شہزادہ ولیم کے دیہی گھر میں چوری کی کوشش ناکام، 2 ملزمان گرفتار

پرنس اور پرنسس آف ویلز کے دیہی گھر میں چوری کی کوشش کے دوران 2 افراد گرفتار کرلیے گئے۔ لندن سے میڈیا رپورٹ کے مطابق پولیس کو پیر کی شام شہزادہ ولیم کے نورفک میں واقع گھر میں چوری کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت گھر خالی تھا، کنزنگٹن پیلس نے معاملے پر تبصرے سے گریز کیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یہ گھر سینڈرنگھم اسٹیٹ میں واقع ہے۔ نورفوک پولیس علاقے کی تلاشی کے لیے سراغ رساں کتوں، ڈرونز اور ہیلی کاپٹر کی مدد حاصل کی اور اسٹیٹ سے دو افراد کو گرفتار کیا جو پولیس کی تحویل میں ہیں۔
پرنس ولیم اور ان کی اہلیہ یہاں مستقل طور پر رہائش پذیر نہیں ہیں، تاہم وہ تعطیلات کے دوران اسے دیہی تفریحی مقام کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ 10 بیڈ رومز پر مشتمل اینمر ہال 2011 میں شادی کے بعد آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کی جانب سے شاہی جوڑے کو تحفے میں دیا گیا تھا۔
سرخ اینٹوں سے تعمیر جارجیائی طرز کا یہ عالی شان گھر نورفوک میں واقع نجی سینڈرنگھم اسٹیٹ میں ہے اور شاہ چارلس کی نجی رہائش گاہوں میں شامل سینڈرنگھم ہاؤس سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے۔
پرنس اور پرنسس آف ویلز کی مرکزی رہائش گاہ برکشائر میں ونڈسر کیسل اسٹیٹ پر واقع ہے
مزید پڑھیں





