انہیں ایک واقف چہرے کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی۔ پاکستان کے موجودہ ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو ماضی میں نیو کاسل یونائیٹڈ میں ٹائٹس برامبل کے ساتھی رہ چکے ہیں۔ دونوں نے 2002 سے 2007 کے دوران نیو کاسل یونائیٹڈ کی جانب سے 83 میچز ایک ساتھ کھیلے تھے اور اب کئی برس بعد پاکستان کی قومی ٹیم میں ایک مرتبہ پھر ایک ساتھ کام کریں گے۔ دونوں کی ذمہ داری پاکستان ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے اور آئندہ مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کو تیار کرنے میں اہم ہوگی۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق ٹائٹس برامبل ایسے وقت میں قومی ٹیم کا حصہ بنے ہیں جب پاکستان فیفا آسیان کپ اور مستقبل کے دیگر چیلنجز کی تیاری کر رہا ہے۔ نئے اسسٹنٹ کوچ کی شمولیت کا مقصد قومی ٹیم کی تیاریوں اور کوچنگ کے عمل میں ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانا ہے۔





